URDUSKY || NETWORK

کراچی ٹیسٹ کا پہلا روز ختم، آسٹریلیا کے 3 وکٹوں پر 251 رنز

کراچی ٹیسٹ کا پہلا دن اختتام پذیر ہوگیا، مہمان ٹیم نے عثمان خواجہ کی شاندار سنچری کی بدولت 3 وکٹوں پر 251 رنز بنالیے۔

22

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے مہمان ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اس مجموعے پر ڈیوڈ وانر 36 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے 9 رنز بعد یعنی 91 پر ان فارم بیٹسمین مارنس لبوشین کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹے، انہیں ساجد خان نے رن آؤٹ کیا۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز عثمان خواجہ نے ذمہ دارانہ اننگز جاری رکھی جنہوں نے اپنی 11ویں سنچری بنائی۔

اسٹیوین اسمتھ کے ساتھ انہوں نے 159 رنز کی شراکت بنائی اور ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کروایا۔

جہاں دونوں تجربہ کار بلے بازوں کی پارٹنر شپ قومی ٹیم کے لیے خطرناک دکھائی دے رہی تھی وہاں حسن علی نے نئی گیند کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 72 رنز بنانے والے اسمتھ کو سلپ میں کیچ آؤٹ کروادیا اور اس طرح 250 پر آسٹریلیا 3 اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی۔

دن کے اختتام پر عثمان خواجہ 127 اور نیتھن لائن بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود رہے جو اگلے روز بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔

راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے آج سے کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کا آغاز کر کے سیریز میں برتری حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردیں۔

خیال رہے کہ اس میچ میں قومی ٹیم میں حسن علی اور فہیم اشرف کی واپسی ہوئی ہے اور انہیں نسیم شاہ اور افتخار احمد کی جگہ پر کھلایا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم میں کون کون شامل ہے؟

پاکستانی ٹیم میں کپتان بابراعظم، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، اظہرعلی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، نعمان علی، ساجد خان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم میں کون کون شامل ہے؟

آسٹریلیا کی ٹیم میں عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لبوشین، اسٹیوین اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، مچل سوئپسن اور نیتھن لائن شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پنڈی میں ڈرا ہوگیا تھا جبکہ تیسرا میچ لاہور میں 21 مارچ سے شروع ہوگا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلا جائے گا۔

بشکریہ : سوشل میڈیا، جنگ