URDUSKY || NETWORK

نوازشریف لندن چلے گئے،ہارلے سٹریٹ کلینک میں علاج کے تمام انتظامات

21

سابق وزیراعظم نوازشریف قطر کی ایئر ایمبولینس کے ذریعے لندن روانہ ہو گئے ہیں جہاں ہارلے اسٹریٹ کلینک میں ان کا علاج معالجہ کیاجائے گا۔اطلاعات کے مطابق لندن میں ان کے علاج کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں۔نوازشریف تقریبا صبح دس بجے لاہور سے روانہ ہوئے اور دوگھنٹے پینتیس منٹ کی پروازکے بعد ساڑھے بارہ بجے سے ایک بجے کے درمیان دوحہ پہنچیں گےاور پھر منزل مقصود کی جانب روانہ ہوں گے۔اور پاکستان  وقت کے مطابق شام چھ بجے لندن پہنچیں گے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف،ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور2 ملازمین بھی ایئر ایمبولینس میں نوازشریف کے ساتھ موجودہی

ایئرایمبولینس میں تمام تر طبی سہولیات موجود ہیں۔ آئی سی یو ، آپریشن تھیٹر اور طبی عملہ ان کا خیال رکھنے کے لئے ایئرایمبولینس میں موجودہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم صبح نو بجے کے بعد جاتی امرا سے ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہوئے تو گھر کے باہر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی امڈ آئی جس نے دعاوں ، نعروں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے انہیں الوداع کیا۔اس موقع پر مریم نواز، کیپٹن صفدر اور دیگر اہلخانہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔نوازشریف ایمبولینس کے بجائے اپنی لینڈ کروزور میں بیٹھ کرایئرپورٹ روانہ ہوئے جبکہ سکیورٹی اور ایمبولینس کی گاڑیاں ان کے ساتھ تھیں۔

نوازشریف ایئرپورٹ پہنچے توشہبازشریف،ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب،ایازصادق، پرویز رشیدسمیت اکیس مسلم لیگی سینئر رہنما وں نے ان کا استقبال کیااور انہیں ایئرپورٹ سے رخصت کیا۔

ایئرایمبولینس شام چھ بجے لندن پہنچے گی جہاں سے انہیں براہ راست ہارلے اسٹریٹ کلینک لے جایا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد نوازشریف کے مزید علاج کے حوالے سے فیصلہ کیاجائے گا کہ آیا انہیں علاج کیلئے امریکا بھیجا جائے گا یا نہیں۔

نوازشریف کی لندن روانگی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ممکن ہو سکی ہے کیونکہ ا ن کا نام ای سی ایل میں تھا ،حکومت نے انہیں ای سی ایل سے نام نکلوانے کی مشروط اجازت دی تھی تاہم نون لیگ نے حکومتی شرائط کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیااور عدالتی فیصلہ آنے کے بعد آج نوازشریف کو روانہ کردیاگیاہے۔