URDUSKY || NETWORK

کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ اور محرابپور میں ریلوے ٹریک پر دھماکے

61
کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ اور محرابپور میں ریلوے ٹریک پر دھماکے

کراچی…کراچی، حیدر آباد اور نواب شاہ میں ریلوے ٹریک پر دھماکوں کے بعد ٹرینوں کو آمد ورفت معطل کردی گئی ہے ۔ کراچی میں دھماکوں سے دو افراد زخمی ہوگئے ۔ کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب ریلوے لائن پر آج صبح دو دھماکے ہوئے ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پولیس اہل کار موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس کے مطابق دھماکے اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ہوئے جس سے پٹری کے تقریباً ڈیڑھ فٹ حصے کو نقصان پہنچا ۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں دو افراد غلام الدین اور بنیاد زخمی ہوئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ واقعے کے بعد کراچی کینٹ سے روانہ ہونے والی ہزارہ ایکسپرس فوراً روک لیا گئی ۔ ٹرینوں کی آمد و رفت تقریبا ڈیڑھ گھنٹے معطل رہی جس کے بعد اپ ٹریک بحال کرکے ہزارہ ایکسپریس روانہ کردی گئی ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکوں میں آدھا ادھا کلو گرام دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ کراچی دھماکوں کے کچھ دیر بعد حیدر آباد میں حسین آباد کے قریب ریلوے لائن پر بھی اپ اور ڈاؤن ٹریک پر دو دھماکے ہوئے جس سے پٹڑی کے ڈھائی سے تین فٹ حصے کو نقصان پہنچا ۔ پولیس کے مطابق دھماکوں میں دو سے تین کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا ۔ دھماکوں کے بعد کراچی اور پنجاب آنے جانے والی ٹرینیں مختلف ریلوے اسٹیشنز پر روک لی گئیں ۔ حیدر آباد کے بعد نواب شاہ میں سرہاری اور نواز ڈاہری کے درمیان 284 میل کے مقام پر اپ اور ڈاؤن ٹریک پر دو دھماکے ہوئے ۔ ریلوے حکام کے مطابق دھماکوں سے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا اور علامہ اقبال اور پاکستان ایکسپریس کو نواب شاہ ریلوے اسٹیشنز پر روک لیا گیا ۔ اسی اثناء میں نوشہروفیروز کے علاقے محراب پور کے قریب اپ اور ڈاؤن ٹریک پر دو دھماکے ہوئے ۔جس سے ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا۔دھماکوں کے بعد ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کردیاگیا ہے ۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے دیسی ساختہ بم سے کیے گئے ہیں۔