URDUSKY || NETWORK

آج سارا پاکستان کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے

55

 وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ آج سارا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے، 80 لاکھ کشمیری 4 ہفتوں سے کرفیو کے باعث بند ہیں، کشمیریوں کی آزادی تک آخری دم تک ان کیساتھ کھڑے ہیں، افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جب مسلمانوں کیخلاف کچھ ہوتا ہے تو عالمی برادری خاموش رہتی ہے، مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ آزاد کشمیر میں کچھ کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اظہار یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آر ایس ایس کی سوچ نے بھا رت پر قبضہ کر لیا ہے جو دیگر مذاہب کو برابری کا حق نہیں دیتا بلکہ ہندو راج کو مانتا ہے۔ آر ایس ایس جرمن نازی پارٹی سے متاثر ہو کر بنائی گئی جس میں ناصرف مسلمانوں کیخلاف نفرت ہے بلکہ دیگر مذاہب کو بھی برابری کا حق نہیں دیتی، آر ایس ایس اور بی جے پی نہ نہروں کا نظریہ مانتے ہیں نہ بھارت کے آئین کو مانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اور دیگر ممالک کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو بتایا ہے جبکہ یورپی اور عرب سربراہان کو بھی مودی اور آر ایس ایس کے نظرئیے کے بارے میں بتایا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کیخلاف دنیا بھر میں مہم چلائیں گے اور کشمیر کی آزادی تک آخری دم تک ان کیساتھ کھڑے رہیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مودی کو واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ آزاد کشمیر میں کچھ کیا تو ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے اور ہماری فوج مکمل طور پر تیار ہے لیکن دنیا کو یہ پتہ چلنا چاہئے کہ ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دو ملک جب آمنے سامنے آئے تو صرف برصغیر کو نقصان نہیں ہو گا بلکہ دنیا کو نقصان ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر پر مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت پاکستان کیخلاف منفی پراپیگنڈہ کرتا ہے اور میں پوری دنیا سے کہتا ہوں کہ اگر آپ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر آج چپ بیٹھے تو اس کا اثر ساری دنیا پر جائے گا۔