URDUSKY || NETWORK

ہوم الون کا ریمیک

56

امریکی کمپنی ڈزنی اب تک اپنی کئی کامیاب کارٹون فلموں کے ریمیکس بنا چکی ہیں، جس کے بعد اب کمپنی نے 1990 کی یادگار فلم ’ہوم الون‘ کا ریمیک بنانے کا بھی اعلان کردیا۔

ڈزنی کی کامیاب کارٹون فلموں ’دی لائن کنگ‘، ’بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘ اور ’دی جنگل بک‘ کے ریمیکس حالیہ کچھ سالوں میں سامنے آئے، ان میں کچھ نے مداحوں کو متاثر کیا جبکہ کچھ مایوس کن ثابت ہوئیں۔

تاہم مداح ڈزنی کی ان یادگار فلموں کے ریمیکس بننے کے ٹرینڈ سے مایوس ہی نظر آئے، جس کی وجہ یہ ہے کہ ماضی کی ان فلموں نے مداحوں کے دلوں میں وہ مقام حاصل کیا جسے وہ ریمیکس کے ساتھ تبدیل کرنے کے خواہش مند نہیں۔

تاہم اب ڈزنی نے 1990 میں ریلیز ہوئی اپنی کامیاب فلم ’ہوم الون‘ کا ریمیک بنانے کا بھی اعلان کردیا ہے، لیکن مداح اس فیصلے سے ناخوش نظر آئے جبکہ ڈزنی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

ہوم الون کے ساتھ ساتھ کمپنی نے ’دی لٹل مرمیڈ‘ اور ’نائٹ ایٹ دی میوزیم‘ کے ریمیکس بھی بنانے کا اعلان کیا تاہم اس فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ایک صارف نے ہولی وڈ کو فلموں کے لیے نئے خیالات کے ساتھ سامنے آنے کا مشورہ دیا۔

جبکہ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ اب ہولی وڈ کے پاس نئی فلمیں بنانے کے خیالات ختم ہوچکے ہیں۔

انہوں نے ڈزنی سے سوال کیا کہ ایک یادگار فلم کو تباہ کرکے کیا ملے گا؟

یاد رہے کہ 1990 میں سامنے والی فلم ’ہوم الون‘ ایک ایسے شرارتی بچے کی کہانی ہے جو کرسمس کے موقع پر دعا مانگتا ہے کہ اس کی فیملی غائب ہوجائے۔

اسی دوران حالات کچھ یوں پیش آتے ہیں کہ وہ سمجھتا ہے کہ اس کی دعا قبول ہوگئی کیونکہ اس کا خاندان کرسمس کی چھٹیاں منانے پیرس روانہ ہورہا ہوتا ہے اور وہ 10سالہ شرارتی بچے کو گھر ہی پر بھول جاتے ہیں۔

اس فلم کی کامیابی نے ہولی وڈ اداکار میکولی کلکن کو اسٹار بنادیا تھا جنہوں نے فلم میں مرکزی کردار نبھایا۔

اس فلم کے تین سیکوئل بھی سامنے آئے جن میں سے دوسرے میں اوریجنل کاسٹ کو ہی حصہ بنایا گیا جبکہ تیسرے اور چوتھے سیکوئل میں بالکل نئے اداکار کاسٹ ہوئے۔

یاد رہے کہ ہوم الون کی پوری کہانی اس خیال پر مبنی تھی کہ والدین اپنے بچے کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر چلے گئے، جس کے بعد اسے چوروں کا اکیلے سامنا کرنا پڑا۔

ماضی میں اس قسم کی فلم تو باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی لیکن اب مداح ڈزنی سے یہی سوال کررہے ہیں کہ اس جدید دور میں وہ ایک ایسی فلم کس طرح بنا سکتے ہیں جہاں ایک بچہ اکیلے رہ جانے پر باآسانی اپنے والدین سے رابطہ کرسکتا ہو۔

آخر میں ایک مداح نے ڈزنی سے یہ بھی سوال کیا کہ کیا اب مشہور زمانہ فلم ’ٹائٹینک‘ کا ریمیک بھی بنایا جائے گا؟

جبکہ فلم کے مرکزی اداکار میکولی نے خود بھی انسٹاگرام پر ڈزنی کے اس فیصلے کا مذاق اڑایا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ڈزنی کی کامیاب کارٹون فلم ’دی لائن کنگ‘ کا ریمیک بھی ریلیز ہوا تھا جسے تجزیہ کاروں اور مداحوں کے ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔