URDUSKY || NETWORK

نوجوان بولی وڈ اداکار اپنے بڑھاپے کی تصاویر کیوں شیئر کررہے ہیں؟

69

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ 50 یا 60 سال کی عمر میں کیسے نظر آئیں گے؟ اگر نہیں تو ایک نئی دلچسپ ایپلیکیشن سامنے آئی ہے جس سے نوجوانی میں آپ اپنے بڑھاپے کے انداز کو دیکھ سکتے ہیں اور اس ایپ کا استعمال بولی وڈ کے نوجوان اداکار بھی کررہے ہیں۔

اداکار ورن دھون نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس ہی ایپ کا استعمال کرتے ہوئے چند تصاویر شیئر کی جس میں وہ قریب 60 سال کی عمر نظر آرہے ہیں۔

اس تصویر میں ورن دھون بوڑھے تو ضرور نظر آرہے ہیں، البتہ فٹ وہ اتنے ہی ہیں جتنے آج نظر آتے ہیں۔

ورن دھون نے اپنی ان تصاویر میں یہ بھی لکھا کہ کئی مداحوں کو ایسا لگتا ہے کہ 62 سالہ بولی وڈ اداکار انیل کپور 100 سال کی عمر میں ایسے نظر آئیں گے۔

اداکار کی ان تصاویر کو سوناکشی سنہا اور آیوشمان کھرانہ نے بھی پسند کیا، جنہوں نے کمنٹ کرکے اداکار کے انداز کو سراہا۔

ورن دھون کے علاوہ ارجن کپور نے بھی اس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کیں۔

جبکہ ارجن کپور کی سوتیلی بہن جھانوی کپور نے اداکار کو ان کے اس انداز پر خوب سراہا۔

جبکہ کئی افراد نے ارجن کپور کو اداکار شرت سکسینا سے بھی مشابہہ کیا۔

کئی مداحوں نے بولی وڈ کی کامیاب جوڑی رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی ایک تصویر کو بھی اس ایپ کے ذریعے تبدیل کرکے انسٹاگرام پر شیئر کیا۔

یہ تصویر رنویر اور دپیکا کی شادی کے استقبالیہ کی ہے جسے مداحوں نے اس ایپ سے تبدیل کیا۔

یہ فیس ایپ سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہورہی ہے جسے بولی وڈ اداکاروں کے ساتھ ساتھ ہر کوئی استعمال کررہا ہے۔