URDUSKY || NETWORK

سام سنگ گلیکسی اے سیریز کے فونزکی قیمتوں میں کمی

81

سام سنگ نے پاکستان میں گلیکسی اے سیریز کے اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں کمی کردی ہے۔

واٹ موبائل کی ایک رپورٹ کے مطابق سام سنگ کی جانب سے گلیکسی اے سیریز کے 6 فونز کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سام سنگ دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی ہے اور پاکستان میں بھی اس کی ڈیوائسز کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

سام سنگ کی جانب سے گلیکسی اے 10، اے 20، اے 30، اے 50، اے 70 اور اے 80 کی قیمتوں میں ڈیڑھ ہزار سے 5 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گلیکسی اے 10، اے 30 اور اے 50 کو رواں سال مارچ میں پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا، گلیکسی اے 20 اور اے 70 اپریل میں متعارف ہوئے تھے جبکہ اے 80 رواں ماہ ہی صارفین کو دستیاب ہوا۔

سام سنگ گلیکسی اے 10 اس سیریز کا سب سے کم قیمت فون ہے جس کی قیمت اب ڈیڑھ ہزار روپے کمی سے 23 ہزار 500 روپے کی بجائے 21 ہزار 999 روپے کردی گئی ہے۔

اسی طرح گلیکسی اے 20 کی قیمت بھی 1500 روپے کمی سے 31 ہزار 500 روپے سے کم ہوکر 29 ہزار 999 روپے ہوگئی ہے۔

گلیکسی اے 30 کی قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے جو اب 40 ہزار 999 روپے کی بجائے 37 ہزار 999 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

گلیکسی اے 50 کی قیمت 54 ہزار 999 روپے سے کم کرکے 51 ہزار 999 روپے جبکہ گلیکسی اے 70 کی قیمت 67 ہزار 999 روپے کی جگہ 64 ہزار 999 روپے کردی گئی ہے۔

سب سے زیادہ کمی گلیکسی اے 80 کی قیمت میں کی گئی ہے جو ایک لاکھ 19 ہزار 999 روپے میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا، مگر اب 5 ہزار روپے کمی سے ایک لاکھ 14 ہزار 999 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔