URDUSKY || NETWORK

‘Crude’ Pregnancy Rumours Could Keep Filmmakers Away But Hasn’t Happened

56

’ اداکارہ شادی کرتی ہے تو اگلا سوال حاملہ ہونے سے متعلق پوچھا جاتا ہے‘

بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے حاملہ ہونے کی افواہوں سے متعلق ایک بار پھر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک اداکارہ شادی کرتی ہے تو اس کے بعد اگلا سوال اس کے حاملہ ہونے سے متعلق پوچھا جاتا ہے۔

انوشکا شرما کی آخری فلم ‘زیرو’ گزشتہ سال دسمبر میں ریلیز ہوئی تھی۔

زیرو فلم میں ان کے ہمراہ کترینہ کیف اور شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا، البتہ فلم بری طرح باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی تھی۔

انوشکا شرما نے کہا کہ ’ اگر ایک اداکارہ شادی کرتی ہے تو اس کے بعد اگلا سوال پوچھا جاتا ہے کہ کیا وہ حاملہ ہے؟ جب وہ ڈیٹ کررہی تو پوچھا جاتا ہے کہ شادی کرنے والے ہیں کہ نہیں ؟ یہ انتہائی غیر مہذب ہے‘۔

اداکارہ نے کہا کہ ’ آپ کو لوگوں کو ان کی زندگی جینے کی اجازت دینی چاہیے، مناسب وقت سے پہلے بولنے کی کیا ضرورت ہے؟ ایسا ماحول بنادیا جاتا ہے جہاں غیر ضروری وضاحتیں دینی پڑتی ہیں‘۔

انوشکا اور ویرات نے 2017 میں اٹلی میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
انوشکا اور ویرات نے 2017 میں اٹلی میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

انوشکا شرما کا کہنا تھا کہ وضاحت دینا مجھے ناپسند ہے، کیا مجھے وضاحت دینے کی ضرورت ہے ؟ لیکن پھر ایسا ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ کوئی بھی اداکارہ شادی کرتی ہے تو سب کے بارے میں کچھ نہ کچھ کہا جاتا ہے، کسی نے ڈھیلا ڈھالا لباس پہنا ہوا ہے کیونکہ وہ ٹرینڈی ہےمگر کہا جاتا ہے کہ اداکارہ حاملہ ہے‘۔

انوشکا شرما نہ کہا کہ ’ آپ اس بارے میں کچھ نہیں کرسکتے ، صرف نظر انداز کرسکتے ہیں‘۔

گزشتہ برس فلم ’ زیرو‘ کی تشہیر کے دوران انوشکا شرما کے حوالے سے یہ خبریں بھارتی میڈیا میں وائرل تھیں کہ وہ امید سے ہیں۔

اس حوالے سے اطلاعات تھیں کہ وہ حمل سے ہیں، تاہم وہ اپنی آنے والی فلم کی ریلیز کی وجہ سے امید سے ہونے کا اعتراف نہیں کر رہیں۔

بعدازاں انوشکا شرما نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے امید سے ہونے کی خبروں پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نہ جانے لوگوں کے پاس ایسی خبریں کہاں سے آجاتی ہیں۔

انوشکا شرما کا کہنا تھا کہ امید سے ہونا، کوئی عام بات نہیں، جسے چھپایا جاسکے۔

اداکارہ نے وضاحت کی تھی کہ کوئی بھی شخص اپنی شادی کو تو چھپا سکتا ہے، تاہم وہ حمل کو نہیں چھپا سکتا۔

انوشکا شرما نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ انہیں اس بات پر تعجب ہوتا ہے کہ ’لوگ کسی بھی خاتون کو شادی سے قبل حاملہ اور امید سے ہونے سے پہلے ہی اسے ماں بنا دیتے ہیں‘۔

یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے 2017 دسمبر میں اٹلی میں شادی کی تھی، ان کی شادی کی تقریبات میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوست شامل تھے۔

انوشکا اور ویرات کی شادی سے قبل اٹلی میں ان کی منگنی اور مہندی کی رسومات ہوئیں، جس کے بعد بھارت واپس آکر ان دونوں نے دہلی اور ممبئی میں شادی کے استقبالیہ منعقد کیے تھے۔