URDUSKY || NETWORK

تیز گام آتشزدگی، پاک فوج کے جوان امدادی کارروائیوں کیلئے پہنچ گئے ، آرمی ہیلی کاپٹر بھی مصروف عمل

18

کراچی سے آنے والی تیز گام ایکسپریس پنڈی جارہی تھی کہ رحیم یار خان کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی جس میں اب تک 25 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں جنہیں رحیم یار خان کے ہسپتال منتقل کیا جارہاہے تاہم اب پاک فوج کے جوان بھی امدادی کارروائیوں کیلئے حادثے کے مقام پر پہنچ گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ پاک فوج کے جوان ٹرین حادثے کے مقام پر پہنچ گئے ہیں ، پاک فوج کے جوان سول انتظامیہ سے مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں ،پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔ ملتان سے آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بھی حادثے کے مقام پر پہنچ گیا ہے تاکہ شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوری ہسپتال منتقل کیا جا سکے ۔

یاد رہے کہ تیز گام ایکسپریس کراچی سے پنڈی جارہی تھی ،ٹرین میں تبلیغی اجتماع پر جانے والے افراد سوار تھے، لیاقت پور کے قریب ٹرین میں ناشتہ بناتے ہوئے سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے مسافروں کے سامان میں موجود گھی ،آئل وغیرہ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بوگی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ مزید بڑھتے بڑھتے دوسری اور تیسری بوگی تک پہنچ گئی اور وہاں پرموجود سلنڈر بھی دھماکے سے پھٹ گئے، آتشزدگی واقعہ میں مسافر چلتی ٹرین سے کود گئے ،واقعہ میں25 مسافرجاں بحق ہو گئے جبکہ 46 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں،جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔