URDUSKY || NETWORK

نیمل میری بہن جیسی ہے، ہماری شادی ممکن نہیں

61

نامور اداکار حمزہ علی عباسی اور اداکارہ نیمل خاور خان کی شادی کی خبر سے مداح جہاں حیران ہوئے تو وہیں وہ خوش بھی ہوئے جبکہ ان کی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل رہیں۔

جہاں مداح ان دونوں کو شادی کی مبارکباد دیتے رہے وہیں سوشل میڈیا پر کچھ میمز ایسی سامنے آئیں، جس میں مداحوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ نیمل خاور کی شادی حمزہ علی عباسی سے نہیں بلکہ اداکار عثمان مختار سے ہونی چاہیے تھی۔

عثمان مختار اور نیمل خاور خان کی جوڑی اس وقت ٹیلی ویژن کی ہٹ جوڑی مانی جارہی ہے، کیوں کہ یہ دونوں ‘انا’ نامی ڈرامے میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔

ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے اس ڈرامے میں عثمان ‘التمش’ جبکہ نیمل ‘عزہ’ نامی کردار نبھارہی ہیں۔

اس ڈرامے کی نشریات کا آغاز رواں سال 17 فروری سے ہوا جس کے بعد سے ہی ان دونوں کی جوڑی کو ڈرامے کی کامیاب جوڑی قرار دیا گیا۔

ڈرامے کو مقبولیت ملنے کے بعد سے مداح کئی مرتبہ دونوں اداکاروں کی اصل زندگی میں شادی کی خواہش کا بھی اظہار کرچکے ہیں، تاہم نیمل اور حمزہ کی شادی کے بعد ان کے کرداروں پر مزاحیہ میمز بھی سامنے آئیں۔

اس حوالے سے اب عثمان مختار نے خود بھی ایک بیان جاری کردیا جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ نیمل سے کبھی شادی نہیں کرسکتے تھے۔

میراج حق، جو اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ یوٹیوبر بھی ہیں، نے اپنا ایک ویڈیو لاگ جاری کیا جس میں وہ عثمان مختار کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں۔

اس ویڈیو میں میراج نے عثمان سے سوال کیا کہ ‘لوگ آپ کو اصل زندگی میں کبیر کہہ رہے ہیں، جیسے التمش نے کبیر سے عزہ کو چھین لیا تھا، تو آپ کیسا محسوس کررہے ہیں؟’

اس پر عثمان مختار کا کہنا تھا کہ ‘میں نیمل اور حمزہ کے لیے بےحد خوش ہوں، اگر میرے اور نیمل کے درمیان کبھی ایسا کچھ ہوا ہوتا تو یہ بےحد واہیات چیز ہوتی کیوں کہ ہم دونوں بالکل بہن بھائیوں کی طرح ہیں’۔

اس حوالے سے جو میمز سامنے آرہی ہیں ان کے بارے میں اداکار کا کہنا تھا کہ ‘لوگ ڈرامے اور اصل کو الگ نہیں کرپاتے، لیکن اس میں کوئی برائی نہیں، اسکرپٹ کی اچھی بات یہ ہے لوگ اس سے جڑ جاتے ہیں اور انہیں ایسا محسوس ہوتا کے یہ کردار حقیقی ہیں’۔

نیمل کے لیے عثمان کا کہنا تھا کہ ‘ہم ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست ہیں، میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، لوگ ہمیشہ کہتے ہیں آپ لوگ شادی کرلیں، لیکن ہماری شادی نہیں ہوسکتی تھی، حمزہ اور نیمل کی جوڑی بہت خوبصورت ہے’۔

یاد رہے کہ ‘انا’ نیمل خاور خان کا پہلا اور آخری ڈرامہ ہے، انہوں نے گزشتہ سال اس ڈرامے کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد اداکاری چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔

عثمان مختار اس وقت ‘ثبات’ نامی ڈرامے میں کام کررہے ہیں جس میں ان کے ہمراہ سارہ خان اور میراج حق اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔