URDUSKY || NETWORK

’خوابوں میں جب پاکستان گئی رے‘ پر نیلم منیر کی پرفارمنس

44

جلد ہی ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’کاف کنگنا‘ کا شائقین کو شدت سے انتظار ہے اور اس فلم کے ریلیز ہونے والے ٹریلر نے بھی شائقین میں خوب پذیرائی حاصل کی۔

’کاف کنگنا‘ میں جہاں پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی تنازع مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو انتہائی اچھے انداز میں پیش کیا گیا، وہیں اس میں دونوں ممالک کے لڑکے اور لڑکی کے درمیان محبت کو بھی دکھایا گیا ہے۔

فلم میں پاکستانی لڑکے کا بھارتی لڑکی سے رومانس اور لڑکی کے بھارتی اہل خانہ کی جانب سے اس کی مخالفت کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

’کاف کنگنا‘ کو رواں ماہ 25 اکتوبر کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

گانے میں اداکارہ کی پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ
گانے میں اداکارہ کی پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ

تاہم اب اسی فلم کی خوبرو اداکارہ نیلم منیر پر فلمائے گئے آئٹم سانگ ’خوابوں میں جب پاکستان گئی رے، انڈیا میں بولے ساڈی جان گئی رے‘ کو ریلیز کردیا گیا۔

گانا ریلیز ہوتے ہی وائرل ہوگیا اور اسے انتہائی کم وقت میں لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

آئٹم سانگ میں نیلم منیر کی ڈانس پرفارمنس کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

’خوابوں میں جب پاکستان گئی رے، انڈیا میں بولے ساڈی جان گئی رے‘ گانے کو معروف موسیقار ساحر علی بگا نے کمپوز کیا ہے جب کہ عائمہ بیگ نے اس میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

گانے میں نیلم منیر کو بہت سارے ساتھی مرد ڈانسرز کے ساتھ بولڈ انداز میں رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔

گانے میں نیلم منیر کے ساتھ فلم کی دیگر کاسٹ کو بھی پرفارم کرتے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
گانے میں نیلم منیر کے ساتھ فلم کی دیگر کاسٹ کو بھی پرفارم کرتے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

اس گانے کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے نیلم منیر نے لکھا کہ ’خوابوں میں جب پاکستان گئی رے، انڈیا میں بولے ساڈی جان گئی رے‘ ان کا پہلا اور آخری آئٹم سانگ ہوگا۔

اداکارہ نے اس گانے میں پرفارمنس کرنے کی وجہ بھی بتائی اور لکھا کہ انہوں نے اس گانے پر اس لیے پرفارمنس کی کیوں کہ یہ فلم پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کا پروجیکٹ ہے۔

ساتھ ہی اداکارہ نے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کے لیے ہمیشہ ان کی جان بھی حاضر ہے‘۔