URDUSKY || NETWORK

لائن کی تباہ کن باؤلنگ، نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں 251رنز پر ڈھیر

83

سڈنی: آسٹریلیا نے مارنس لبوشین کی سنچری اور نیتھن لائن کی شاندار باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے میچ میں مجموعی طور پر 243رنز کی برتری حاصل کر لی۔

آسٹریلیا نے لبوشین کی 215 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت سڈنی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 454 رنز بنائے تھے۔

اتوار کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 63 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو ٹام بلنڈل 34 اور ٹام لیتھم 26 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

آسٹریلیا کو دن کے آغاز میں ہی اس وقت کامیابی نصیب ہو گئی جب ٹام بلنڈل گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر نیتھن لائن کا نشانہ بن گئے۔

68رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد قائم مقام کپتان ٹام لیتھم کا ساتھ دینے جیت راول آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے مزید 49رنز کی شراکت قائم کی، 117 کے مجموعی اسکور پر جیت راول 31 رنز بناکر نیتھن لائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے جبکہ دو گیندوں کے بعد ٹام لیتھم کی 49 رنز کی اننگز بھی پیٹ کمنز کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

سینئر بلے باز روس ٹیلر بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 22 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ 163 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب مچل اسٹارک نے 9رنز بنانے والے بی جے واٹلنگ کی وکٹیں بکھیر دیں۔

گلین فلپس نے 52رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا اور پوری ٹیم 251رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی اور اسے 203 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

کولن ڈی گرینڈ ہوم، ولیم سمرویل اور نیل ویگنر صفر جبکہ میٹ ہینری 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ٹوڈ ایسٹل 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے آف اسپنر نیتھن لائن نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پیٹ کمنز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 40 رنز بنائے تھے، ڈیوڈ وارنر 23 اور جو برنز 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ آسٹریلیا نے میچ میں مجموعی طور پر 243رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔