URDUSKY || NETWORK

شان شاہد

74

پاکستان کے معروف اداکار فردوس جمال نے جب گزشتہ ہفتے ماہرہ خان کی اداکاری پر تنقید کی تو متعدد پاکستانی ستارے اداکارہ کے حق میں سامنے آگئے، جبکہ فردوس جمال کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

فردوس جمال نے اداکار فیصل قریشی کے مارننگ شو میں ماہرہ خان کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس عمر میں ہیروئن بننے کے بجائے ماہ کا کردار ادا کریں، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ وہ ماہرہ کو اداکارہ نہیں بلکہ صرف ایک ماڈل مانتے ہیں۔

جہاں کئی اداکاروں نے فردوس جمال کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں اداکار شان شاہد نے بھی اب اس سلسلے میں اپنا بیان دے دیا۔

اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان دونوں بڑے اداکاروں کے درمیان جاری تنازع پر اپنے دکھ اور مایوسی کا اظہار کیا۔

شان شاہد نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘جو بھی فردوس جمال نے ماہرہ خان کے بارے میں کہا اسے سن کر دکھ ہوا اور جو بھی ٹوئٹر پر لوگ فردوس صاحب کے بارے میں بول رہے ہیں اسے پڑھ کر اور بھی زیادہ دکھ ہوا، انہوں نے اس انٹرویو سے کہیں زیادہ انڈسٹری کے لیے کام کیا ہے، ماہرہ خان ایک اسٹار ہیں اور کسی بھی قسم کی رائے ان سے یہ درجہ نہیں لے سکتی اور فردوس صاحب ایک لیجنڈ ہیں’۔

دوسری جانب ماہرہ خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو دیے ایک انٹرویو میں فردوس جمال کی جانب سے دیے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میرا ارادہ ہے کہ میں شوبز میں رہوں اور نانی دادی بلکہ پرنانی کے کردار بھی ادا کروں‘۔