بریکنگ نیوز : – اردو سکائی اخبار 10 ستمبر 2010 | Urdu News | سانحہ سیالکوٹ: ملزم شفیق فوجی کا جسمانی ریمانڈ
سانحہ سیالکوٹ: ملزم شفیق فوجی کا جسمانی ریمانڈ
سیالکوٹ: سانحہ سیالکوٹ کے مرکزی ملزم شفیق فوجی کو عدالت نے 14ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔ سول جج کے روبرو پیشی کے بعد جج نے ملزم شفیق عرف فوجی سے تفتیش کیلئے پانچ روز کا جسمانی ریمانڈ دیدیااور ملزم کو پولیس کے حوالہ کردیا ۔
واضح رہے کہ 15اگست کی اعلی صبح سیالکوٹ میں دو بھائیوں کی وحشیانہ طریقے سے ہلاکت اور نعشوں کو الٹا لٹکانے کے سانحے میں سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کے بعد پولیس سابق ڈی پی او سیالکوٹ وقار احمد چوہان سمیت 30ملزمان کو گرفتار کرچکی ہے۔۔
بھارت ، ایک لڑکی نے قرآن شریف اپنے ہاتھ سے لکھا
حیدرآباد : اسلام میں عورت کووہ مقام حاصل ہے جو شاید ہی کسی اور مذہب نے اسے دیا ہو ،اور اسی لئے ایک ماں کے قدموں کے نیچے جنت رکھ دی گئی ہے ۔دوسری جانب عورت کو بھی اسلام سے اتنی ہی محبت ہے جس کی حالیہ مثال بھارتی ریاست آندھرا پریش میں رہنے والی ایک لڑکی ہے جس نے پورے قران شریف کا نسخہ اپنے ہاتھ سے لکھ دیا ۔
ہاتھ سے قرآن شریف لکھنے والی لڑکی سمیعہ کا کہنا ہے کہ وہ اس کارنامے سے بہت خوش ہے اور اللہ تعالی کی شکر گزار ہے کہ انہوں نے اس کام کے لئے اسے چنا اور ہمت عطافرمائی ۔ سمیعہ نے مزید کہا ہے کہ اس کی خواہش ہے کہ قرآن شریف کا یہ نسخہ مسجدالحرام کی زینت بنے ۔
مکہ ٹاور:دنیا کے بلند ترین گھڑیال نے کام شروع کردیا
مکہ : سعودی عرب کے مکہ ٹاور ، برج البیت پر نصب کئے گئے دنیا کے سب سے بڑے اور بلند ترین گھڑیال نے وقت بتانے کا آغاز کردیا۔
مکہ ٹاور ، برج البیت کے گھڑیال کا افتتاح عید الفطر سے قبل کیا گیا ہے، اس گھڑیال کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ہر طرح کے موسمی اثرات سے محفوظ ہے، اور اسے مکہ کے وقت کے مطابق استعمال کرنے کے لیے لگایا گیا ہے، اس کے چاروں طرف "اللہ جل الجلالۃ ” کنندہ ہے۔ آٹھ سو پندرہ میٹر بلند اس گھڑیال کی تنصیب پر تین بلین ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔ مکہ ٹاور، برج البیت سے پہلے گرینچ کلاک دنیا کا سب سے بڑا گھڑیال تھا۔
سیلاب،عالمی بنک پاکستان کی بھرپور معاونت کرے گا،ازابیل گیوریرو
اسلام آباد . . . عالمی بینک کی نائب صدر ازا بیل گیو ریرو کا کہنا ہے کہ احتساب اور شفافیت پاکستانی حکومت کے لیے امداد حاصل کرنے کے لیے بہت ضروری ہے جبکہ عالمی بینک سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی معاونت کرے گا۔ عالمی بینک کی نائب صدر ازا بیل گیوریرو نے پاکستان کے تین روزہ دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی ۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ملنے والی امداد کے شفاف استعمال کے لیے حکومت پر لازم ہے کہ وہ بہتر اقدامات کرے اس کے علاوہ متاثرین میں رقم کی ادائیگی ، سیلاب سے تباہ حال زمین کی بحالی اور متاثرین میں گھروں کی تقسیم جیسے معاملات میں برابری اور منصفانہ طریقہ اپنائے ۔انھوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے سیلاب کے نقصانات کے سلسلے میں پاکستان کو ایک ارب ڈالر قرضے کے علاوہ بینک مقامی طور پر آمدن میں اضافے کی حکومتی کوششوں میں بھی تعاون کرے گا۔
رحمن ملک نے رکاوٹیں ڈالیں تو عوام انہیں پانی میں ڈبو دینگے ،شہباز شریف
میانوالی . . . رحمن ملک نے رکاوٹیں ڈالنا چاہیں تو عوام انہیں پانی میں ڈبو دینگے ،یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے میانوالی میں میڈیا بریفنگ میں کہی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ رحمن ملک نے حکومت پنجاب کوبدنام کرنے کیلئے نادراکوکام کرنے سے روکا ۔انہوں نے کہا کہ رحمن ملک کو وارننگ دیتا ہوں کہ وہ ایسے کاموں سے باز آجائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں وزیر اعظم کاشکرگزارہوں جنہوں نے رحمن ملک کو مداخلت سے روکا۔انہوں نے کہا کہ ریلیف اکاوٴنٹ میں 80کروڑ تک جمع ہوگئے جسے اربوں تک لے کر جاوٴں گا۔
9/11کے دن امت مسلمہ قرآن ڈے منائے گی،معراج الہدیٰ
کراچی….جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ 9/11 کے دن امت مسلمہ قرآن ڈے منائے گی، اور عہد کیا جائے کہ قرآنی تعلیمات کو عام کیا جائے۔ یہ بات انھوں نے امریکی پادری کی جانب سے قرآن پاک کو جلائے جانے کے ناپاک منصوبہ کے خلاف ایم اے جناح روڈ کراچی پر میمن مسجد کے باہر اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت احتجاجی مظاہرہ سے خطاب میں کہی۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے کہا کہ کوئی بھی قرآن شریف میں ایک زیر زبر پیش کا رد و بدل نہیں کر سکتا اس کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ تعالیٰ نے کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قرآن مجید پر حملہ عراق اور افغانستان پر حملہ سے بڑی جارحیت ہے۔ ان کا کہناتھا کہ اگر شان رسالت ﷺ اور قرآن پاک پر حملہ کیا گیا تو امت مسلمہ کا ایک ایک نوجوان ابابیل کی صورت نکلے گا۔
دادو: میاں کنڈی ایف پی بند کا شگاف188 فٹ چوڑا ہو گیا
دادو . . . ضلع دادو میں حمل جھیل کے ریگولیٹر کے نزدیک ایف پی بند میں پڑنے والا شگاف چوڑا ہوکر 40 جبکہ میاں کنڈی کے مقام پر ایف پی بند میں پڑنے والا شگاف چوڑا ہوکر 188 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ سیلابی صورتحال کہ باعث کئی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ حمل جھیل کے ریگولیٹر کے نزدیک ایف پی بند میں پڑنے والے شگاف کے نتیجے میں پانی تیزی سے ایم این وی ڈرین میں داخل ہورہا ہے۔ ایم این وی ڈرین میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ڈرین کے دونوں پشتے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ دوسری جانب ایف پی بند میاں کنڈی کے مقام پر پڑنے والے شگاف سے نکلنے والا ریلا بھی تیزی سے دادو کے قریب ایم این وی ڈرین میں داخل ہورہا ہے۔ جبکہ سیلابی ریلے کا دباؤ کم کرنے کے لئے ایف پی بند کی آرڈی نمبر ون میں لگائے جانے والے کٹ سے بھی پانی تیزی سے منچھر جھیل میں داخل ہورہا ہے۔ نتظامیہ نے منچھرجھیل کے تمام دروازوں کو دو سے چار فٹ تک کھول کر پانی کو دریائے سندھ میں چھوڑنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ دوسری طرف سیلاب کے پیش نظر تحصیل میہڑ، خیرپورناتھن شاہ ،جوہی اور دادو سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جبکہ وارہ شہر میں موجود لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔
جعفرآباد کا آج 30 ویں روز بھی ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع
جعفر آباد . . . بلوچستان کے ضلع جعفرآباد کا آج 30 ویں روز بھی ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ جس کی وجہ سے لاکھوں متاثرین اپنے علاقوں میں عید نہیں مناسکیں گے۔ذرائع کے مطابق دس اگست کو جعفرآباد میں سیلاب کے بعد ڈیرہ الہ یار بائی پاس اور سندھ بلوچستان شاہراہ کو مختلف مقامات پر 6 کٹ لگادیئے گئے تھے جس کی وجہ سے ان علاقوں کا ملک بھر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا تھا۔ جبکہ ٹرین سروس بھی تاحال بحال نہیں ہوسکی ہے۔ ملک کی تریسٹھ سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ بلوچستان سے اسپیشل عید ٹرین ملک کے دیگر صوبوں میں نہیں جاسکی۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کھلے میدانوں میں بے یارو مدد گار پڑے ہیں جن میں ضروریات کے مطابق خوارک بھی تقسیم نہیں کی جارہی۔ جب کہ جعفرآباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ الہ یار میں سیلابی پانی ابھی تک موجود ہے۔
افغان شہریوں کا قتل: پانچ امریکی فوجیوں پر فرد جرم عائد
واشنگٹن….…پانچ امریکی فوجیوں پر افغان شہریوں کو قتل کرنے اور ان کی لاشوں کے اعضا کاٹ کر اپنے پاس رکھنے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے ۔ امریکی اخبار کے مطابق ملزمان ایک سال تک قندھار میں تعینات رہے تھے۔ ان پر جنوری، فروری اور مئی میں تین افغانوں کو قتل کرنے ، لاشوں کی انگلیاں اور دیگر اعضا کاٹ کر اپنے پاس رکھنے کا الزام ہے ۔ امریکا میں پانچوں فوجیوں کا کورٹ مارشل کیا جارہا ہے اور جرم ثابت ہوگیا تو انہیں عمر قید یا موت کی سزا ہوسکتی ہے ۔ امریکی فوجیوں پر منشیات استعمال کرنے ، انصاف کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے اور ذاتی استعمال کے لئے مارٹر گولے اپنی تحویل میں رکھنے کے بھی الزامات ہیں ۔
کوٹلی :بس کھائی میں گرگئی،20مسافر جاں بحق ،50 سے زائد زخمی
اعصام الحق یو ایس اوپن کےمکسڈ ڈبلز کا فائنل ہار گئے
نیویارک … پاکستان کے اعصام الحق یو ایس ٹینس کے مکسڈ ڈبلز میں اپنی فتوحات کا سلسلہ نہیں جاری رکھ سکے ، اعصام اور کیوٹا پیسکی کی جوڑی کو ٹائٹل میچ میں باب برائن اور لیزیل ہوبر کی جوڑی نے شکست دی۔نیو یارک میں یو ایس اوپن کے مکسڈ ڈبل ٹائٹل کیلئے پاکستان کے اعصام الحق اور جمہوریہ چیک کی کیوٹا پیسکی کا مقابلہ ٹاپ سیڈ امریکی جوڑی باب برائن اور لیزل ہوبر سے تھا ۔ٹاپ سیڈ جوڑی نے اعصام اور پیسکی کیخلاف اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور حریف پلیئرز کی سروسز کو بھی بریک کیا ، دونوں سیٹس میں اعصام اور پیسکی کو ابتدائی برتری ملی لیکن اس کو وہ برقرار نہ رکھ سکے اور امریکی پیئر نے میچ چھ ۔ چار اور چھ ۔ چار کے اسکور سے جیت لیا ۔
پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس ہاسٹلز ایریا میں رات گئے تجاوزات کیخلاف آپریشن
لاہور…پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس ہاسٹلز ایریا میں انتظامیہ نے فروٹ شاپس اور کیفے ٹیریاز کو تجاوزات قرار دے کررات گئے آپریشن کیا اور کھوکھے گرانے والے تمام سامان اٹھا کر لے گئے۔ لاہور میں پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے رات گئے ہاسٹلز ایریاز کے تمام گیٹس بند کر دیے اور کرین کے ذریعے ہاسٹل نمبر 14،15،16 اور 19 کے درمیان عرصے سے قائم فروٹ شاپس اور کیفے ٹیریاز مسمار کر دیے۔اور آپریشن میں حصہ لینے والا عملہ تمام سامان ٹرکوں میں بھر کر لے گیا۔جبکہ دکانوں کے مالکان کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کی طرف سے انھیں ہٹانے کا حکم امتناعی جاری ہو چکا ہے لیکن یونیورسٹی انتظامیہ نے عدالتی حکم کی پروا نہیں کی اور رات کے اندھیرے میں ان کی دکانیں گرا کر سامان لوٹا گیا۔
فلوریڈاکا پادری قرآن پاک نہ جلانے کے بیان سے مکر گیا
فلوریڈا … فلوریڈا کا پادری گیارہ ستمبرکوقرآن حکیم نذرآتش کرنیکا منصوبہ ترک کرنے کے بیان سے مکر گیا ہے اور اس نے دوبارہ قرآن پاک جلانے کی دھمکی دے دی ہے ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فلوریڈا کے پادری ٹیری جونز نے کہا ہے کہ گراؤنڈ زیرو پر مسجد تعمیر نہ کرنے کی ڈیلکے تحت منصوبہ ترک کیا گیا تھا ۔مگر مسجد انتظامیہ کی جانب سے ڈیل سے انکار کے بیان کے بعد وہ بھی اپنے بیان پر نظرثانی کررہے ہیں۔ دوسری جانب مسجد کی انتظامیہ نے واضح کیاہے کہ ٹیری جونزکے ساتھ ایسی کوئی ڈیل نہیں کی گئی ہے۔
روس:ولادی قفقازمیں خودکش کار بم دھماکا،17 افراد ہلاک
ولادی قفقاز … روس کے شورش زدہ علاقے شمالی قفقازکی ایک مارکیٹ میں خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں سترہ افراد ہلاک اور ایک سو تیس سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔روسی حکام کے مطابق ریاست شمالی اوسیشیا کے دارالحکومت ولادی قفقاز کے مرکزی بازار کے داخلی راستے میں خودکش حملہ آورنے اپنی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ حکام کاکہناہے کہ خودکش حملہ آورکے جسم کے اعضا مل گئے ہیں۔د ہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ جنوبی روس میں ایمرجنسی وزارت کے ایک ترجمان الیگزینڈ پوگورلے نے بم دھماکے میں سترہ افراد کی ہلاکت اورایک سوتینتیس افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں ہیں اور قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔
کراچی:ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں2 افراد جاں بحق
کراچی…کراچی کے علاقوں گلزار ہجری اور کورنگی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق گلزار ہجری کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے35 سالہ محمد فاروق کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے،ٹارگٹ کلنگ کا دوسرا واقعہ کورنگی ڈھائی نمبرمیں پیش آیا ،،جہاں رکشہ میں سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے29 سالہ یاسر اقبال کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے،ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو عباسی شہید اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مریکا: سان فرانسسکوایئرپورٹ کے قریب دھماکا
سان فرانسسکو … امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکومیں ایئرپورٹ کے قریب دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ نے وسیع پیمانے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکومیں ایئرپورٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد کئی مکانات کو آگ لگ گئی، اور آگ مزید پھیلتی جارہی ہے، فائربرگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد امدادی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
عراق : امریکی فوج کے زیر انتظام جیل سے القاعدہ کے چار قیدی فرار
بغداد…عراق میں امریکی فوج کے زیر انتظام جیل سے القاعدہ کے چار قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔بغداد میں عراقی سکیورٹی فورسز کے ترجمان میجر جنرل قاسم عطا نے بتایا ہے کہ ”القاعدہ کے چار سنئیر ارکان جیل سے فرار ہوئے ہیں”۔اس کا نام اب کرخ جیل ہے۔ جنرل قاسم عطا نے کہا کہ فرار ہونے والے قیدی جیل کے امریکا کے کنٹرول والے حصے میں قید تھے اور حکام ان کے فرار کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ انتہائی سکیورٹی کے باوجود فرار ہونے میں کیسے کامیاب ہوئے ہیں۔امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دو قیدی جیل سے فرار ہونے کی کوشش میں پکڑے گئے تھے جس کے بعد یہ چاروں افراد فرار ہو گئے ہیں۔ عراق میں حراستی آپریشنز کے لیے امریکی فوج کے ڈپٹی کمانڈنگ جنرل، میجر جنرل جیری کینن نے کہا ہے کہ ”امریکی فورسز، عراقی سکیورٹی فورسز اور وزارت انصاف مل کر جیل سے بھاگ جانے والے افراد کی گرفتاری کے لیے کام کررہے ہیں”۔ بغداد کے نواحی علاقے کرخ میں واقع اس جیل کا سابقہ نام کیمپ کراپر ہے اور اسے سرکاری طورپر 15جولائی کو عراقی حکومت کے حوالے کیا گیا تھا لیکن دوسوکے قریب انتہائی خطرناک قیدی بدستورامریکی فوج کی حراست میں ہیں۔
جونی ڈیپ کوسال کا سب سے زیادہ دولت کمانے والے اداکار قرار دیدیاگیا
لاس ویگاس … پائریٹس آف دی کیریبیئن کے کیپٹن جیک اسپیرو یعنی جونی ڈیپ کو ہالی وڈ کا سال کا سب سے زیادہ دولت کمانے والا اداکار قرار دیا گیا ہے،ایک حالیہ سروے کے مطابق ہالی وڈ میں جونی ڈیپ اب سب زیادہ معاوضہ وسول کر رہے ہیں، گذشتہ مالی سال میں جونی ڈیپ نے ساڑھے سات کروڑ ڈالر کمائے ہیں، اس فہرست میں بین اسٹیلر5 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے ساتھ دوسرے اور ٹام ہینکس ساڑھے 4 کروڑ ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جونی ڈیپ کی شہرت پہلے بھی کم نا تھی لیکن پائریٹس آف دی کیریبیئن سیریز نے انھیں آسمان پر پہنچا دیا ہے۔ بچے بڑھے سبھی کو یہ کیریکٹر بہت ہی پسند آیا ہے۔
امریکا بھر میں عید الفطر آج جمعتہ المبارک کو منائی جائیگی
ڈیلاس،ٹیکساس…راجہ زاہد اختر خانزادہ…امریکا بھر میں مسلمانوں کے تمام مسالک کی جانب سے عید الفطر آج جمعتہ المبارک کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ایک ہی دن عید منانے پر مسلمانوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے ۔ریاست ٹیکساس میں عیدالفطر کے بڑے اجتماعات ہیوسٹن اور ڈیلس کے ڈاؤن ٹاؤن کے کنونشن سینٹرز میں منعقد ہونگے۔پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے عید انتہائی سادگی سے منانے کا اعلان کیا گیا ۔اور چاند رات میلہ کے پروگرامات بھی پاکستان میں سیلاب کے باعث ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔جبکہ فلاحی تنظیمیں متاثرین کے لئیامداد جمع کرنے کیلئے کیمپ لگا ئے جائینگے۔فقہ جعفریہ کی جانب سے ڈیلس میں تمام امام بارگاہوں میں عیدالفطر کی نماز صبح آٹھ بجے ہوگی ۔کنونشن سینٹرز میں عید کی نماز 9بجے ادا کی جائے گی۔
سورج کی روشنی چہرے پر جھریوں کا بنیادی سبب ہے، تحقیق
لندن . . . سی ایم ڈی . . . سورج کی شعاعوں کو اب تک وٹامن ڈی کی فراہمی کا بنیادی ذریعہ سمجھا جاتا تھا لیکن ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سورج کی تیز شعاعیں چہرے کی جلد پر جھریوں کا سبب بنتی ہیں۔برطانیہ میں ہونے والی حالیہ تحقیق کے مطابق سورج کی روشنی چہرے پر جھریوں میں اضافہ کرتی ہے۔ برطانوی سائنسدانوں تحقیق کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ گھر سے باہر اور کھلی فضا میں کام کرنے والی خواتین ان خواتین کے مقابلے میں جلد بوڑھی ہوجاتی ہیں جو گھر سے باہر کم نکلتی ہیں۔چہرے پر پڑنی والی سورج کی تیز شعاعیں جلد پر جھریوں میں اضافہ کرتی ہیں جس کی وجہ سے گھر سے باہر نکلنے والی خواتین جلد بوڑھی دکھائی دینے لگتی ہیں۔
بیلجیم : 83گھنٹے تک مسلسل فرنچ فرائزتلنے کا نیا ریکا رڈ قائم
برسلز . . . سی ایم ڈی . . . بیلجیممیں ایک53سا لہ شخص نے 83گھنٹے تک مسلسل فرنچ فرائز تلنے کا نیا عالمی ریکا رڈ قا ئم دیا ہے۔اس شخص نے1ہزار5سو آلوؤں کے چپس بنا ئے جبکہ ان 83گھنٹوں میں صرف 100منٹ کا وقفہ لیا اور ان چپس کو فروخت بھی کیا ۔اس سے قبل ایک بر طا نوی شخص نے 72گھنٹوں تک مسلسل فرنچ فرائز پکا نے کا ریکا رڈ قائم کیا تھا۔
محمود کرزئی نے ’کابل بینک‘ سے 8 لاکھ ڈالر کا منافع کمایا
دبئی . . . جنگ نیوز . . . افغانستان کے صدر حامد کرزئی کے بھائی محمود کرزئی نے بدترین مالیاتی بحران کے شکار مرکزی ”کابل بینک“ کے تعاون سے ایک کاروبار سے 8 لاکھ ڈالر کا منافع کمایا۔ محمود کرزئی کا کہنا ہے کہ انہوں نے مالی بحران کے شکار کابل بینک کے چیئرمین سے خطیر قرضہ حاصل کیا جس سے انہوں نے جولائی 2007ء میں متحدہ عرب امارات میں پام جومیرا میں خوبصورت گھر خرید لیا۔ امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے افغان صدر کے بھائی نے کہا کہ گزشتہ دنوں انہوں نے وہ گھر دوبارہ فروخت کیا جس سے انہوں نے 8 لاکھ ڈالر کا منافع کمایا۔ محمود کرزئی ”کابل بینک“ میں تیسرے بڑے شراکت دار ہیں۔ محمود کرزئی نے مزید کہا کہ قرضے اور امارت میں گھر خریدنے کا اہتمام کابل بینک کے سابق چیئرمین شیر خان فریدون نے کیا تھا تاہم یہ واضح نہ ہو سکا کہ رقم بینک سے لی گئی یا فریدون نے ذاتی رقم فراہم کی تھی۔
خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان میںآ ج عید ہے
اسلام آباد . . . خیبر پختونخوا ،بلوچستان ،گلگت بلتستان میں کے بعض علاقوں میں آج عید منائی جارہی ہے ،پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے گورنر ہاوس پشاور میں نماز عید پڑھی۔پشاور میں نماز عید کا مرکزی اجتماع عید گاہ میں ہوا۔ جس میں وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ جب کہ فرزندان اسلام کی بڑی تعداد نے نماز میں شرکت کی۔ نماز کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، سیلاب زدگان کی بحالی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پشاور کی دیگر چھوٹی بڑی مساجد میں بھی عید کی نماز ادا کی گئی۔ گورنر خیبر پختونخوا اویس احمد غنی اور وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی سمیت سرکاری حکام نے شرکت کی۔ خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔نوشہرہ میں متاثرین سیلاب کی نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع نوشہرہ کینٹ میں ادا کیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس لائن میں نماز عید کا اجتماع منعقد کیا گیا۔باجوڑ ایجنسی کی تمام مساجد میں نماز عید ادا کی گئی ایجنسی کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے انتظامات تھے۔ شمالی و جنوبی وزیرستان، خیبر، مہمند، میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔ادھرشمالی بلوچستان کے شہروں چمن، قلعہ عبداللہ، گلستان ، جنگل پیرعلی زئی، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، دیگر علاقوں میں درجنوں مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد کیئے گئے جن میں ملکی سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ضلع گلگت بلتستان کے علاقوں اسکردو، گھانچے,گلگت، ہنزہ نگر، اور استور میں فقہ جعفریہ کی جانب سے چاند دیکھے جانے کی شرعی شہادتیں موصول ہونے کے بعد آج عید منائی جارہی ہے۔
بالوں کے میڈیکل تجزئیے سے دل کے دورے کی پیشن گوئی ممکن ہوگئی
اوٹاوا . . . جنگ نیوز . . . جدید طبی تحقیق کے مطابق سر اور جسم کے بالوں کے تجزبے سے ہارٹ اٹیک کے امکانات کو ظاہر کیا جاسکتا ہے ۔ بال، دل کی بیماریوں سے متعلق ایک واضح اشارہ ہیں۔ کینیڈا میں ہونے والی اس تحقیق کے مطابق بالوں میں ”ہائی لیول سٹرلیس ہارمونز“ کورئی سول کی نشاندہی ہارٹ اٹیک کی ایک واضح علامت ہے ۔ اس علامت سے یہاں تک معلوم کیاجا سکتا ہے کہ کب عارضہ قلب کاحملہ ممکن ہے ۔ ماہرین طب نے کہا ہے کہ عمومی طور پر کارٹی سول کو میڈیکل ٹیسٹ کے ذریعے خون کے سیرم، پیشاب ، بالعاب دہن کے ذریعے جانچا جاتا ہے ۔ مگر ان ٹیسٹوں کے واضح طور پر عارضہ قلب کی تشخیص بعض اوقات ممکن نہیں ہوتی ۔ سٹین وان اوم اینڈ گاٹی ڈی اون کو این یونیورسٹی آف ویسٹرن اونٹائرو میں ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بالوں تک کورٹی سول آنے کے بعد معاملہ بالکل کلیئر ہو جاتا ہے۔
پریانکا چوپڑا کار ریسنگ کا حصہ بنیں گی
ممبئی . . . سی ایم ڈی . . . بالی وڈ کی خوبرواداکارہ پریانکا چوپڑااپنے ٹی وی رئیلٹی شو خطروں کے کھلاڑی میں فارمولا 2کے ریسر کے ساتھ کار ڈرائیو کریں گی۔پریانکا چوپڑا کے لیے یہ ایک خطرناک کام ہوگا لیکن وہ اس کے لیے تیار ہیں۔پریانکا چوپڑا جو رئیلٹی شو خطروں کے کھلاڑی کی میزبان ہیں اپنے شو میں شریک فارمولا2کے ریسر ارمان ابراہیم کے ساتھ ریوڈی جینرو کے فاسٹ ٹریک پر ان کی ہم سفر ہوں گی۔ارمان ابراہیم کا کہنا ہے کہ وہ پریانکا کے ساتھ ٹریک پر ڈرائیونگ کو انجوائے کریں گے۔
راولپنڈی:شاپنگ پلازہ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا
راول پنڈی . . . راول پنڈی صدر کے علاقے میں ایک شاپنگ پلازہ آج صبح آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پا لیا گیا ۔ آگ لگنے کی اطلاعات ملتے ہی فائربریگیڈ اور ریسکیو1122 کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔ آگ لگنے سے شاپنگ پلازہ کے تیسرے فلور پر موجود گارمنٹس کی دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں ۔دو گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں ایک شخص اپنی دکان سے سامان نکالتے ہوئے شیشہ لگنے سے زخمی ہوگیا ۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔
عید مذہبی تہوار ہے،سیاست کی نذر نہ کی جائے، غلام بلور
پشاور . . . وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور کا کہنا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہماری شہادتیں نہیں مانتی ۔ پشاور میں نماز عید کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس نے عید کی اس کا بھی احترام کرتے ہیں اور جس نے روزہ رکھا ہے اس کا بھی احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید مذہبی تہوار ہے اسے سیاست کی نذر نہ کیا جائے۔
غیر معیاری وٹامن بی کمپلیکس الزائمر کا باعث بن سکتا ہے: طبی تحقیق
لندن . . . جنگ نیوز . . . ماہرین طب نے غیر معیاری وٹامن سپلیمنٹ کے استعمال کو یادداشت کی بیماری ”الزائمر“ کی وجہ قرار دے دیا ہے۔ خاص طور پر وٹامن بی کمپلیکس کی ان گولیوں کو ماہرین طب نے خطرہ قرار دیا ہے جونہایت کم قیمت میں مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ گولیاں دماغ کو سکڑنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔ وٹامن کی وجہ سے دماغ کے ٹشوز کا سکڑنا 500فیصد تک نوٹ کیا گیا ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کی اس نئی تحقیق کے بعد ماہرین طب نے امید ظاہر کی ہے کہ الزائمر کے مرض کا اب بہتر علاج ممکن ہو سکے گا۔ ڈیلی میل میں شائع ہونے والی اس تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ”ھومو سیٹاین“ ایک ایسا کمپاؤنڈ کیمیکل ہے جو جسم سے خارج ہو کر الزائمر کی وجہ بنتا ہے اور یہ کمپاؤنڈ غیر معیاری وٹامن کا نتیجہ ہوتا ہے۔ اس تحقیق میں270مریضوں کے اعداد و شمار اکٹھے کیے گیے، جن کو مختلف نوعیت کے وٹامن بی کے فارمولے استعمال کرائے گئے تھے۔ پروفیسر ڈیوڈ اسمتھ (آکسفورڈ) اور پروفیسر ہیلیگا ری فاسیم (ناروے) نے ان نتائج کو ڈرامائی قرار دیا ہے۔
بریڈ پٹ اورانجیلنا جولی نے اٹلی میں40ملین ڈالر کا گھر خریدلیا
ہالی ووڈ . . . سی ایم ڈی . . . ہالی ووڈ کی مقبول جوڑی بریڈ پٹ اورانجلیناجولی نے نیو آرلینز اور لاس اینجلس میں اپنے مینشن کے بعد اب اٹلی میں بھی ایک شاندار گھر خریدلیا ہے۔اٹلی کے پہاڑی علاقے ویلپولیسیامیں واقع40ملین ڈالرمالیت کے پُر تعیش گھر میں15شاندار بیڈ رومز،سات باتھ روم،ایک تھیٹر اور دو سوئمنگ پولزموجود ہیں۔ اٹلی میں اپنی فلمدی ٹورسٹ کی شوٹنگ کے دوران انجلینا جولی کو اٹلی اتنا پسند آیا تھا کہ اس جوڑی نے وہاں ایک مستقل رہائش گاہ خریدنے کی منصوبہ بندی کرلی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ پہلے ایک روزہ میچ میں آج مد مقابل ہونگے
لندن . . . پاکستان کرکٹ ٹیم آج میزبان انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کھیلے گی ۔ پاکستان کی جانب سے طویل القامت فاسٹ بولر محمد عرفان انٹرنیشنل ڈبیو کریں گے ۔ جیو سوپر پر یہ میچ براہ راست نشر کیا جائے گا ۔ ٹیسٹ سیریز اور پھر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم آج چیسٹر لی اسٹریٹ میں پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ایک جیت ٹیم کا مورال بلند کر سکتی ہے۔دو اہم فاسٹ بولرز محمد عامر اور محمد آصف کی جگہ ٹیم میں ہنگامی بنیادوں پر شامل کئے جانے والے طویل القامت محمد عرفان کا کردار پاکستان کے لئے اہمیت کا سبب بن سکتا ہے۔ وہ آج کے میچ سے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کریں گے، ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، شاہد آفریدی کپتان ، اسد شفیق ، محمد حفیظ ، کامران اکمل ، عمر اکمل ، محمد یوسف ، فواد عالم ، محمد عرفان ،شعیب اختر ، عمر گل اور سعید اجمل۔
پاکستان نے آئی ایم ایف سے نئے قرض کی بات چیت شروع کر دی
اسلام آباد . . . رواں سال 11.2ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی قرض ختم ہونے کے بعد پاکستان نے آئی ایم ایف سے نئے قرض کے حصول کے لیئے بات چیت شروع کر دی۔اسلام آباد میں ذرائع وزارت خزانہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ نیا قرض پاورٹی ریڈیکشن اینڈ گروتھ فسیلٹی (پی آر جی ایف) ھوگا جس کی مالیت4.5ارب ڈالر تک ہو سکتی ھے،تاہم اس قرض کے حصول سے قبل آئی ایم ایف نے موجودہ قرض اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے لیے سخت شرائط کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے، جن کے پورے ھونے کے بعد اگلا ری ویو نومبر کے آخر یا دسمبر کے شروع میں ھو گا، جس کے بعد باقی 2.6 ارب ڈالر 1.3 ارب ڈالر کی دو اقساط میں جاری کیا جائے گا۔ ان شرائط کو پورا کرنے کے لیئے وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدل حفیظ شیخ وزیر اعظم کو بریفنگ دے چکے ھیں۔
مشرق وسطیٰ، یورپی ممالک اور امریکا و کینیڈا میں آج عیدالفطر ہے
ریاض . . . سعودی عرب سمیت پورے مشرق وسطیٰ ،کئی یورپی ممالک اور امریکا و کینیڈا میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔سعودی عرب، کویت، متحدہ عرب امارات، قطر،مصر،لبنان،شام، یمن اور اردن سمیت عرب ممالک میں آج عید الفطر مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے۔مشرق وسطی میں نمازعیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام مکہ میں ہوا،جہاں خادم حرمین الشریفین شاہ عبد اللہ بن عبد العزیز اورمسلم ملکوں کے سفارت کاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں نے نماز عید ادا کی۔نماز عید کا دوسرا بڑا اجتماع مدینہ کی مسجد نبوی میں ہوا۔مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کی سخت پابندیوں کے باوجود کئی ہزارمسلمانوں نے مسجداقصیٰ میں عید الفطرادا کی جس کے بعد عالم اسلام کی سربلندی اور مسلمانوں کے اتحاد کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی،دبئی شارجہ اورالعین سمیت تمام شہروں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ بیشتر یورپی ممالک میں جمعرات کو تیسواں روزہ تھا اور وہاں مقیم مسلمان آج عید منا رہے ہیں۔برطانیہ میں لندن،برمنگھم اور مانچسٹر سمیت کئی مقامات پر نماز عید کے انتظامات کیے گئے ہیں۔برسلز اور پیرس میں رہنے والے مسلمان بھی آج عید منا رہے ہیں۔دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی میں بھی نماز عید کے بڑے بڑے اجتماع ہوئے، جب کہ دبئی میں نماز کے بعد توپ کے گولے بھی داغے گئے۔
اسپاٹ فکسنگ،سری لنکا کے تلکر دلشان سے آئی سی سی کی تفتیش کا دعویٰ
لندن . . . ایک برطانوی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ سری لنکن بیٹسمین تلکرتنے دلشان سے آئی سی سی نے اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے پوچھ گچھ کی ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا نے گزشتہ سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران آئی سی سی کو مطلع کیا تھا کہ دلشان نے لندن کے ایک نائٹ کلب میں مبینہ بک میکر سے ملاقات کی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ آئی سی سی کا اینٹی کرپشن اینڈ سیکورٹی یونٹ 2009 سے ہی دلشان کے بارے میں شکوک و شبہات سے دوچار تھا اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد آئی سی سی نے سری لنکن کھلاڑی سے تفتیش کی۔ادھر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی خبریں سری لنکن ٹیم کی 2011 میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کو نقصان پہنچانے کے لئے پھیلائی جا رہی ہیں۔
کوئٹہ،جمعتہ الوداع کی مناسبت سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات
کوئٹہ . . . کوئٹہ میں جمعتہ الوداع کی مناسبت سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، پولیس کے اعلی حکام کی قیادت میں فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔پولیس کے مطابق شہرمیں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ پولیس،بلوچستان کانسٹیبلری،انسداد دہشت گردی فورسکی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ سادہ کپڑوں میں بھی اہل کاربازاروں،امام بارگاہوں اورمساجد کے باہرڈیوٹیاں سرانجام دیتے رہے۔ پولیس نے کہا کہ نمازجمعہ کے اجتماعات میں بھی سیکیورٹی سخت کی گئی اور مساجد اورامام بارگاہو ں کے باہر واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے جس سے چیکننگ کے بعد نمازیوں کو داخلے کی اجازت دی گئی۔ سی سی پی او کوئٹہ عابد حسین نوتکانی کی زیر صدارت سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے فلیگ مارچ کیا گیا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا زرغون روڈ اسمبلی ہال کے سامنے اختتام پزیر ہوگیا۔
میرانٹی نامی سمندری طوفان چین سے ٹکراگیا
بیجنگ . . . چین کے جنوب مشرقی ساحلی صوبے میں میرانٹی نامی سمندری طوفان ٹکراگیااس سال چین سے ٹکرانے والا یہ 10 واں سمندر طوفان ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق سمندری طوفان کے ساتھ تیز ہوائیں اور شدید بارشیں ہوئیں تاہم کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں آئی۔مسلسل شدید موسم کی وجہ سے آنے والے سیلاب اور ہونے والی لینڈ اسلائیڈنگ سے چینی حکام کو سخت تشویش ہے۔ذرائع کے مطابق اس سال موسون کے شدید موسم میں تین ہزار 185 افراد ہلاک اور ایک ہزار 60 افراد لاپتہ ہیں،چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق مشرقی صوبے شان ڈونگ میں شدید طوفان سے تیل کا پیلٹ فارم گرگیا جس سے اس میں 32 افراد پھنسے گئے اور جبکہ دیگر 4پانی میں گرگئے۔
کوئٹہ،عید کی آمد سے قبل پیٹرول کی شدید قلت سے شہری پریشان
کوئٹہ . . . کوئٹہ میں عید کی آمد سے قبل ہی پیٹرول کی قلت نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے جبکہ پیٹرول پمپس مالکان کا کہنا ہے کہ شکار پور کا راستہ سیلاب کے باعث بند ہونے سے کراچی سے پیٹرول کی سپلائی نہیں ہو رہی ۔کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موجود پیٹرول پمپوں میں لوگوں کو پیٹرول کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، پمپس کے باہر گاڑیوں ، رکشوں وغیرہ کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو کئی گھنٹوں کے فاصلے طے کر کے ایک سے دوسرے پیٹرول پمپ جانا پڑتاہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کی آمد سے قبل ہی پمپ ملکان کی جانب سے ہمیشہ قلت کا رونا رویا جاتا ہے اور عید کے روز مہنگا پیٹرول فروخت کر کے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب پیٹرول پمپس انتظامیہ نے شہریوں کہ اس الزام کو رد کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث شکار پور کا راستہ بند ہے اور کراچی سے پیٹرول کی سپلائی نہیں ہو سکی۔ اس حوالے سے جب نجی پیٹرول پمپس کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں گاڑیوں کی کمی کے باعث پیٹرول کی سپلائی ممکن نہیں ہے۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے پیٹرول کی قلت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مالکان کا اجلاس بلایا اور نجی پیٹرول کمپنیوں سے رابطہ کر کے شہر میں پیٹرول کی سپلائی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آصف،سلمان،عامر آج پاکستان روانہ ہوں گے،برطانوی وکلا
لندن . . . اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پاکستانی کرکٹرز کے برطانوی وکلا نے کہا ہے کہ تینوں کرکٹرز محمدآصف ،سلمان بٹ اور محمد عامر آج پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے ۔لندن میں جاری کردہ ایک اعلامئے میں پی سی بی کی وکیل ایلیزبتھ رابرٹسن نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں کو عید منانے کے لئے واپس پاکستان بھیجا جارہا ہے ، اگر اسکاٹ لینڈ یارڈ کو مزید تفتیش کے لئے ان کی ضرورت پڑے گی تو کھلاڑی بعد میں رضاکارانہ طور پر پولیس سے تعاون کیلیے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی اور پاکستان کرکٹ بورڈ میڈیا میں شائع ہونے والی کچھ خبروں کے حوالے سے پریشان ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ محمد آصف نے کسی بھی موقع پر برطانیہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا نہیں سوچا تھا، تینوں کھلاڑیوں کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے شبہ میں ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے باہر کیا گیا۔
ذیابیطس کے مریضوں کو تپ دق ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں:تحقیق
نیویارک . . . جنگ نیوز . . . ماہرین طب کی ایک نئی تحقیق کے مطابق جو لوگ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں ان کو تپ دق لاحق ہونے کے امکانات کئی گنا ہو جاتے ہیں۔ ورلڈ ڈائبیٹز فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر انیل کپور نے اس تحقیقی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ ذیابطیس اور تپ دق سے شرح اموات پہلے ہی زیادہ ہیں، مگر جب یہ دونوں مرض ایک ساتھ ہوتے ہیں تو اس شرح کی رفتار کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے مریضوں کے بلغم کے ٹیسٹ میں اکثر و بیشتر تپ دق کی تشخیص نہیں ہوتی مگر ذیابیطس کی وجہ سے ان مریضوں کو تپ دق لاحق ہونے کے خطرات بہت زیادہ ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ان دونوں امراض کے علاج معالجے کیلئے الگ الگ ادویات کی بجائے، مشترکہ طور پر اکٹھی دوائیں تیار کرنی چاہئیں تاکہ شرح اموات پر قابو پایا جاسکے۔ یونیورسٹی آف ٹیکساس اسکول آف پبلک ہیلتھ براؤن سیویلی ریجنیل کیمپس میں یہ تحقیق مکمل کی گئی
کوئٹہ،قران پاک نذر آتش کرنے کا منصوبہ،مسیحی برادری کا احتجاج
کوئٹہ….امریکہ میں پادری کے قرآن پاک نذرآتش کرنے کے ناپاک منصوبے کے خلاف چرچ آف پاکستان کلیسائے بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرے میں عیسائی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مظاہرے کے شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر قران پاک کی بے حرمتی کے خلاف نعرے درج تھے ۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پادری شاہد صابر،پادری پطرس اور پادری شماون نے امریکی پادری کے قرآن پاک نذر آتش کرنے کے مجوزہ منصوبے کی مذمت کی ۔انھوں نے کہا کہ مسیحی برادری مذہبی کتابوں کا احترام کرتی ہے اور ایسی ناپاک حرکت کاسوچ بھی نہیں سکتی ۔انھوں نے عالمی برادری اور خاص کر مسیحی برادری سے اپیل کی کہ وہ امریکی پادری کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرے تاکہ وہ مسلمانوں کی دل آزاری پر ان سے معافی مانگے۔
طالبان امن مذاکرات میں شامل ہو جائیں،حامد کرزئی کی پیش کش
کابل….افغان صدر حامد کرزئی نے طالبان کے رہنما ملا عمر کو پیشکش کی ہے کہ وہ لڑائی بند کرکے امن مذاکرات میں شام ہو جائیں۔دارالحکومت کابل میں نماز عید ادا کرنے کے بعد ایوان صدر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر حامد کرزئی نے کہا کہ وہ افغانستان میں جاری طویل جنگ کے خاتمے کے لیے امن مذاکرات شروع کر رہے ہیں۔انھوں نے طالبان کے رہنما ملا محمد عمر اخوند سے کہا کہ وہ اپنے ہم وطنوں کے قتل اوربم دھماکے ترک کرکے بات چیت کے عمل میں شامل ہوجائیں۔ حامد کرزئی نے طالبان سے مذاکرات کے لیے گزشتہ ہفتے ایک کونسل کے قیام کا اعلان بھی کیا تھا۔
ملک کی کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان
اسلام آباد….محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین چار دن کے دوران سندھ سمیت پاکستان کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق مون سون کا نیا سسٹم بھارت کے مغربی علاقے سے پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ سسٹم پاکستان کے جنوبی خطے کی طرف بڑھے گا،اس سسٹم کی وجہ سے مون سون کی ہوائیں ملک کے مشرقی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب کی جانب سے تازہ ہوائیں پاکستان میں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں ملک کے بالائی علاقوں میں اتوار سے منگل تک بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں بتایا ہے کہ آئندہ دوروز کے دوران کراچی، حیدرآباد،میرپور خاص،نوابشاہ اور تھرپارکر سمیت صوبہ سندھ کے بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق اتوار اور پیر کوراولپنڈی،سرگودھا،لاہور،فیصل آباد اور بہاولپور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں اور خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔آئندہ دو روز کے دوران بلوچستان اور آزادکشمیر کے کئی مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔
بھارت کا بھی پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان
نئی دہلی….پاکستان کی طرف سے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی قیدیوں کی رہائی کے بعد بھارت نے بھی پاکستانی قیدیوں کورہا کرنے کااعلان کردیا ہے جنہیں عید الفطرکے بعد پاکستان کے حوالے کر دیا جائیگا۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستانی حکام کو ان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے خط موصول ہوچکا ہے اورعیدالفطر کی چھٹیوں کے بعد انہیں واہگا بارڈرپر پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس وقت بھارتی جیلوں میں پانچ سو سے زائد پاکستانی قیدی رہائی کے منتظر ہیں۔پاکستان کی طرف سے گذشتہ ہفتے مختلف مراحل میں ماہی گیروں سمیت چارسوبیالیس بھارتی قیدیوں کو واہگا بارڈر پر بھارتی حکام کے سپرد کیا گیا ہے۔
ملک کو کالاباغ ڈیم کی اشد ضرورت ہے،سلمان تاثیر
لاہور….گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ ملک کو کالاباغ ڈیم کی اشد ضرورت ہے،اس کے بغیرنہ تو فصلوں کے لیے پانی ہو گا اور نہ صنعتیں چلانے کیلیے بجلی۔گورنر ہاؤس لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنرپنجاب کاکہنا تھا کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیرکیلیے تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا سلسلہ شروع کیا جاسکتا ہے۔سلمان تاثیرکا کہناتھا کہ سیلاب کے سانحے میں قوم کے ساتھ فوج نے قابل تحسین جذبے سے کام کیا،اگلا مرحلہ متاثرین کی بحالی ہے جس میں غفلت پر وہ کبھی معاف نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں بہت غربت ہے اور وہاں ترقیاتی کاموں کی اشد ضرورت ہے۔گورنر سلمان تاثیر نے کہا کہ ’بینظیر انکم سپورٹ پروگرام‘ سے بھی سیلاب زدگان کی مدد کی جا رہی ہے اور یہ وقت وفاق اورصوبائی حکومت میں جھگڑے کا نہیں۔
طالبان کو عام شہریوں کی ہلاکتوں کی قطعی اجازت نہیں ،ملا عمر
طالبان….افغان طالبان کے سربراہ ملا عمر نے کہا ہے کہ طالبان کو عام شہریوں کی ہلاکتوں کی قطعی اجازت نہیں، امریکا اور نیٹو کوافغانستان میں شکست ہو چکی ہے اورجلد ہی طالبان کی وسیع البنیاد قومی اور اسلامی حکومت قائم ہو گی۔یہ باتیں افغان طالبان کے سربراہ ملا محمد عمر نے افغانستان میں عیدالفطر کے موقع پر پہلی بار عید خطبہ سے خطاب میں کہیں۔ ملا عمرکا خطبہ افغانستان میں طالبان کے زیر قبضہ تمام علاقوں کے نماز عید اجتماعات میں بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ اس کے علاوہ خطبہ کی کاپیاں افغانستان کے شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تقسیم کی گئیں۔ ملا عمر نے طالبان جنگجووں پر زور دیا کہ افغان عوام کو اپنے سے علیحدہ نہ سمجھیں، ان کا تحفظ طالبان کا قومی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور نیٹو کو شکست ہو چکی ہے، ہم جنگ جیت چکے ہیں، بہت جلد غیر ملکی افواج شکست تسلیم کرکے افغانستان سے نکل جائیں گی۔ ملا عمر نے امریکی صدر بارک اوباما پر زور دیا کہ وہ اپنی افواج نکالنے کیلئے پہل کریں تاکہ مزید خون خرابا نہ ہو۔ملاعمر نے کہا کہ جنگ میں کام یابی کے بعد بہت جلد افغانستان میں وسیع البنیاد تمام اقوام پر مشتمل غیر جانب دار اسلامی حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو تمام ہمسایہ اسلامی اور غیر اسلامی ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرے گی۔
لاہور،جمعتہ الوداع کی نماز عقیدت احترام سے ادا کی گئی
لاہور….لاہورمیں جمعتہ الوداع کے موقع پر بادشاہی مسجداور داتا دربار مسجد سمیت شہر کی بڑی مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات ہوئے،اس موقع پرسیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ،اجتماعات میں پاکستان کے استحکام اور سیلاب زدگان کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔لاہور میں جمعتہ الوداع کے موقع پر سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔داتا دربار ،مسجد وزیر خان ،مسجد شہدا ،جامعہ نعیمیہ،جامعہ اشرفیہ اور منصورہ میں ہزاروں مسلمانوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر مسجد اور اس کے اردگرد کے علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مساجد کے مرکزی دروازوں پر واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹکٹرز کے ذریعے ہر شخص کی چیکنگ کی جا رہی تھی۔نماز جمعہ میں علما کرام نے ملکی سلامتی ،استحکام اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔علما نے ملک میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری اور سیلاب زدگان کی جلد گھروں کو واپسی اور بحالی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔
آئندہ24گھنٹوں میں سندھ سمیت کراچی میں تیز بارش کا امکان
کراچی…آئندہ 24گھنٹوں کے دوران سندھ سمیت کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض کے مطابق بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ بھارت کی ریاست مغربی مدھیا پردیش سے سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث سندھ سمیت کراچی میں 12ستمبر تک تیز بارش کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور اس کے مضافات میں شمال مغربی علاقوں سے ہوائیں10کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
سندھ ،پنجاب اورکشمیر میں مزیدبارشوں کی پیشنگوئی
لاہور….لاہور کے بعض علاقوں میں آج موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد شہر میں گہرے بادل چھائے رہے، جبکہ سندھ ،پنجاب اورکشمیر کے مختلف علاقوں میں مزیدبارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہورکے علاقے شاہی قلعہ میں 44ملی میٹر،مصری شاہ اورشاہدرہ کے علاقوں میں 12،بارہ شہر میں تین ،اپرمال اورباغبانپورہ میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ملک کے دیگرعلاقوں سیالکوٹ میں چار،میر پورخاص،میٹھی ،شکرگڑھ مری میں دوملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔جہلم اورگلگت کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں سندھ،پنجاب اورکشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلادھاربارشوں کاامکان ہے۔
بشکریہ جنگ، اے آر وائے