URDUSKY || NETWORK

ڈراؤنی کہانی پر مبنی

72

پاکستانی اداکار ثنا فخر کی اداکاری کو ‘ببن خالہ کی بیٹیاں’ ڈرامے میں خوب سراہا گیا تاہم اب وہ کیریئر میں اداکاری کے لیے ایک مختلف موڑ اختیار کرنے جارہی ہیں۔

اداکار ایک ہارر ڈرامے ‘لال مائی’ میں کام کرنے جارہی ہیں، جس کے لیے وہ بےحد پرجوش ہیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے ثنا فخر کا کہنا تھا کہ ‘میں لال مائی کا کردار نبھارہی ہوں، یہ ایک چڑیل کا کردار ہے، بہت الگ قسم کا کردار، میں نے اب تک ایسا کچھ نہیں کیا’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘اس ڈرامے کی کہانی ڈراؤنی ہونے کے ساتھ ساتھ پیچیدہ اور تھرلر سے بھرپور ہے’۔

اداکارہ کے مطابق شائقین آج کل ہارر ڈرامے اور فلمیں دیکھنے کے زیادہ شوقین ہیں اور انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کا ڈرامہ لوگ ضرور شوق سے دیکھیں گے۔

‘لال مائی’ کی ہدایات خالد ملک دے رہے ہیں، اس ڈرامے میں تقی احمد اور سلیم میراج بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ سلیم میراج پاکستان کی ہارر فلم ‘پری’ کا بھی حصہ بن چکے ہیں اور امید ہے کہ وہ اس ڈرامے میں بھی کچھ خاص کرکے دکھائیں گے۔

ثنا فخر کے مطابق ‘اس ڈرامے کی ٹیم بلاک بسٹر ہے اور وہ ایسے کام کررہی ہے جیسے یہ ڈرامہ نہیں کوئی فلم ہو’۔

‘لال مائی’ کی ریلیز تاریخ کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسے ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔