URDUSKY || NETWORK

راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز، کم روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا

27

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بارش کے باعث کھیل کا آغاز تاخیر سے ہونے کے بعد سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے تاہم خراب روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بارش کے بعد آؤنڈ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ کا آغاز وقت پر نہیں ہوسکا اور گراؤنڈ خشک ہونے اور کھانے کے وقفے کے بعد دوپہر ایک بچے کے بعد میچ شروع ہوا۔

میچ کے تیسرے دن سری لنکا نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو دھننجیا ڈی سلوا 72 رنز اور دلروان پریرا 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا تو دھننجیا ڈی سلوا اور دلروان پریرا نے ٹیم کے اسکور کو 282رنز پر پہنچایا کہ خراب روشنی کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف 5وکٹ کے نقصان پر 202رنز بنائے تھے۔

گزشتہ روز بارش کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل بری طرح متاثر ہوا تھا اور پورے دن میں صرف 18.2 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا تھا۔

اب تک 3 دن میں صرف 91.5اوورز کرائے گئے ہیں جس کے بعد اس میچ کا نتیجہ آنا بعیدازقیاس ہی محسوس ہوتا ہے۔

سری لنکا نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 6وکٹوں کے نقصان پر 263رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے دو دو، جبکہ عثمان شنواری اور محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ملک میں 10 سال بعد ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے فواد عالم کو بھی 10 سال بعد ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن پہلے ٹیسٹ کے لیے منتخب کردہ اسکواڈ میں وہ اور یاسر شاہ جگہ نہ بناسکے۔

پاکستانی ٹیم: میں کپتان اظہر علی کے علاوہ حارث سہیل، عابدعلی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمدرضوان، محمدعباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

سری لنکن ٹیم: میں پہلے ٹیسٹ میچ میں نروشن ڈک ویلا، دھننجیا ڈی سلوا، دلروان پریرا، وشوافرنینڈو، کاسون راجیتھا، لہرو کمارا، دیموتھ کرونارتنے، اوشادافرنینڈو، کوشال مینڈس، انجیلومیتھیوز اور دنیش چندیمل سری لنکن ٹیم میں شامل ہیں۔