URDUSKY || NETWORK

وزیراعظم کو استعفیٰ پیش کر دیا ہے، عثمان بزدار

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔

32

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزارت اعلیٰ کا منصب وزیراعظم عمران خان اور عوام کی امانت ہے، ملک و قوم اور پارٹی کے مفاد میں استعفیٰ دیا ہے، استعفے کی منظوری کے بعد وزارت اعلیٰ چھوڑ دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں اور رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہیں تو باقی سب چیزیں بھی رہیں گی، وزیراعظم عمران خان میرے قائد ہیں، ان کے ہر حکم پر لبیک کہوں گا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، اصل چیز پارٹی اور عوام سے کمٹمنٹ ہوتی ہے، محض عوام کی خدمت کیلئے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا اور دن رات کام کیا ہے۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل کی خاطر وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھائیں گے۔

واضح رہے کہ فرخ حبیب نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ق لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار اور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کردیا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے پرویزالٰہی کو پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

بشکریہ: جنگ، سوشل میڈیا