URDUSKY || NETWORK

اولمپیئن اور گولڈ میڈلسٹ ذاکر حسین انتقال کرگئے

74

پاکستان ہاکی کا اور عظیم باب بند ہوگیا، قومی ٹیم کو متعدد فتوحات اور میڈلز سے ہمکنار کروانے والے اولمپیئن ذاکر حسین 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے واہ کینٹ میں ادا کی جائیں گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر بریگیڈیئر (ر) سجاد کھوکھر اور سیکریٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ نے عظیم اولپمیئن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

دونوں عہدیداران نے گولڈ میڈلسٹ گول کیپر کی بلندی درجات کی درجات کی دعا بھی کی۔

خیال رہے کہ اولمپیئن ذاکر حسین نے 1956 اور 1968 میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ہونے والے 1956 کے اولمپک گیمز کے فیلڈ ہاکی کے مقابلوں میں ذاکر حسین پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے جہاں اسے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں فائنل میں 0-1 سے شکست دے دی تھی۔

تاہم پاکستانی ٹیم نے اس شکست کا مداوا 1960 میں ہونے والے اولمپکس کے ہاکی مقابلوں کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر پورا کرلیا تھا۔

ذاکر حسین نے میکسیکو میں ہونے والے 1968 کے اولمپک مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جہاں پاکستان نے فائنل میں آسٹریلیا کو 1-2 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ گولڈمیڈل حاصل کیا تھا۔

سابق چیمپیئن کی کامیابیوں کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوتا، بلکہ انہوں نے 158 اور 1962 کے ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

دونوں ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔