کھیل و صحت

کپ تان کے بغیر کپ کی تلاش میں

فروری سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے لیکن فی الحال ٹیم کے کپتان کے نام کا اعلان نہیں ہوا۔

کپتان کے نام کے اعلان میں تاخیر سے ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملتی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ شاہد آفریدی سے خوش نہیں ہے اور وہ بحیثیت کپتان ان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی کارکردگی دیکھنا چاہتا ہے۔

گزشتہ سال ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور پھر جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھی ٹیموں کا اعلان بغیر کپتان کے کیا گیا تھا اور بعد میں شاہد آفریدی کو کپتان بنانے کا اعلان کیا گیا۔

نیوزی لینڈ کے دورے میں ون ڈے سیریز کی ٹیم کے سولہ میں سے پندرہ کھلاڑی ورلڈ کپ کے لیے برقرار رکھے گئے ہیں۔ فاسٹ بولر تنویراحمد کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین محمد یوسف سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔محمد یوسف کو فٹ نہ ہونے کے سبب نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

تیس ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل وکٹ کیپر کامران اکمل حتمی ٹیم میں بھی شامل کر لیے گئے ہیں۔ان کے علاوہ ٹیم میں دو اوپنرز احمد شہزاد اور محمد حفیظ بھی ہیں۔

احمد شہزاد پہلی بار ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

مڈل آرڈر بیٹنگ یونس خان۔ مصباح الحق اسد شفیق اور عمراکمل پر مشتمل ہے۔ یونس خان دو ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں البتہ مصباح الحق کا یہ پہلا ورلڈ کپ ہوگا۔شاہد آفریدی اور عبدالرزاق آل راؤنڈر کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہیں۔

شاہد آفریدی کا یہ چوتھا ورلڈ کپ ہوگا۔

سپن بولنگ کا شعبہ عبدالرحمن اور سعید اجمل سنبھالیں گے جبکہ چار تیز بولرز عمرگل، شعیب اختر، وہاب ریاض اورسہیل تنویر پر سلیکٹرز نے اعتماد ظاہر کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے گروپ اے میں سری لنکا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، زمبابوے، کینیا اور کینیڈا کے ساتھ ہے۔

پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ تئیس فروری کو کینیا کے خلاف ہمبنٹوٹا میں کھیلے گی۔

بشکریہ:بی بی سی ڈاٹ کام

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button