URDUSKY || NETWORK

وزیراعظم عمران خان کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دس روپے کمی، بجلی فی یونٹ پانچ روپے سستی کرنے کا اعلان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دس روپے کمی کا اعلان کیا ہے جبکہ بجلی بھی فی یونٹ پانچ روپے سستی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

25

Imran Khan Speech today

پیر کی شب قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے آئندہ بجٹ تک پیٹرول، ڈیزل اور بجلی مزید مہنگی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اب بھی کم ہیں اور اگر حکومت سبسڈی نہ دے تو پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 220 روپے فی لیٹر تک ہو جائے گی۔

اس موقع پر عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یوکرین اور روس تنازعے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ابھی نیچے نہیں آئیں گی جبکہ گیس کی قیمت بھی اوپر چلی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ ’آج میں قوم کو خوشخبری دے رہا ہوں کہ قیمتیں مزید بڑھانے کے بجائے ہماری حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر دس دس روپے کمی کا فیصلہ کیا ہے.

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ بجلی بھی فی یونٹ پانچ روپے سستی کر رہے ہیں اور دوسری جگہوں سے سبسڈی کم کر کے اس شعبے میں قوم کو ریلیف دے رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ بجٹ تک پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا بلکہ اس میں بتدریج کمی کریں گے۔

’پیکا قانون سے سوشل میڈیا پر آنے والے گند کو روکنا چاہتے ہیں‘

پیکا ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بہت شور مچا ہوا ہے کہ آزادی صحافت پر پابندی لگائی جا رہی ہے لیکن میں آپ کو بتا دوں کہ پیکا قانون سنہ 2016 میں بنا تھا اور ہم تو اس میں صرف ترمیم لا رہے ہیں۔

’پاکستان کے اخبار اور میڈیا کو دیکھ لیں، اس میں 70 فیصد خبریں ہمارے خلاف ہوتی ہیں لیکن ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘

پیکا ترمیمی آرڈیننس کا دفاع کرتے ہوئے عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ’ہم اس قانون کے ذریعے پاکستان کے سوشل میڈیا پر آنے والے گند کو روکنا چاہتے ہیں کیونکہ دنیا کے کسی بھی مہذب معاشرے میں اس طرح کی چیزیں نہیں آتیں جو ہمارے سوشل میڈیا پر آ رہی ہیں۔ فیک نیوز سے گند اچھالا جا رہا ہے۔‘

وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں قومی صحت کارڈ کے منصوبے کو وسعت دینے، احساس پروگرام کے تحت وظائف میں اضافہ کرنے، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں، کسانوں اور سستے گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے فراہم کرنے کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے ٹیکسوں میں سو فیصد چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت اگلے دو برس میں 407 ارب روپے کے قرضے نوجوانوں، کسانوں اور سستے گھر تعمیر کرنے کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی صنعت جو کہ بڑی تیزی سے پاکستان کی برآمدات میں اپنی جگہ بنا رہی ہے، اس کو فروغ دینے کے لیے وزیراعظم نے جن مراعات کا اعلان کیا ان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد اور کمپنیوں کو ٹیکسوں سے مکمل چھوٹ دے دی گئی ہے۔ آئی ٹی کی نئی کمپنیوں یا ‘سٹارٹ اپس’ کو کیپٹل گین ٹیکس سے بھی سو فیصد استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے احساس پروگرام کے تحت لوگوں کی ماہانہ مالی امداد کو بارہ ہزار سے بڑھا کر 14 ہزار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بے روزگار گریجویٹ خواتین اور مرد حضرات کو 30 ہزار روپے ماہانہ ادا کرنے اور 26 لاکھ لوگوں کو وظائف ادا کرنے کے لیے 38 ارب روپ مختص کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔