URDUSKY || NETWORK

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس آج ہو گی

40

اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ہوگی، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہیں کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی 11 بجے ہو گی ،مولانا فضل الرحمان اے پی سی کی صدارت کریں گے ،اے پی سی کے ایجنڈے میں مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال سر فہرست ہے جبکہ اے پی سی میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی وجوہات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کمر کی تکلیف بڑھ جانے کے باعث آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے شہباز شریف کو کمر میں درد کے باعث مکمل آرام کا مشورہ دے رکھا ہے اور انہوں نے کئی روز سے سیاسی سرگرمیاں بھی معطل کی ہوئی ہیں۔لیگی ترجمان کے مطابق پارٹی کے سینئر قائدین پر مشتمل وفد اے پی سی میں شرکت کرے گا جس میں خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق شامل ہوں گے۔

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اپوزیشن کی اے پی سی میں شریک نہیں ہوں گے،بلاول کے دورہ گلگت بلتستان کی وجہ سے پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت یوسف رضا گیلانی کریں گے جبکہ دیگر ارکان میں نیئربخاری، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔