URDUSKY || NETWORK

تیونس کی رقاصہ

68

تیونس کی 21 سالہ ڈانسر و گلوکارہ نرمین صفر نے رواں برس 15 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں لڑنے کا اعلان کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس 35 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کے سگنیچرز موجود ہیں۔

تیونس کی ویب سائٹ النھار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نرمین صفر کی جانب سے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے بعد سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا۔

رپورٹ کے مطابق نرمین صفر نے دعویٰ کیا کہ انہیں ملک کے 35 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کی حمایت حاصل ہے جو کہ کسی بھی شخص کی جانب سے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے مطلوب ووٹرز کی حمایت سے دگنی تعداد ہے۔

نرمین صفر تیونس کی مقبول گلوکارہ و ڈانسر ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
نرمین صفر تیونس کی مقبول گلوکارہ و ڈانسر ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

رقاصہ نے اعلان کیا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئیں تو وہ ملک بھر میں حجاب سمیت خواتین کے چہرے ڈھانپنے پر پابندی عائد کردیں گی۔

نرمین صفر کا کہنا تھا کہ وہ صدر بنیں تو جہاں وہ مسلمان خواتین کے حجاب اور چہرے پر پابندی عائد کریں گی، وہیں وہ مسلم خواتین کو روایتی تیونس لباس پہننے کے لیے آمادہ کریں گی۔

نوجوان نسل میں مقبول ڈانسر نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ صدر بن گئیں تو وہ ان مرد حضرات پر جرمانہ عائد کرنے کا قانون بنائیں گی جو کسی لڑکی سے شادی کا وعدہ کرکے مکر جائیں گے۔

نرمین صفر کے مطابق اگر عوام انہیں ملک کا صدر منتخب کرتی ہیں تو وہ جائداد کے حقوق کے حوالے سے ایک بل پارلیمنٹ کو بھیجیں گی۔

گلوکارہ و ڈانسر کا کہنا تھا کہ وہ جائداد کے حقوق سے متعلق نئے بل میں خواتین کو ملکیت کا دو تہائی اور مرد حضرات کو تین فیصد حصہ دینے کی تجویز دیں گی۔

نرمین صفر کے مطابق وہ جلد ہی اپنی انتخابی مہم کا باقائدہ آغاز کریں گی اور نوجوان نسل سے تبدیلی کے لیے انہیں ووٹ دینے کے لیے آمادہ کریں گی۔

خیال رہے کہ تیونس کے صدر اور جمہوری طریقے سے منتخب پہلے رہنما محمد الباجی قائد السبسی 92 سال کی عمر میں گزشتہ ماہ 25 جولائی کو انتقال کر گئے تھے۔

ان کے انتقال کے بعد تیونس میں نئے صدارتی انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے جو رواں برس 15 ستمبر کو منعقد ہوں گے۔

لڑکیوں سے شادی کا جھوٹا وعدہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد کروں گی، گلوکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
لڑکیوں سے شادی کا جھوٹا وعدہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد کروں گی، گلوکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

محمد الباجی قائد السبسی کے انتقال کے بعد تیونس پارلیمنٹ کے صدر عارضی طور پر ملک کے سربراہ بنیں ہیں۔

رواں برس 15 ستمبر کو ہونے والے انتخابات میں ملک کے وزیر اعظم یوسف چھاہد بھی حصہ لیں گے۔

یوسف چھاہد اور ڈانسر نرمین صفر کے علاوہ بھی دیگر سیاسی قائدین نے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرنے والی نرمین صفر نے 18 سال کی عمر میں گلوکاری اور رقص کے کیریئر کی شروعات کی۔

نرمین صفر خصوصی طور پر نوجوان نسل میں مقبول ہیں، انہیں گلوکاری سے زیادہ روایتی تیونسی رقص کرنے سے شہرت حاصل ہوئی۔

نرمین صفر کا شمار تیونس کی عمر ترین معروف رقاصاؤں میں بھی ہوتا ہے، وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں۔