URDUSKY || NETWORK

بریکنگ نیوز : – اردو سکائی اخبار 8 ستمبر 2010 | Urdu Breaking News | دادو کی گیارہ یونین کونسلز میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرریڈ الرٹ

126


دادو کی گیارہ یونین کونسلز میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرریڈ الرٹ

دادو…ضلع دادو کی تحصیل جوہی کے ایف پی بند کے115 فٹ چوڑے شگاف کے باعث تحصیل دادو کی15 میں سے گیارہ یونین کونسلز کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظرریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ میہڑ شہر کو سیلابی ریلے نے تین اطراف سے گھیر لیا ہے شہر کی تقریباً90 فیصد آبادی نقل مکانی کرچکی ہے۔ایف پی بند حفاظتی بند کو پر کرنے کا کام آرمی انجینئرنگ کور کے حوالے کردیا گیا ہے۔ شگاف پر کرنے کے لئے آرمی انجینئرنگ کور کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی دیہاتی اور اریگیشن کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ تحصیل دادومیں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ کی طرف سے ریڈالرٹ جاری ہونے کے بعد مقامی آبادیوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ جبکہ شگاف سے نکلنے والے پانی کے ریلے نے45 سے زائد دیہات اور کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں اپنی لپیٹ میں لے لی ہیں۔ دوسری جانب سپریوبند میں پڑنے والے شگاف کے باعث سیلابی ریلے نے میہڑ شہر کو تین اطراف سے گھیر لیا ہے جبکہ شہر کی نوے فیصد آبادی محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکی ہے۔ شہر کو بچانے کے لئے عارضی طور پر باندھا گیا بند مضبوط کرنے کے لئے باقی رہ جانے والے شہریوں نے بھی کام شروع کردیا۔

اعصا م الحق یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں پہنچ گئے

نیویارک. . . . .. .. . پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق اور بھارت کے روہن بوپانا یو ایس اوپن مسکڈ ڈبلز کے فائنل میں پہنچ گئے ۔نیویار ک میں جاری یو ایس اوپن میں پاکستان کے اعصام الحق کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اعصام الحق کوینا پیشکے کی جوڑی نے گرون اور مارک نولیں کو شکست دی۔اعصام الحق اور کو یناہ پیشکے کی جوڑی نے6-7،7-6 سے فتح حاصل کی۔اعصام الحق کسی بھی گرینڈ سلیم کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

دنیا بھر میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،ہلیری کلنٹن

واشنگٹن. .. . .. . ..امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں پائیدار امن کے قیام کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ نیت صاف ہو تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ان خیالات کااظہارانھوں نے امریکی محکمہ خارجہ میں مسلم کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب میں کیا جس میں امریکی اعلیٰ حکام اور مسلم کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان معطل شدہ امن مذاکرات کی بحالی سے یہ سبق ملتا ہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود کسی بھی مسئلے پر پیشرفت ممکن ہے۔ مختلف خیالات کے حامل افراد اگر ایک دوسرے کے موقف کا احترام کریں تو مفاہمت کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ فلوریڈا میں قرآن کریم کے نسخے جلانے کے منصوبے کی تمام طبقات نے ایک آواز ہوکر واضح الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے گستاخانہ اور عدم احترام پر مبنی حرکت قراردیا ہے۔

لاہور:ادیب اور شاعر ڈاکٹر وزیر آغا88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

لاہور. . . . .. . اردو ادب کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ادیب اور شاعر ڈاکٹر وزیر آغا 88 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔ڈاکٹر وزیر آغا 18 مئی 1922 کو ضلع سرگودھا کے گاؤں وزیر کوٹ میں پیدا ہوئے انہوں نے انشائیہ کی صنف کو متعارف کروایا اور جدید نطم کے بھی بانی تھے ڈاکٹر وزیر آغا نے 50 سے زائد کتابیں لکھی ہیں ان میں آدھی صدی کے بعد، دستک اس دروازے پر شامل ہیں۔ڈاکٹر وزیرآغا کو ان کی ادبی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ان کی وفات کے بعد اردو ادب کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔منیر نیازی،قتیل شفائی اور احمد ندیم قاسمی کی وفات کے بعد ان کا وجود اردو ادب کے لئے غنیمت تھا ۔ڈاکٹر وزیر آغا کو آج نماز عصر کے بعد وزیر کوٹ میں دفن کیا جائے گا۔

میرانشاہ میں جاسوس طیارے کا حملہ،6افراد ہلاک

میرانشاہ…شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں جاسوس طیارے کے میزائیل حملے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق میزائیل حملہ میران شاہ میں غلام خان روڈ پر درگاہ منڈی کے علاقے میں کیا گیا ۔حملے میں دو مکانات کو نشانہ بنایا گیا ۔ حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے جن کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔علاقے میں جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری ہیں.

بشکریہ جنگ ، اے آر وائے