URDUSKY || NETWORK

سلمان خان پر دو سو روپے کا جرمانہ

111

salman_khan_smoking
پبلک میں سگریٹ پینے پر سلمان پر جرمانہ عائد کیا گيا ہے

بالی وڈ کے سپر سٹار سلمان خان پنجاب کے شہر پٹیالہ میں اپنی فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے کہ سگریٹ کی طلب محسوس ہوئی لیکن ایک فوٹوگرافر کی موجودگی میں یہ کش انہیں مہنگا ثابت ہوا۔

ہاتھ میں سگریٹ لیے سلمان خان کی تصویر ایک اخبار میں چھپی تو مقامی انتظامیہ، جو تمباکو نوشی کی روک تھام کے عالمی دن کی وجہ سے شاید پہلے سے ہی کافی سرگرم تھی، فوراً حرکت میں آگئی اور انہوں نے سلمان خان پر دو سو روپےکا جرمانہ کر دیا۔

اخبارات میں چھپنے والی خبروں کے مطابق عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کی روک تھام سے متعلق قانون کا نفاذ کرنے والے محکمہ کے نوڈل افسر ڈاکٹر وکاس گوئل محکمہ صحت کے افسران اور ایک پولیس اہلکار کو ساتھ لیکر ہیریٹیج ہوٹل پہنچے۔

اس ہوٹل میں سلمان خان فلم کی کاسٹ کے باقی عملے کے ساتھ ٹھہرے ہوئے تھے۔ وہ پٹیالہ میں اپنی نئی فلم باڈی گارڈ کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔

لیکن ڈاکٹر گوئل کو بتایا گیا کہ سلمان صبح سویرے ہی ہوٹل سےچلے گئے تھے۔ ڈاکٹر گوئل نے چالان سلمان کے عملے کو دیا جنہوں نے فوراً جرمانہ ادا کردیا۔

Salman-Khan
سلمان کو سگریٹ نوشی کے لیے دوسری بار آگاہ کیا گيا ہے

بھارت میں عوامی مقامات پر سگریٹ یا تمباکو نوشی قانوناً جرم ہیں جس کے لیے زیادہ سے زیادہ دو سو روپے کا جرامانہ عائد کیا جاسکتا ہے لیکن عملی دشواریوں کی وجہ سے اس کا موثر انداز میں اطلاق نہیں ہوپاتا۔

ڈاکٹر گوئل نے انگریزی روزنامے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ ’چونکہ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ سلمان خان نے پنجاب میں سگریٹ نوشی سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کی ہے، لہذا ہم نے انہیں سخت وارننگ بھی جاری کی ہے۔ اگر وہ دوبارہ قانون توڑتے ہیں، تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔’

اس سے پہلے سلمان خان پر سنہ دو ہزار نو میں جرمانہ کیا گیا تھا جب وہ ریاستی دارالحکومت چنڈی گڑھ کے قریب ایک فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ پنجاب میں اسی قانون کی خلاف ورزی کرنے پر اجے دیو گن اور شاہ رخ خان پر بھی جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے۔

باڈی گارڈ کی ہیروئن کرینہ کپور ہیں اور فلم کی شوٹنگ پندرہ جون تک جاری رہے گی۔

بھارتی فلموں میں سگریٹ نوشی کے مناظر دکھانے پر بھی پابندی ہے کیونکہ حکومت کا خیال ہے کہ فلم سٹارز کو دیکھ کر نوجوان نسل بھی تمباکو نوشی کی جانب راغب ہوتی ہے۔ سلمان خان نے ابھی اس خبر پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

تمباکو کی پیداوار کے لحاظ سے چین کے بعد بھارت دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے اور بعض تخمینوں کے مطابق ملک میں ہر تین میں سے ایک شخص کسی نے کسی شکل میں تمباکو استمعال کرتا ہے۔ انڈین کاؤنسل فار میڈیکل رسرچ کے مطابق مردوں میں کینسر کے تمام واقعات میں سے آدھے تمباکو نوشی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔

BBC Urdu