URDUSKY || NETWORK

اردو سکائی اخبار 11 ستمبر 2010 | Urdu News | امریکی پادری کاقران کی بیحرمتی نہ کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا اعلان

121

Pastor-Terry-Jones

امریکی پادری کاقران کی بیحرمتی نہ کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا اعلان

نیو یارک….فلوریڈا کے پادری ٹیری جونز نے کہا ہے کہ اگرنیویارک میں گراؤنڈ زیروپر مسجد کی تعمیر منسوخ نہ کی گئی تو وہ قران پاک نہ جلانے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے گا،اس سے پہلے پادری نے دعویٰ کیا تھا کہ مسجد نہ بنانے کی ڈیل پر قرآن پاک نذرآتش کرنے کا منصوبہ منسوخ کردیا گیا ہے تاہم مسجد انتظامیہ نے واضح کیاہے کہ جونزکے ساتھ ڈیل نہیں کی گئی۔فلوریڈاکاپادری ٹیری جونز گیارہ ستمبر2010(آج)کوقرآن پاک کے دوسونسخے احتجاجاًجلاناچاہتاتھامگراب مشروط طورپرایسا کرنے سے بازرہے گا۔ٹیری جونزنے پریس کانفرنس میں کہاکہ امریکیوں کی اکثریت گراؤنڈزیروپرمسجد بنانے کی مخالف ہے اس لیے وہاں مسجدنہ بنانے کی اسے یقین دہانی کرائی گئی ہے اورچونکہ مسلمان قرآن جلانے کے مخالف ہیں اس لیے وہ ایسانہیں کرے گا۔گراؤنڈزیروپرمسجدکی تعمیرکیخلاف امریکامیں دائیں بازوکے افرادزمین ہموارکررہے تھے اورگیارہ ستمبرکے حملوں میں مسلمانوں کے مارے جانے کے باوجودیادگارکے قریب مسجدکی تعمیرکی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے تھے۔افغانستان سمیت کئی مسلم ممالک میں موجودفوج کووہاں عوام سے خطرات کاجائزہ لیتے ہوئے امریکی حکومت نے تسلیم کیاتھاکہ قرآن جلانے سے القاعدہ نئی بھرتیاں کرے گی اورامریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس نے ٹیلے فون پراس خطرے سے ٹیری جونزکوبھی آگاہ کیاتھا۔پنٹاگان میں دی گئی بریفنگ میں سینئراہلکارنے کہاکہ ماضی میں قرآن جلانے یااس کی اطلاعات ہی سے تباہ کن صورتحال پیداہوچکی ہیں اورکئی لوگ مارے گئے تھے۔پنٹاگان کے تر جمانجیف موریل کا کہنا ہے کہ ٹیری جونزکی اس حرکت پراقوام متحدہ نے بھی شدیدتشویش ظاہرکی تھی جبکہ سیکریٹری جنرل بان کی مون کاکہناتھاکہ کوئی بھی مذہب اس حرکت کی اجازت نہیں دیتااوریہ اقدام برداشت اوربین اثقافتی ہم آہنگی اورمذاہب وثقافت کے احترام سے متصادم ہے۔قرآن جلانے سے روکنے کے لیے گراؤنڈزیروپرمسجد کی تعمیرکامنصوبہ ہی ترک کر دینے کے بارے میں سوچ ہی مبصرین کے لیے حیرت کاباعث ہے۔تجزیہ کاروں کاکہناہے کہ جس شخص کے خلاف پوری دنیایک زبان تھی اسے خوش کرنے کے لیے علامتی مقام پرمسجد کی تعمیر روک دی گئی تویہ انتہاپسندوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے مترادف ہوگا۔

عیدالفطرآج پورے مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے

کراچی … ملک کے بیشتر علاقوں میں آج عیدالفطرپورے مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے۔ملک میں بدترین سیلاب کے باعث اس مرتبہ عید کو سادگی سے منایاجارہا ہے۔بیشترسرکاری تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔ملک کے چھوٹے بڑے قصبوں اورشہروں میں نمازعید کے اجتماعات ہورہے ہیں جس میں ملک کی سلامتی، ترقی ، خوشحالی، سیلاب زدگان کی مشکلات میں کمی ،جلد بحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ راولپنڈی اسلام آباد، لاہور، کراچی ، حیدرآباد اور کوئٹہ سمیت بڑے شہروں میں مساجد کے علاوہ عیدگاہوں میں بھی نمازعید کے اجتماعات ہورہے ہیں۔اس موقع پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔صدرآصف علی زرداری نے اپنے عید کے پیغام میں کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث عیدالفطر کی خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں، پورا ملک سیلاب زدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے،عیدکے دن سیلاب زدگان کے دکھوں کو کم سے کم کرنے کا سامان کرنا چاہئے،لوگ عید کی خوشیوں میں متاثرین کوبھی شریک کریں اور ان کی ہر طرح سے مدد کریں ۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے عید پیغام میں کہا ہے کہ آج کادن قوم سے سیلاب زدہ بھائیوں اوربہنوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا تقاضا کرتا ہے، سیلاب سے اجڑی ہوئی بستیوں ، تباہ حال گھروں کی تعمیرنو اور سیلاب زدگان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح اور قومی ذمہ داری ہے۔

ملک کے بیشتر شہروں کے شاپنگ سینٹرز میں خریداروں کا رش

کراچی … ملک کے بیشتر شہروں میں عید الفطر کی تیاریاں چاند رات کے دوران بھی زورشورسے جاری رہیں اور خریداری کے لیے شاپنگ سینٹرز میں لوگوں کا رش لگا رہا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔چاند رات منانے کی روایت صدیوں سے مسلم ثقافت کا حصہ ہے۔ مگر اب عید کے دن سے بھی زیادہ اہتمام کے ساتھ چاند رات منائی جاتی ہے۔سڑکوں بازاروں میں رات بھررونق رہتی ہے۔ کوشش یہی ہوتی ہے کہ جو لوازمات خریدنے سے رہ جائیں انھیں خوشیوں بھری اِس رات کو ہی حاصل کرلیا جائے۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی چاند رات کوعید کی خریداری اپنے عروج پر رہی۔اور یہ سلسلہ صبح سویرے تک جاری رہا۔۔ خواتین اور بچوں کا جوش و خروش تو دیدنی تھا۔ تاہم بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے سادگی کا پہلو بھی نمایاں رہا۔ کراچی کے شاپنگ سینٹرزلیاقت آباد، مینا بازار، انارکلی، پاپوش نگر، حیدری، طارق روڈ، بہادرآباد، صدر، ایمپریس مارکیٹ اور کلفٹن سمیت کئی کاروباری مراکز میں خوب گہما گہمی رہی۔ مردوں کا رش جوتوں اورکرتا شلوار سوٹ کی دکانوں پر رہا تو خواتین میں ملبوسات کے علاوہ چوڑیاں، مہندی اورمصنوعی جیولری کی خریداری بھی زوروں پر رہی۔ لڑکیاں بناؤ سنگھار کیلئے بیوٹی پارلرز کا رخ کرنا بھی نہ بھولیں۔پاکستان کے دل لاہور میں بھی چاند رات کی گہما گہمی اپنے عروج پر رہی۔ فورٹریس اسٹیڈیم اور انارکلی بازار میں خاص طور پر لوگوں کا رش لگارہا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جہاں کے رہائشی عید کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کو کوچ کرجاتے ہیں وہاں بھی اس بار بازاروں میں رونقیں دیکھنے کو ملیں۔ جناح سُپر مارکیٹ میں مہندی اور چوڑیوں کے اسٹالز پر خاصا رش دیکھنے میں آیا۔کوئٹہ کے لیاقت بازار میں بھی چاند رات کی خوشیاں اپنے عروج پر رہیں۔ دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی عید کی روایتی گہما گہمی نظر آئی۔ تاہم سیلاب سے متاثرہ علاقے چاند رات کی رونقوں سے محروم رہے۔

ہیری پوٹر کا نیا جدید ترین ویڈیو گیم نومبر میں مارکیٹ میں آئیگا

نیویارک…ہیری پوٹر کا نیا جدید ترین ویڈیو گیم نومبر میں مارکیٹ میں آئے گا۔ بغیر کنٹرولر کے کھیلا جاسکے گا۔ہیری پوٹر اینڈ دی ڈیتھلی ہولوز پارٹ ون کا ویڈیو گیم برطانوی ڈیزائنرز نے تیار کیا ہے۔ اسے مائیکروسوفٹ کے نئے Kinect پلیٹ فارم پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ جدید موشن سینسنگ گیم سسٹم کے ذریعے ویڈیو گیم کھیلنے والا بغیر کنٹرولر کے تمام تر ایکشن اور جنتر منتر کرسکے گا۔ دراصل یہ سسٹم موشن سینسنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے پلیئر کو کیمرے کے ذریعے شناخت کرتا ہے۔ اس طرح کھیلنے والے کی حرکات و سکنات ہی اسکرین پر موجود کریکٹرز کو کنٹرول کرتی ہیں۔یہ جدید ترین ویڈیو گیم نومبر میں اُس وقت ریلیز کیا جائے گا جب ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم بھی سینماؤں کی زینت بنے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے متاثرین سیلاب کیساتھ چاند رات منائی

راجن پور…وفاقی وزیر برائے بہبود آبادی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ہمراہ چاند رات منائی اس موقع پر انہوں نے بچیوں کو مہندی لگائی اور خواتین کو عیدگفٹ تقسیم کئے ۔راجن پو ر کے علاقے کوٹ مٹھن میں ایک ریلیف کیمپ میں وفاقی وزیر برائے بہبود آبادی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مذہبی اسکالر طیبہ بخاری کے ہمراہ چاند رات منائی اس موقع پر انہوں نے سیلاب سے متاثرہ بچیوں کو مہندی لگائی اور خواتین میں عید کے لئے کپڑے، چوڑیاں اور دیگر تحائف تقسیم کئے ، بعد انہوں میڈیا سے گفتگومیں کہا ہے کہ وہ عید کے ایام ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گزارکر روحانی خوشی محسوس کررہی ہیں اور ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ وہ اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں ہیں وفاقی حکومت اور پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

نصیر آباد میں 220کے وی ٹرانسمیشن لائن کا ٹاور دھماکے سے تباہ

نصیرآباد…گدو اوچ سبی کے درمیان220کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ایک ٹاور کو نامعلوم افراد نے نصیر آباد کے علاقے چھتر میں دھماکہ خیز موادسے اڑا دیا جس کے باعث ڈبل سرکٹ کی دو لائنیں بند ہوگئیں صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کردیاگیا، کیسکو ذرائع کے مطابق 220کے وی کی ٹرانسمیشن لائن کا ایک ٹاورتباہ ہونے سے کوئٹہ آنے والی ڈبل سرکٹ کی دو لائینیں بند ہوگئیں جس کی وجہ سے صوبے میں تین سو میگا واٹ بجلی کی کمی ہوگئی ہے کیسکو نے اس کمی کو پورا کرنے کیلئے کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کردیاگیا۔ جبکہ این ٹی ڈی سی کا عملہ ٹاور کی مرمت کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔

بابائے قوم محمد علی جناح کی62 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

کراچی … بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 62 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔مختلف مساجد میں ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں جائیں گی۔کراچی میں مزار قائد پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی، مختلف سیاسی، سماجی ، ثقافتی اورتعلیمی اداروں کی جانب سے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔جس میں بابائے قوم کی پاکستانی قوم کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور ان کے روح کو ایصال ثواب کیا جائے گا۔

سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر لندن سے لاہور پہنچ گئے

لاہور … کرکٹ کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے پاکستانی کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کا جو لندن سے لاہور پہنچ گئے۔اس موقع پر کھلاڑیوں کیخلاف اور ان کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی ۔ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر موجود شائقین کرکٹ نے کھلاڑیوں کے خلاف نعرے بازی کی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والوں کے ہاتھوں میں جوتے تھے جو انہوں نے متعدد بار لہرائے۔اسی موقع پر سلمان بٹ کے کرکٹ کلب سے وابستہ افراد نے کھلاڑیوں کے حق میں نعرے بازی کی اور انگلش پریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔جبکہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے تینوں کرکٹر ز ایئرپورٹ کے پچھلے گیٹ سے گھروں کو روانہ ہو گئے ۔
بشکریہ جنگ، اے آر وائے