URDUSKY || NETWORK

میچ فکسنگ رپورٹ،اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے تفتیش شروع کر دی

72

میچ فکسنگ رپورٹ،اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے تفتیش شروع کر دی

لندن…برطانوی اخبارکی میچ فکسنگ کے حوالے سے رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے تفتیش شروع کردی،پاکستانی کرکٹرز سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے میچ فکسنگ میں ملوث سات پاکستانی کھلاڑیوں کے پاسپورٹ طلب کر لئے ہیں ۔اسکاٹ لینڈ یارڈپولیس نے سینٹرل لندن کے علاقے میں واقع اس ہوٹل پر چھاپہ مارا جہاں پاکستانی کھلاڑی ٹھہرے ہوئے ہیں۔پولیس نے کھلاڑیوں کے کمروں کی تلاشی لی جہاں سے رقم، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر کاغذات برآمد کرکے تحویل میں لے لیے۔کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ بھی کی گئی،جب کہ ہوٹل سے میچ فکسنگ میں ملوث مظہر مجید نامی شخص کو گرفتار کرلیا گیا جس نے ہرے رنگ کا سوٹ پہنا ہوا تھا۔واقعے کے بعد برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے اسکاٹ لینڈ یارڈسے رابطہ کرلیا۔ برطانوی پولیس نے واقعے سے آئی سی سی اور پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم منیجر یاور سعیدنے جیونیوز سے گفت گو کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستانی ٹیم کے کسی بھی کھلاڑی کو گرفتار نہیں کیا گیا، جب کہ میچ آج اپنے مقرر وقت پر کھیلا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ برطانوی پولیس سے رابطے میں ہیں اور ان کے سوالات کے جوابات دے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق صورت حال آج واضح ہو جائے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کا کوئی آفیشل یا کھلاڑی گرفتار نہیں ہوا تاہم ایک شخص کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ تفتیش سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم میچ اتوار کے روز اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا۔ ادھر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے چیئرمین اقبال محمد علی خان نے جیونیوز سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی ملک کی بدنامی کا سبب بنے ہیں، اور ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔
آن لائن