URDUSKY || NETWORK

پاکستانی فلمیں، عوام کو سپورٹ کرنا چاہیے

195

پاکستان کی نامور اداکارہ و پروڈیوسر حریم فاروق اس وقت اپنی جلد ریلیز ہونے والی فلم ‘ہیر مان جا’ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔

ویسے تو ‘ہیر مان جا’ کے ٹریلر اور گانوں کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ فلم کافی متاثر کن ہوگی تاہم حریم فاروق کے انٹرویوز کو سن کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ اس وقت شائقین کے سپورٹ کی خواہش مند ہیں پھر چاہے ان کی فلم اچھی ہو یا بری۔

بی بی سی کو دیے ایک انٹرویو میں حریم فاروق نے پاکستانی فلم انڈسٹری اور اس کے ابھرتے ہوئے سینما پر بات کی۔

ایک موقع پر جب حریم فاروق سے سوال کیا گیا کہ کسی فلم کو منفی ریویوز ملنے کے باوجود بھی اس کے لیے یہ کہا جائے کہ مقامی سینما کو سپورٹ کیا جائے تو کیا یہ صحیح ہوگا؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ ‘میں کہوں گی یہ صحیح ہے، اس وقت ہمیں سب کچھ اپنانا چاہیے’۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ‘بولی وڈ، ہولی وڈ، تامل وڈ یہ سب صدیاں پرانی انڈسٹریز ہیں، جبکہ پاکستانی انڈسٹری کو صرف 6 سال ہوئے ہیں، ہم اپنے سینما کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کی باتیں کرتے ہیں، ہم لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ جو پاکستان وہ خبروں میں دیکھتے ہیں وہ حقیقت نہیں، ہمیں بتانا ہوگا کہ پاکستان خوبصورت ہے، یہاں ٹیلنٹ موجود ہے’۔

حریم فاروق نے کہا کہ ‘اس لیے اگر ایک فلم اچھی نہیں بھی ہے تو لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ ابھی ہمارے پاس اتنے بہترین مصنف اور اداکار نہیں، سب سیکھ رہے ہیں، لوگ جوش کی وجہ سے فلموں میں کام کررہے ہیں اور یقیناً آگے بڑھیں گے’۔

دوسری جانب فلم ہیر مان جا کے مرکزی اداکار علی رحمٰن بھی اپنی فلم کے لیے بےحد پرجوش نظر آئے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فلم سازی پہلے سے بہتر ہورہی ہے، اداکار مزید بہتر اداکاری کررہے ہیں اور مصنف پہلے سے بہتر کہانیاں تحریر کررہے ہیں۔

آخر میں دونوں اداکاروں نے اپنی فلم کے باکس آفس پر اچھے بزنس کی امید ظاہر کی۔

یاد رہے کہ فلم ‘ہیر مان جا’ حریم فاروق اور علی رحمٰن کی دوسری فلم ہے، اس سے قبل ان دونوں نے ایک ساتھ فلم ‘پرچی’ میں اداکاری کی تھی۔

پروڈیوسر عمران رضا کاظمی اور عارف لاکھانی فلمز کی اس فلم کو جیو فلمز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں۔

فلم ‘ہیر مان جا’ رواں سال عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہورہی ہے۔