URDUSKY || NETWORK

انگلینڈ میچ فکسنگ ، لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورت حال | اسکاٹ لینڈیارڈ نے صرف تحقیقات کیں،کوئی چارج نہیں لگایا،پاکستانی ہائی کمیشن

72

cricket-team-pakistan

انگلینڈ میچ فکسنگ ، لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورت حال

اسکاٹ لینڈیارڈ نے صرف تحقیقات کیں،کوئی چارج نہیں لگایا،پاکستانی ہائی کمیشن
لندن …لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے میچ فکسنگ اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی کھلاڑیوں سے صرف تفتیش کی ہے، اور اب تک کوئی چارج نہیں لگایا گیا ہے۔ ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ ٹیم کو واپس بلایا جارہا ہے یا مشتبہ کھلاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی کی جارہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کی منسوخی اور کسی کھلاڑی کے ڈراپ کی جانے کی اطلاعات میں بھی کوئی صداقت نہیں۔ اور چونکہ معاملہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے زیر تفتیش ہے اس لیے ایف آئی اے کی کسی ٹیم کے لندن بھیجے جانے کا بھی سوال نہیں اٹھتا۔ بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ کسٹمز نے خاتون سمیت جن تین افراد کو گرفتار کیا ہے ان پر منی لانڈرنگ کا الزام ہے اور معاملے کا حالیہ کرکٹ بحران سے کوئی تعلق نہیں۔ہائی کمیشن کاکہنا ہے کہ اسکینڈل کے حوالے سے کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا اس لئے میڈیا قیاس آرائی سے گریز کرے۔محمد آصف،محمد عامر اور سلمان بٹ کو پریکٹس سے روک دیا گیا
ٹاؤنٹن …انگلینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے تین کھلاڑیوں محمد آصف،محمد عامر اور سلمان بٹ کو پریکٹس سے روک دیا ہے اورانہیں لندن بھیجا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق ان کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے ان کھلاڑیوں کاطلب کیا ہے جہاں ان کی معروف وکیل ایلزبتھ رابرٹ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔تینوں کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ کا الزام ہے ۔ذرائع کے مطابق ان تینوں کھلاڑیوں کے متبادل کھلاڑیوں کے نام کا اعلان تو کیا جاسکتا ہے لیکن تحقیقات مکمل ہونے تک یہ کھلاڑی انگلینڈ سے باہر نہیں جا سکیں گے۔دوسری جانب وقار یونس، شفقت رانا اور اعجاز احمد کے درمیان اہم میٹنگ جا ری ہے۔
پاکستان کیخلاف سازش کا پہلو بھی مد نظر ہے، رحمن ملک
کراچی . . . . . . . . وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ میچ فکسنگ سے متعلق اسکاٹ لینڈ یارڈ کی رپورٹ آنے کے بعد ہماری ٹیم تحقیقات کریگی۔ کراچی میں وفاقی وزیر کھیل اعجاز جکھرانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسکاٹ لینڈ یارڈپولیس کی رپورٹ کا انتظار کریں، اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کیلئے لکھا ہے اور ان سے تحقیقاتی رپورٹ مانگی ہے۔ ویڈیو سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وڈیو جعلی بھی ہوسکتی ہے ، اگر کوئی کھلاڑی ملوث پایاگیا تو اس کیخلاف کارروائی کریں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کھیل اعجاز جکھرانی نے کہا کہ یہ واقعہ کرکٹ سے لگاو رکھنے والوں کیلیے دکھ کا باعث ہے، اس وقت ہمیں کسی نئی ٹیم کو لندن بھیجنے کی ضرورت نہیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ اس اسکینڈل میں پاکستان کے خلاف سازش کا پہلو بھی مد نظر رکھا گیا ہے اور اگر کوئی سازش ہوئی ہے تو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی پولیس تحقیقات میں تعاون کرسکتی ہیں۔
جوڈیشل کمیشن متحرک کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، بابر اعوان
اسلام آباد . . . . . . . . وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے کہا ہے کہ ، کرکٹرز کا اسکینڈل ، آئین کے آرٹیکل چار کے تحت ،، دھوکہ دہی ہے ، بابر اعوان نے کہا ہے کہ ججز تقرر کے لئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلانے سے قبل 18ویں ترمیم کیس کے فیصلہ کا انتظار کیا جائے گا۔ بابر اعوان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو میں کہا کہ آرٹیکل 6 کے تحت اب آئین کی خلاف ورزی پر جج بھی بری الذمہ نہیں ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بلوچستان کورٹ میں بعض مواقع پر جج نہیں رہے تھے ، اور اب بھی کسی موقع پر کچھ عرصہ کیلئے ایسا ہوگیا تو کوئی بڑی بات نہیں ہوگی ، وزیرقانون نے مسلم لیگ نون اور اس کے سربراہ نوازشریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے ابھی تک قرض اتارو ملک سنوارو والے فنڈ کے بنک اکاؤنٹ کا نمبر کیوں نہیں بتایا ۔
آئی سی سی پاکستان کے گذشتہ 80 میچوں کی تحقیقات کریگا، رپورٹ
لندن . . . . . . سی ایم ڈی…انگلینڈمیں جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران پاکستانی کرکٹرز پر میچ فکسنگ کے الزامات کے بعد پاکستان کے گذشتہ 80 میچوں کی تحقیقات کرائی جائینگی۔ایک برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے گذشتہ 80 ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں پر سٹے بازی کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے اور ICC کا اینٹی کرپشن یونٹ ان میچو ں کی بھی تحقیقات کرے گا۔
میچ فکسنگ معاملہ محتاط طریقے سے حل کیا جائے، سربراہ کیوی کرکٹ
ویلنگٹن . . . . . . . نیوزی لینڈ کرکٹ کے سربراہ نے کہا ہے کہ معاملہ محتاط طریقے سے حل کیا جائے،انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم میں سلمان بٹ،محمد عامراور آصف بھی شامل ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے سربراہ جسٹن واہن نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ کہ میچ فکسنگ کا معاملہ اس طرح حل کیا جائے کہ پاکستانی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے دورے سے قبل انصاف ہو جائے،انھوں نے اپیل کی کہ لوگوں کو اس طرح کے معاملات میں ملوث کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے ملک کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم مضبوط ہوگی اور اس میں سلمان بٹ،محمد عامراور آصف بھی شامل ہوں گے جن سے برطانوی پولیس پوچھ گچھ کر چکی ہے۔
میچ فکسنگ اسکینڈل، قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی گئی
اسلام آباد . . . . . . . قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر انگلینڈ میں میچ فکسنگ الزامات پر قومی اسمبلی میں بحث کے لئے اپوزیشن کی طرف سے تحریک التوا جمع کرادی گئی ہے ۔ مسلم لیگ نون کے ارکان کی طرف سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جانے والی اس تحریک میں کہا گیا ہے کہ ، کرکٹرز کے اسکینڈل سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں ، تحریک التوا میں کرکٹ بورڈ کے عہدے داروں یاور سعید ، شفقت رانا اور دیگر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قومی اہمیت کے اس معاملے پر ایوان کی معمول کی کارروائی روک کر بحث کی جائے ، قومی اسمبلی کا اجلاس پہلے ہی اپوزیشن کی ریکوزیشن پر جمعرات کو بلوایا گیا ہے۔
میچ فکسنگ:ملوث کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست دائر
میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف ملک سے غداری کے الزام میں کارروائی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ۔اشتیاق احمد چوہدری ایڈووکیٹ کی طرف سے دائردرخواست میں موقف اخیتار کیاگیاہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ فکسنگ کرکے پاکستان کو پوری دنیا میں رسوا کیا اوران کھلاڑیوں کی جہ سے ملک اورقوم کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی ہے ۔بیرونی دنیا میں دہشت گردی کی وجہ سے پہلے ہی پاکستان کی ساکھ خراب ہے اس پر کرکٹ کے کھلاڑیوں نے بھی ملکی ساکھ کومزیدنقصان پہنچایاہے لہذاعدالت میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کرے اوران پر غداری کے مقدمات درج کرانے کے علاوہ ان پرتاحیات پابندی عائد کی جائے۔
میچ فکسنگ سکینڈل : شعیب اختر اور محمد حفیظ انگلینڈ روانہ
اسلام آباد … پاکستان ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کرکٹ کو کرپٹ کھلاڑیوں کے ہاتھوں تباہ ہونے کی اجازت بالکل بھی نہیں دی جانی چاہیے۔ جس پلیئر بھی میچ فکسنگ کا الزام ثابت ہوجائے اسے قومی ٹیم سے بے دخل کردیا جائے۔برطانوی ٹی وی کو انٹرویو میں 1992 ورلڈ کپ کے ہیرو عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستانی کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ کے الزامات کا سُن کر صدمہ پہنچا ہے۔ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا یہ بہت افسوسناک دن ہے۔ مگر پوری کہانی سامنے آنے کا انتظار کیا جائے کہ آیا یہ الزام درست ہے بھی یا نہیں۔ جو بھی میچ فکسنگ میں ملوث پایا جائے ٹیم سے نکال کر اس کا متبادل لایا جائے۔ اور اسے ایسی سزا دی جائے جو آنے والی نسلوں کیلئے مثال ہو کہ اس جرم کا انجام بہت برا ہے۔
لندن :میچ فکسنگ اسکینڈل میں زیر حراست مظہر مجید ضمانت پر رہا
لندن … میچ فکسنگ اسکینڈل میں گرفتار مظہر مجید کو برطانوی پولیس نے ضمانت پر رہا کردیا۔مظہر مجید کو ہفتے کے روز برطانوی پولیس نے لارڈز ٹیسٹ فِکس کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے اسکینڈل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کی ٹیم کو لندن بھجوانے کا حکم دے دیا۔ فرانسیسی خبر ایجنسی نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ پینتیس سالہ مظہرکو بغیر کوئی الزام عاید کیے ضمانت پر رہا کردیا گیاہے۔ اس کی ضمانت کب تک موثر ہے اور ضمانت کن شرائط کے تحت دی گئی ہے۔ اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ مظہر مجید میچ فکسنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو تفتیش کیلئے دوبارہ طلب کیاجائے گا۔اسلام آباد میں وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو میچ فکسنگ اسکینڈل کی فوری طور پر تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم کو لندن بھجوانے کا حکم بھی دیا ہے۔ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ملک کے وقارکونقصان پہنچانے اور قوم کے جذبات سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہناہے کہ میچ فکسنگ کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اورسازش سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔جس کے لیے ایف آئی اے کو انٹرپول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
آن لائن
بشکریہ جنگ