URDUSKY || NETWORK

بھارت: 700 مسافروں کو بچا لیا

29

Indian navy rescues 700 people stranded on train in massive flood.

نئی دہلی: بھارتی نیوی کے ہیلی کاپٹروں اور دیگر امدادی اداروں نے ممبئی میں سیلاب میں پھنسی ٹرین سے 700 سے زائد مسافروں کو بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی مطابق مہالکشمی ایکسپریس جمعے کے روز ممبئی سے کولھپور کے لیے روانہ ہوئی تھی لیکن اسٹیشن سے 60 کلومیٹر دور اس وقت سیلاب میں پھنس گئی جب دریاں کے کنارے پر موجود ٹریک پانی کی زد میں آگیا۔

مذکورہ ٹرین 12 گھنٹے تک ضلع تھانے میں مذکورہ مقام پر پھنسی رہی اور بعد ازاں حکام نے ٹرین کے مسافروں کو نکالنے کے لیے انڈین نیوی اور نشینل ڈیزاسٹر رسپانس فورسز (این ڈی آر ایف) کو طلب کیا، جنہوں نے مسافروں کے بچاؤ کے لیے پہلی کاپٹر، کشتیوں اور ڈائیورز تعینات کیے۔

بھارتی ریلویز کے مطابق آپریشن کے آغاز کے 5 گھنٹے کے بعد ہی ٹرین کو خالی کروالیا گیا، مسافروں میں 9 حاملہ خواتین بھی شامل تھیں۔

آپریشن کے دوران لی گئیں تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے مسافروں نے لائف جیکٹ پہن رکھی ہے اور انہیں ٹرین سے نکالا جارہا ہے جبکہ ٹرین کو کیچڑ میں دیکھا جاسکتا ہے، جس نے اطراف کی اراضی کو بھی نقصان پہنچایا۔

آپریشن کے دوران 37 ڈاکٹرز کو بھی ایمبولنسز کے ذریعے مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے لیے بھیجا گیا تھا، اس کے علاوہ مسافروں کو خوراک اور پانی بھی مہیا کیا گیا۔

سرکاری کمپنی کے ترجمان کے مطابق ‘خصوصی ریلیف ٹرین’ کے ذریعے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے روانہ کردیا گیا۔

یاد رہے کہ مون سون بارشوں کے باعث ممبئی کے انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے روانہ ہونے والی 11 فلائٹس کو منسوخ کرنا پڑا جبکہ یہاں آنے والی 9 فلائٹس کو مختلف ایئرپورٹس پر موڑ دیا گیا۔

اس کے علاوہ ممبئی سے گوا جانے والی اہم ہائی وے کو پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے بند کردیا گیا۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ممبئی کے مختلف علاقوں میں 8 انچ یا 20 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

خیال رہے کہ گذشتہ 2 ہفتوں کے دوران سیلاب کے باعث بھارت میں 250 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور آسام اور بہار کی ریاستیں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں۔

بھارتی فوج کے مطابق آسام کے ضلع نالباری میں حالیہ دنوں میں 150 افراد کو ان کے متاثرہ مکانات سے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔