URDUSKY || NETWORK

پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کی واپسی | ایشین گیمز میں بھارت ہوتایا سری لنکا سب کو ہرادیتے،ثنا میر

93

لاہور/ملتان … سولہویں ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان سمیت چار کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کا لاہور پہنچنے پر بھی پرتپاک استقبال کیا گیا۔پی سی بی ویمن ونگ کی چیئرپرسن بشریٰ اعتزاز کھلاڑیوں کے اہلخانہ اور سیکڑوں مداحوں نے قومی کھلاڑیوں پر پھولوں کی برسات کی۔ قومی ٹیم کی کپتان ثنا میر دیگر کھلاڑیوں ندا راشد ،بسمہ معروف ،مرینہ اقبال اور ٹیم مینجمنٹ کے ہمراہ لاہور پہنچی تو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بھی ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔اپنے شہر پہنچنے کے بعد ٹیم کی کپتان ثنا میر نے کہا کہ ان کی تیاری بہت اچھی تھی،ایونٹ میں اگر بھارتی ٹیم بھی ہوتی تو نتائج یہی ہوتے ۔کپتان کے ہمراہ لاہور پہنچنے والی دیگر کھلاڑیوں نداراشد بسمہ معروف اور مرینہ اقبال کا کہنا تھاکہ کئی سال سے محنت کر رہے تھے،آج پھل مل گیا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ ویمن ونگ کی چیئرپرسن بشریٰ اعتزاز ویمن ٹیم کی کامیابی پر بہت خوش تھیں لیکن ساتھ ہی ان کے لب حکومت سے شکوہ کر رہے تھے ،ان کا کہنا تھا کہ اگر گولڈ میڈ ل مینز ٹیم نے جیتا ہوتا تو اب تک انعامات کی برسات ہو چکی ہوتی ۔ٹیم کے استقبال کے لیے ائیر پورٹ آنے والی سابق چیئرپرسن شیریں جاوید کا کہنا ہے کہ انہیں استعفیٰ کے باوجود پھل مل گیا ۔دوسری جانب خواتین کرکٹ ٹیم کی تین کھلاڑی ملتان پہنچ گئیں ۔ لیکن ان کے استقبال کے لئے اہل خانہ کے علاوہ کوئی ایئر پورٹ نہیں آیا ۔ ملتان پہنچنے والی کھلاڑیوں میں اسماویہ اقبال ،سنیعہ خان اور ثنا گلزار شامل ہیں ۔ ثنا گلزار کا تعلق خانیوال سے ہے ۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں اسماویہ اقبال کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتنا ان کا خواب تھا ۔ ایشین گیمز میں جانے سے پہلے دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیموں کی خامیوں کا بغور جائزہ لیا تھا تاکہ میچ کے دوران ان خامیوں سے فائدہ اٹھا یا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ ٹف تھی۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بوائز کرکٹ ٹیم کو چاہیے کہ جب وہ کھیل کیلئے جائیں تو تمام اسکینڈلز میدان سے باہر چھوڑ دیں اور اپنی تمام توجہ گیم کی طرف دیں ۔ اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ اس جیت سے اب خواتین کی کرکٹ ٹیم کو بھی اسپانسرز ملیں گے ۔