URDUSKY || NETWORK

پاکستان کیلئے پروگرام کا مقصد معیشت کا استحکام، آئی ایم ایف

68

پاکستان کیلئے پروگرام کا مقصد معیشت کا استحکام، اداروں کی مضبوطی ہے، آئی ایم ایف

وزیراعظم عمران خان سے امریکا میں آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی نے ملاقات کی اور اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے بیان بھی جاری کیا گیا۔

ڈیوڈ لپٹن نے لکھا کہ انہیں واشنگٹن میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے مل کر خوشی ہوئی، ہم نے حالیہ اقتصادی ترقی اور آئی ایم ایف کے حمایت یافتہ اقتصادی اصلاحات پروگرام پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پروگرام کا مقصد معیشت کا استحکام، اداروں کی مضبوطی ہے اور یہ پاکستان کو متوازن اور پائیدار ترقی کے راستے پر گامزن کرے گا۔

آئی ایم ایف کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر نے ابھی اور مستقبل میں ضروری سماجی اور ترقیاتی اخراجات کو معتبر طریقے سے فراہم کرنے کے لیے مقامی ٹیکس ریونیو کو متحرک کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اصلاحات پروگرام پر عمل درآمد کی حمایت کے لیے آئی ایم ایف دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کررہا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ سرکاری دورے پر امریکا میں ہیں، جہاں انہوں نے اپنے دورے کے پہلے روز امریکا میں تاجروں اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی تھی جبکہ واشنگٹن میں کیپیٹل ون ارینا میں پاکستانیوں کے جم غفیر سے خطاب کیا تھا۔

بعد ازاں رواں ماہ کے اوائل میں عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے 3 سال کے عرصے میں 6 ارب ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دی تھی۔

اس منظوری کے بعد 10 جولائی کو پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے 6 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج میں سے 99 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی تھی۔