URDUSKY || NETWORK

میسی ریکارڈ چھٹی مرتبہ ‘بیلن ڈی اور’ جیتنے میں کامیاب

36

ارجنٹینا اور بارسلونا کے عالمی شہرت یافتہ سپراسٹار لیونل میسی نے کیریئر میں چھٹی مرتبہ سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ بیلن ڈی اور اپنے نام کردیا۔

32سالہ فٹبالر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چیٹیلیٹ تھیٹر میں منعقدہ تقریب میں ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ امریکا کی ورلڈ کپ سپر اسٹار میگن ریپی نو نے ویمن فٹبال کا بیلن ڈی اور جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

میسی نے 2015 کے بعد پہلی مرتبہ بیلن ڈی اور جیتا ہے اور اپنے روایتی حریف کرسٹیانو رونالڈو پر برتری حاصل کر لی ہے جو اب تک پانچ بیلن ڈی اور جیت چکے ہیں۔

فٹبال کے سب سے بڑے ایوارڈ تصور کیے جانے والے بیلن ڈی اور کا انعقاد ایک فرانسیسی میگزین کرتا ہے جس میں دنیا بھر کے صحافی بہترین فٹبالر کے ایوارڈ کے لیے ووٹ کرتے ہیں۔

اس ایوارڈ کے لیے میسی کا مقابلہ لیورپول کے کپتان وین دجک اور کرسٹیانو رونالڈو سے تھا جس میں میسی ایوارڈ جیتنے میں کامیابی رہے جبکہ پورے سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے لیورپول اسٹار دوسرے اور رونالڈو تیسرے نمبر پر رہے۔

لیونل میسی گزشتہ ایک سال سے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جہاں اب تک سال 2019 میں کھیلے گئے 54میچوں میں 46گول اسکور کر چکے ہیں جبکہ لا لیگا کے 34 میچوں میں 36گول اسکور کرکے انہوں نے گزشتہ سیزن میں بارسلونا کو چیمپیئن بنوانے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ایوارڈ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ میں نے آج سے 10سال قبل پیرس میں ہی اپنا پہلا بیلن ڈی اور جیتا تھا اور مجھے آج بھی یاد ہے کہ میں 22سال کی عمر میں اپنے تین بھائیوں کے ہمراہ یہاں آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں ابھی چند سال مزید فٹبال کھیل سکتا ہوں ، میں جانتا ہوں کہ میری عمر بڑھ رہی ہے اور میں ان لمحوں سے زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں کیونکہ میری ریٹائرمنٹ کے دن قریب آتے جا رہے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ 2010 کے بعد پہلا موقع ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو ابتدائی دو کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

امریکی اسٹار فٹبالر میگن ریپی نو ویمن بیلن ڈی اور کی فاتح قرار پائیں— فوٹو: اے ایف پی

یاد رہے کہ 2008 سے 2017 تک لگاتار 10سال تک یہ ایوارڈ لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو ہی کے درمیان تقسیم ہوتا رہا اور دونوں نے اس عرصے میں پانچ، پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا لیکن گزشتہ سال کروشیا کے لوکا موڈرچ نے اس جمود کا خاتمہ کرتے ہوئے یہ ایوارڈ اپنے نام کر لیا تھا۔

دوسری جانب ویمن ورلڈ کپ کی اسٹار امریکا کی میگن ریپی نو نے ناروے کی ایڈا ہیگربرگ کو مات دے کر بیلن ڈور جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ریپی نو نے ورلڈ کپ کے دوران چھ گول اسکور کر کے گولڈن بوٹ ایوارڈ کے ساتھ ساتھ بہترین کھلاڑی کا گولڈن بال ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

انہوں نے نیدرلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ فائنل میں اپنی ٹیم کی طرف سے پہلا گول اسکور کیا تھا جس کی بدولت امریکا نے فائنل میں 0-2 سے کامیابی حاصل کر کے ورلڈ چیمپیئن کا تاج سر پر سجا لیا تھا۔