آئی فون فائیو، چار اکتوبر کو متوقع
ایپل کمپنی کی طرف سے چار اکتوبر کو آئی فون کے حوالے سے ایک میڈیا ایونٹ منعقد کیا گیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس دن آئی فون کا نیا ورژن یعنی آئی فون فائیو متعارف کرایا جائے گا۔
چار اکتوبر کو یہ میڈیا ایونٹ کیلیفورنیا کے علاقے کیوپرٹینو میں واقع کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں ہوگا۔ میڈیا کو اس حوالے سے بھیجے گئے دعوت نامے پر درج ہے کہ ’لیٹس ٹاک آئی فون‘ یعنی آئیے آئی فون کے بارے میں بات کریں۔ اس کے علاوہ اس میں آئی فون فائیو کی لانچ کے بارے میں کچھ دیگر اشارے بھی ہیں۔
امید کی جا رہی ہے کہ کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹِم کُک عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے میڈیا ایونٹ میں آئی فون فائیو متعارف کرائیں گے۔ نئے آئی فون کے بارے میں کچھ عرصہ قبل وال اسٹریٹ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ یہ نہ صرف اپنے پیش روسے قدرے پتلا ہے، بلکہ اس میں پانچ کی بجائے اب آٹھ میگا پکسل کا کیمرہ نصب ہوگا۔
دنیا کے سب سے معروف اور کامیاب ترین فون کے بارے میں ابھی کچھ عرصہ قبل ہی بلوم برگ نیوز ایجنسی نے لکھا تھا کہ اپیل کی نئے آنے والے فون کے پروسیسرکی رفتار بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ بلومبرگ نیوز نے نئے آئی فون کے بارے میں معلومات رکھنے والے دو اشخاص کے حوالے سے بتایا تھا کہ ایپل کی جانب سے نیکسٹ جنریشن آئی فون میں ڈیٹا پروسیسنگ کے لیے ’اے فائیو‘ پروسیسر موجود ہوگا۔ یہ وہی پروسیسر ہے جو رواں برس متعارف کرائے جانے والے آئی پیڈ ٹو میں نصب ہے۔
Thanks dw-world.de