URDUSKY || NETWORK

بریکنگ نیوز : – اردو سکائی اخبار 6 ستمبر 2010 | Urdu Breaking News | نیب کے پراسیکیوٹر جنرل عرفان قادر کی برطرفی اور بحالی کا نیا تنازع

115

nab-Pakistan

نیب کے پراسیکیوٹر جنرل عرفان قادر کی برطرفی اور بحالی کا نیا تنازع

اسلام آباد . . . . . . حکومت نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کر دیا ، سپریم کورٹ کے حکم پر برطرف کئے گئے نیب کے پراسیکیوٹر جنرل عرفان قادر نے کہا ہے کہ وہ کام جاری رکھیں گے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان قادر کا کہنا تھا کہ مجھے صدر نے قانونی طور پر مقرر کیا اور اب بھی نیب کا پراسیکیوٹر جنرل ہوں۔ عرفان قادر آج نیب کے دفترپہنچے جہاں لا ء آفیسرز کا اجلاس طلب کیا اور بتایا کہ انہیں اعلیٰ سطح کی ہدایات ہیں کہ وہ کام جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر نے مجھے مقرر کیا، اور صرف صدر ہی مجھے کام چھوڑنے کا کہہ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ حارث اسٹیل کیس میں سپریم کورٹ نے عرفان قادر کو فوری طور پر برطرف کرنے کا حکم

دیا تھا۔

سیلابی ریلا جوہی بیراج سے ٹکراکرخیرپور ناتھن شاہ کی طرف گامزن

دادو . . . . . . .سیلابی ریلا دادو کی سب سے بڑی تحصیل میہڑ کے حفاظتی بند سے ٹکراگیاہے،دوسری طرف خیرپور ناتھن شاہ شہر سے آنے والاسیلابی ریلا جوہی بیراج سے ٹکرانے کے بعد واپس شہر کی جانب بڑھ رہاہے۔ضلع دادو میں سیلاب کے باعث تین تحصیلیں میہڑ،خیرپور ناتھن شاہ اور جوہی شدید متاثرہوئی ہیں۔ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر میہڑ کے شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔سیلاب کے باعث جوہی شہر کا زمینی رابطہ دادو اور بھان سعید آباد سے منقطع ہوگیا ہے۔جوہی شہر کی حفاظت کے لئے تعمیر کیاگیاعارضی بند پر سیلابی ریلے کا دباؤ بڑھتا جارہاہے اورمقامی افراد بند کو مضبوط کرنے کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت مٹی کی بوریاں ڈال رہے ہیں۔دوسری طرف خیرپور ناتھن شاہ شہر سے آنے والاسیلابی ریلہ جوہی بیراج سے ٹکرانے کے بعد واپس شہر کی جانب بڑھ رہاہے۔ لاڑکانہ کے شہر شہدادکوٹ میں سیلاب کا خطرہ ٹل جانے کے بعد شہریوں کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ سپریو بند اور گاجی کھاوڑ کے نزدیک واقع سیم کینال میں شگاف کے بعد سیلابی ریلا وارہ کے قریب پیر واہ اور نصیرآباد کے قریب سیم کینال کے پشتوں سے ٹکرارہاہے۔ادھرشہدادکوٹ شہر کو بچانے کے لئے موٹروے پر تعمیر عارضی حفاظتی بند سے پانی کی سطح تین سے چار فٹ کم ہوچکی ہے اورشہدادکوٹ کو درپیش سیلاب کاخطرہ ختم ہوچکاہے۔سیلابی ریلا ٹھٹھہ اور بدین کے درمیان واقع کاروگنگڑو کے قریب مالیاواہ کے پشتوں سے ٹکراگیاہے۔

لکی مروت میں خود کش حملہ،5بچوں سمیت19جاں بحق

لکی مروت…خیبر پختونخوا کے شہر لکی مروت میں پولیس اسٹیشن پر خودکش حملے میں19 افراد جاں بحق ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں 9 پولیس اہل کار اور اسکول کے پانچ طلبہ بھی شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے علی الصباح بارود سے بھری گاڑی لکیسٹی تھانے کی عقبی دیوار سے ٹکرادی۔ جس سے عمارت کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔ جبکہ لکی سٹی اسپتال سمیت اردگرد کی دیگرعمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملے کی زد میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ اسکول جانے والے بچے اور راہگیر بھی آئے ہیں۔واقعے کے وقت چالیس سے پینتالیس اہلکار تھانے میں موجود تھے۔عمارت کے تباہ شدہ حصے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ اور اب تک تیرہ لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ جن میں 9 پولیس اہلکار ، اسکول کے پانچ بچے اور 5 عام شہری شامل ہیں۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل ناکابندی کردی.

ملک بھر میں یوم دفاع آج سادگی اور ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے

کراچی … پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب کے باعث آج ملک بھر میں یوم دفاع انتہائی سادگی اور ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے۔پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کی وجہ سے یوم دفاع کی تمام سرکاری تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔ تقریبات پر ہونے والے اخراجات متاثرین سیلاب کے فنڈ میں عطیہ کیے جائیں گے۔ یوم دفاع کے موقع پر مساجد میں خصوصی دعاؤں کے ساتھ وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے ۔لاہورمیں45 ویں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک فوج کے افسران شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔علاوہ ازیں دنیا کے بلند ترین محاز جنگ سیاچن اور لائن آف ایکچول ڈیوٹی کے سرحدی علاقوں میں بھی یوم دفاع پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہاہے۔سکردو اور گانچھے میں یوم دفاع کے موقع پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد پاک فوج اور سولین شہدا کیلئے فاتح خوانی اور ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔ سیاچن ۔ اولڈینگ اور گلتری سیکٹرز کی بلندیوں پر تعینات فوجی یونٹوں میں پرچم استقلال لہرایا گیا ۔ پاک فوج کے کمانڈرز اورجوانوں نے دفاع وطن کیلئے جان قربان کرنے کے عہد کی تجدید کی اور شہدا کی اعظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بلتستان ڈویژن کے دونوں اضلاع سکردو اور گانچھے میں لوگوں نے سرحدی علاقوں میں دفاع وطن کیلئے شہادت پانے والے فوجی اور سولین شہدا کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور مملکت خداداد پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے اعظم کا اعادہ کیا ۔

بشکریہ جنگ ، اے آر وائے