URDUSKY || NETWORK

برسبین: آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز، 5 رنز سے شکست دے دی

38

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے قومی ٹیم کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دے دی۔

برسبین میں کھیلی جارہی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 335 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا میں جاری ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو شان مسعود نے 27 اور بابر اعظم نے 22 رنز کے ساتھ بیٹنگ کا دوبارہ آغاز کیا لیکن شان مسعود زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 15 رنز کے اضافے کے بعد 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

شان مسعود کے بعد نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد بھی صرف 4 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

بالآخر 5 وکٹوں کے نقصان کے بعد بابراعظم اور محمد رضوان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 132 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس دوران بابر اعظم نے ٹیسٹ کیرئیر میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی اور 104 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم کے بعد بیٹنگ لائن سنبھالنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی 95 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ان کے بعد یاسر شاہ بھی 324 کے مجموعی اسکور پر 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

یاسر شاہ کے بعد شاہین شاہ آفریدی 18 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور عمران خان جونیئر 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری اننگز نے آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ نے 4، مچل اسٹارک نے 3 اور ہیٹ کمنز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ناتھن لیون نے ایک وکٹ لی۔

خیال رہے کہ برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں گرین شرٹس نے اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 580 رنز بنانے کے بعد پاکستان پر 340 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔

گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 340 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد پاکستان کی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا اور 64 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔

جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنائے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 276 رنز درکار ہیں۔