URDUSKY || NETWORK

دنیا بھر میں خواتین کی صحت کی دیکھ بھال کو نظر انداز کیا جارہاہے: عالمی ادارہٴ صحت

128

دنیا بھر میں خواتین کی صحت کی دیکھ بھال کو نظر انداز کیا جارہاہے: عالمی ادارہٴ صحت

رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر کے معاشرے خواتین کو ان کی زندگی کے اہم مراحل میں ان کو درکار صحت کی دیکھ بھال کی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہیں، خاص طورپر بلوغت اور بڑھاپے کے ادوار میں۔

صحت اور سلامتی کیلئے خواتین کو وقت پر چیک اپ کرانا چاہیے

عالمی ادارہٴ صحت نے لڑکیوں اور خواتین کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی اپیل کی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں لڑکیوں اور عورتوں کو معاشرے میں ان کو دیے گئے کمتر مقام کے باعث روا رکھے جانے والے تعصب کی بنا پر صحت کی وہ سہولتیں فراہم نہیں کی جاتیں جن کی انہیں ضرورت ہے۔
خواتین کو متاثر کرنے والے صحت کے مخصوص مسائل کے بارے میں مثلاً زچگی کے دوران دیکھ بھال وغیرہ کے بارےمیں کئی رپورٹیں شائع ہوچکی ہیں، لیکن یہ پہلا مطالعاتی جائزہ ہے جس میں صحت کے ان مسائل کا ایک مربوط انداز میں جائزہ لیا گیا ہے جو خواتین کو زندگی کے ان کے پورے دورانیے میں متاثر کرتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر کے معاشرے خواتین کو ان کی زندگی کے اہم مراحل میں ان کو درکار صحت کی دیکھ بھال کی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہیں، خاص طورپر بلوغت اور بڑھاپے کے ادوار میں۔

جان ہے تو جہان ہے

عالمی ادارہٴ صحت کی ڈائریکٹر جنرل مارگریٹ چن نے کہا ہے کہ اس ناکامی کی کئی پیچیدہ وجوہات ہیں۔ لیکن انہوں نے کہا کہ اس مطالعاتی جائزےسے حاصل شدہ اعداد وشمار کے تجزیے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ خواتین کے خلاف جنسی تفریق اور خراب صحت کے درمیان براہ راست تعلق موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک خواتین کو دنیا کے اتنے بہت سے حصوں میں دوسرے درجے کا شہری سمجھا جائے گا، ان کی صحت میں کوئی نمایاں بہتری نہیں ہوگی۔
رپورٹ سے ظاہر ہوا ہے کہ دنیا بھر میں لگ بھگ سات کروڑ 30 لاکھ خواتین پر ہر سال ایک بار شدید ڈیپریشن کا حملہ ہوتا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے خواتین کی صحت سے متعلق شعبے کی ڈائریکٹر ٹونیا نیا گیرو کہتی ہیں کہ معاشرہ خواتین کو ہر عمر اور ان کی زندگی کے ہر مرحلے میں ناکامیوں سے دوچار کرتا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ لڑکیوں اور بڑی عمر کی خواتین کی صحت کی دیکھ بھال کو خاص طورپر نظر انداز کیا جاتا ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ معمر خواتین کی موت کا ایک بڑا سبب دل کے امراض ہیں۔ دل کی بیماری کو عام طورپر مردوں کا مرض سمجھا جاتا ہے اور اکثر اوقات بڑی عمر کی خواتین کو اس لیے نظر انداز کردیا جاتا ہے کیونکہ ان کی علامات مختلف ہوتی ہیں اور ان کی بیماری کا جلدی پتا نہیں چلتا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں خواتین صحت کی نگہداشت کا بڑا حصہ فراہم کرتی ہیں، چاہے وہ گھر میں ہو، کمیونٹی میں ہو یا صحت کے نظام سے وابستہ ہو۔لیکن جب خواتین اپنی صحت کی دیکھ بھال کا مسئلہ سامنےآتا ہے، تورپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہمارا نظام خواتین کو ان کی پوری زندگی کے دوران ان کی مخصوص ضروریات اور چیلنجوں سے نمٹنے میں مسلسل ناکام ثابت ہورہاہے۔
بشکریہ DWD