URDUSKY || NETWORK

پہلا ٹیسٹ: بہتر آغاز کے بعد قومی ٹیم کو مشکلات، 6 کھلاڑی آؤٹ

185

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کے اوپنرز کے بہتر آغاز کے بعد بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی اور 100 کے مجموعی اسکور کے اندر ہی 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

بریسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ابتدا سے ہی پاکستانی ٹیم کے اوپنر شان مسعود اور اظہر علی نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی، تاہم وکٹ پر موجود رہے اور ڈرنکس کے وقفے تک قومی ٹیم نے 13 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 33 رنز بنالیے۔

وقفے کے بعد دونوں بلے بازوں نے کھیل کو جاری رکھا اور پاکستانی ٹیم نے 25 اووز 4 بالز پر 50 رنز کا ہندسہ پورا کیا۔

دونوں اوپنرز نے ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کرتے ہوئے اسکور 75 رنز تک پہنچایا تھا کہ شان مسعود 97 گیندوں پر 27 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند کا شکار بن گئے۔

شان مسعود کا آؤٹ ہونا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے پولین لوٹنے کی لائن لگ گئی اور 75 کے ہی مجموعی اسکور پر اظہر علی 104 گیندوں پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد کریز پر موجود حارث سہیل اور اسد شفیق میں بھی کوئی پارٹنر شپ نہ ہوسکی اور بائیں ہاتھ کے بلے باز حارث سہیل صرف ایک رنز بنا کر 77 کے مجموعی اسکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

ان کے جانے کے بعد اگلے آنے والے بلے باز بابر اعظم تھے جو صرف ایک رنز بنا سکے اور وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔

78 کے مجموعی اسکورز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد اسد شفیق اور افتخار احمد نے ٹیم کا اسکور کچھ آگے ہی بڑھایا تھا کہ 94 کے مجموعی اسکور پر افتخار احمد بھی 46 ویں اوورز میں صرف 7 رنز بنا کر نیتھن لیون کا شکار بنے۔

آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد قومی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی اور انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 46 اوورز 4 بالز پر 100 رنز مکمل کیے۔

جس کے بعد قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمن اسد شفیق اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور چائے کے وقفے تک پاکستانی ٹیم نے 52 اوورز میں 5 وکٹ پر 125 رنز بنا لیے تھے۔

وقفے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو دونوں کھلاڑی اسکور کو آگے بڑھارہے تھے کہ 143 کے مجموعی اسکور پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 34 گیندوں پر 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا پر موجود پاکستان کی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی تھی۔ اس سیریز میں ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبر ایک پاکستان کو آسٹریلیا سے 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔