وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے بعد شجاعت کے گھرپہنچ گئے
Updated at 1440 PST
لاہور…ملک میں چھائے سرد موسم اور دھند کے اثرات سیاسی مطلع پر نظر آ رہے ہیں۔ حکومت کے سابقہ اتحادی وزیراعظم کا پتہ صاف کرنے کی کوششوں میں لگے ہیں تو وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپنی ڈوبتی ناؤبچانے کی فکر میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسی حوالے سے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی جو کہ ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد جاری رہی،جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی ۔ دونوں رہنماؤں نے دوبارہ جلد ملنے پر اتفاق کیا ہے۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری پنجاب اور چیئر مین پی ایم ڈی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے ، مہنگائی، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم سے ہونے والی بات چیت سے اپنی پارٹی کے رہنماؤں کو آگاہ کرینگے ، جس کے بعد آئندہ سیاسی صورتحال پر حتمی موقف اختیار کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعظم چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں، جہاں چوہدری شجاعت اور چوہدری وجاہت نے ان کا استقبال کیا۔