URDUSKY || NETWORK

مصر:حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے پر جشن رات بھر جاری رہا

76
مصر:حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے پر جشن رات بھر جاری رہا

قاہرہ. . . . .. . .. .. مصر میں حسنی مبارک کے تیس سالہ اقتدار کے خاتمے پر کل سے شروع ہونے والا جشن رات بھر جاری رہا ۔ مشرق وسطی کے کئی ممالک میں بھی لوگوں نے حسنی مبارک کے جانے کی خوشیاں منائیں ۔ صدر حسنی مبارک کی آمریت کا جہاز ڈوبنے کے ساتھ ہی مصر میں زندگی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ جس کو جو طریقہ سمجھ میں آیا اُس نے اسی طرح اپنی خوشیوں اور جذبات کا اظہار کیا ۔تیس سال سے اقتدار پر قابض حسنی مبارک کی رخصتی کا جشن صرف قاہرہ میں نہیں بلکہ مصر کے ہر شہر میں منایا جارہا ہے ۔ کہیں خوشی کے آنسو ہیں تو کہیں لوگ رب ذوالجلال کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہوگئے ۔ حسنی مبارک کے استعفے کا اعلان ایسی خبر تھی جس کے انتظار میں مصریوں کی پوری ایک نسل جوان ہوگئی ۔ جبر و زیادتی کے ماحول میں پلنے بڑھنے والی اسی نسل نے اٹھارہ روز پہلے تبدیلی کی تحریک کا آغاز کیا اور نتیجے کے طور پر یہ عظیم جشن ان کے حصے میں آیا ۔ صرف مصر میں ہی نہیں دیگر ممالک میں بھی خوشیاں منائی گئیں ۔ فلسطین کے علاقے غزہ میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کی گئی ۔ ہزاروں فلسطینیوں نے ریلی نکالی اور گاڑیوں پر مصری پرچم لہرائے ۔ اردن میں ہزاروں مرد اور خواتین مصری سفارت خانے کے باہر جمع ہوئے ۔ انہوں نے رقص کیا ، نعرے لگائے اور حسنی مبارک کے جانے پر مبارک باد کا تبادلہ کیا ۔ اس موقع پر آتش بازی بھی کی گئی ۔ یمن کے دارالحکومت صنعا میں بھی ہزاروں مصری اور یمنی باشندوں نے سڑکوں پر مارچ کیا اور نعرے لگائے ۔ تیونس میں بھی جشن منایا گیا ۔ لوگ مصری اور تیونسی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے ۔ یونان میں مقیم مصری ایتھنز میں مصری سفارت خانے کے باہر جمع ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے رقص کیا ۔