URDUSKY || NETWORK

پنجاب میں ڈینگی بے قابو،لاہور میں تعلیمی ادارے10دن کیلئے بند

117

لاہور…پنجاب میں ڈینگی وائرس کی مریضوں کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی۔وزیراعلی پنجاب نے بھارت سے اینٹی ڈینگی ادویات کے حصول کے لئے خصوصی ٹیم بھیجنے کی ہدایت کر دی جبکہ ڈینگی وائر س کے خوف سے لاہور میں اسکول اورکالج آئندہ دس روز کیلئے بند کردئیے گئے ہیں۔پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق ڈینگی وائرس کے باعث لاہور میں سکولوں اورکالجوں کودس روز تک بند کرنے کافیصلہ کیاگیاہے اورتعلیمی ادارے کل سے بند رہیں گے۔پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق چھٹیوں کے دوران dengue-feverسکولوں اورکالجوں میں ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے اسپرے کیاجائیگا۔محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں ڈینگی مریضوں کی تعداد اٹھائیس سو آٹھ جبکہ پنجاب میں چار ہزار چوالیس ہو گئی ہے۔ بخار میں مبتلا ہزاروں افراد روزانہ سرکاری اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔ محکمہ صحت نے اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے رش کی وجہ سے مزید ڈینگی وارڈز بنانے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سرکاری اسپتالوں کے تمام انتظامی کمروں کو ڈینگی مریضوں کے علاج کے لئے وارڈز میں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے، وزیراعلی نے محکمہ صحت کو ڈینگی وائرس سے بچاو کی ادویات ایک ہفتے میں منگوانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈینگی علاج میں غفلت برتنے اور ناقص کارکردگی والے ڈاکٹرز کو برطرف کر دیا جائے گا۔