URDUSKY || NETWORK

برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن آج پاکستان کے دورے پر آئیں گے

37

Kate Middleton And Prince William’s Royal Trip To Pakistan

اپنے دورہ پاکستان کے دوران برطانوی شاہی جوڑا مختلف مکاتب فکر سے وابستہ افراد اور نوجوانوں سے ملے گا۔ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ لاہور اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ بھی کریں گے۔

0:00/0:00
Skip in 5
0:00/0:00
Skip in 5

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن آج  رات9بجے اسلام آباد پہنچیں گے۔ شاہی جوڑا 15اکتوبر کو صدرمملکت اوروزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا ۔ شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ سکول کا بھی دورہ کریں گے اور خیراتی پروگرام میں بھی حصہ لیں گے۔

شہزادہ ولیم اوران کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن 16اکتوبرکولاہورکادورہ کریں گے جہاں وہ ایس او ایس ویلج اوربادشاہی مسجدکادورہ کریں گے ، وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورکا دورہ بھی کریں گے۔ شاہی جوڑا 17اکتوبر کو چترال کا دورہ کرے گا جس کے بعد وہ 18 اکتوبر کو واپس برطانیہ روانہ ہوجائیں گے۔

برطانوی شاہی جوڑا اپنے بچوں کے بغیر ہی پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے آ رہا ہے ، دورے میں ان کے ہمراہ شاہی محافظین اور طبی ماہرین کے علاوہ 40 سے زائد صحافی بھی موجود ہوں گے۔

خیال رہے کہ برطانیہ کے شاہی خاندان کے کسی رکن کی جانب سے 13 سال بعد دورہ پاکستان کیا جارہا ہے۔ آخری بار 2006 میں شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر پاکستان کے دورے پر آئی تھیں۔

علاوہ ازیں شہزادہ ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا پاکستان کا تین بار دورہ کرچکی ہیں۔ پہلی بار وہ اپنے شوہر چارلس کے ساتھ 1991 میں پاکستان آئی تھیں۔ شوہر سے علیحدگی کے بعد وہ 1996 اور 1997 میں جمائمہ خان کی دعوت پر شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ اور افتتاحی تقریب کے سلسلے میں پاکستان آئیں۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم خود بھی دو مرتبہ 1961 اور 1997 میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔ پہلی بار جب وہ پاکستان آئیں تو اس وقت کے دارالحکومت کراچی کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور ان کا پرجوش استقبال کیا۔ دوسری مرتبہ ملکہ برطانیہ پاکستان کی آزادی کی 50 سالہ تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آئی تھیں۔