URDUSKY || NETWORK

ممبئی حملوں کا ’ماسٹر مائنڈ‘ پاکستان میں گرفتار،امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کردیا

59

واشنگٹن ایک ایسے وقت میں جب عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ سنایا جارہا ہے ، ایسے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ کو پاکستان سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ کی پاکستان سے گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ’ 10 سال کی تلاش کے بعد ممبئی دہشتگرد حملوں کا نام نہاد ’ ماسٹر مائنڈ‘ پاکستان سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گزشتہ 2 برس سے پاکستان پر اس کی گرفتاری کیلئے شدید دباﺅ ڈالا جارہا تھا۔‘

خیال رہے کہ آج (بدھ کو) کاﺅنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے کالعدم جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا ہے۔ انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنی ضمانت کے سلسلے میں گوجرانوالہ جارہے تھے۔

حافظ سعید کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں جس میں ضمانت قبل اَز گرفتاری کے لیے وہ لاہور سے انسداد دہشت گردی گوجرانوالہ کی عدالت جارہے تھے جہاں انہیں سی ٹی ڈی پنجاب نے گوجرانوالہ کی حدود میں داخل ہونے پر گرفتار کرلیا۔

حافظ سعید کو گرفتاری کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ حافظ سعید نے منگل کو ایک مقدمے میں ضمانت قبل ازگرفتاری بھی کرائی تھی۔انہیں گرفتاری کے بعد انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں ان کا سات روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظورکرلیا گیا ہے۔