URDUSKY || NETWORK

علیزے شیخ نئی سپر اسٹار

61

پاکستان میں گزشتہ چند سال سے اچھی کہانی پر مصالحہ، ایکشن، رومانٹک اور کامیڈی فلمیں سامنے آئی ہیں اور ہر آئے دن پاکستانی فلمی صنعت میں بہتری آ رہی ہے۔

اگرچہ چند دن بعد عید الاضحیٰ پر ہم فلمز کی جانب سے ماہرہ خان اور بلال اشرف جیسی کاسٹ پر مبنی فلم ’سپر اسٹار‘ ریلیز کی جائے گی، تاہم جلد ہی اسی پروڈکشن کے تحت نئی کاسٹ پر رومانوی فلم ’سچ‘ بھی ریلیز کی جائے گی۔

میوزیکل رومانٹک فلم ’سچ‘ کو ماضی کے معروف اداکار و ڈائریکٹر ذوالفقار شیخ ڈائریکٹ کر رہےہیں، جب کہ اس فلم کو ماضی کی مقبول اداکارہ تسنیما شیخ، سیف شیخ، محسن نادار اور حسن ضیاء پروڈیوس کر رہے ہیں۔

فلم کے جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹیزر کو دیکھ کر اندازا ہوتا ہے کہ پہلی بار پاکستانی شائقین کو ایک منفرد فلم دیکھنے میں ملے گی، جس کا زیادہ تر حصہ بیرون ملک شوٹ کیا جائے گا۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ’سچ‘ کی کتنی شوٹنگ پاکستان میں کی جائے گی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کی 25 فیصد شوٹنگ پاکستان میں کی جائے گی۔

’سچ‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس فلم کے ذریعے نئی اداکارہ کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔

فلم کے ذریعے برطانیہ میں پلنے بڑھنے والی اداکارہ علیزے شیخ کو متعارف کرایا جا رہا ہے جو ’سچ‘ میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

علیزے شیخ کے ساتھ ہمایوں اشرف اور اسد زمان خان بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ دیگر کاسٹ میں خود فلم کے ڈائریکٹر ذوالفقار شیخ، جاوید شیخ، تسنیما شیخ، عظمیٰ گیلانی، نعمان مسعود، فضیلا قاضی، عائشہ ثنا، اریشا رضوی اور سارا رضا بھی شامل ہیں۔

جاوید شیخ بھی کاسٹ میں شامل ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
جاوید شیخ بھی کاسٹ میں شامل ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

فلم کے جاری کیے گئے ٹیزر کو دیکھ کر فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازا ہوتا ہے کہ ’سچ‘ کی کہانی رومانوی ہے اور پہلی بار پاکستانی شائقین کو میوزیکل رومانوی فلم دیکھنے کو ملے گی۔

جاری کیے گئے ٹیزر میں برطانیہ کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں اور فلم کی مرکزی کاسٹ کو ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوتے اور ایک دوسرے سے الجھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ فلم کی مرکزی اداکارہ علیزے شیخ فلم کے ہدایت کار ذوالفقار شیخ اور پروڈیوسر تسنیما شیخ کی بیٹی ہیں۔

ذوالفقار شیخ اور تسنیما شیخ ماضی میں ’دیس پردیس، دی کاسل: اک امید اور آنسوں‘ جیسے ڈراموں میں ایک ساتھ کام کر چکےہیں۔

دونوں اداکار کئی سال سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور اب پہلی بار دونوں بیٹی کے ساتھ فلم میں دکھائی دیں گے۔

’سچ‘ کو رواں برس 20 دسمبر کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔