URDUSKY || NETWORK

بریکنگ نیوز : – اردو سکائی اخبار 5 ستمبر 2010 | Urdu Breaking News | سیلاب کے باعث دادو اور میہڑ سے لوگوں کی نقل مکان

105

سیلاب کے باعث دادو اور میہڑ سے لوگوں کی نقل مکان.

سیلاب کے خطرے کے باعث دادو اور میہڑ سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ ڈی سی او ٹھٹھہ کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ سے سیلابی ریلا گزر رہا ہے جبکہ یہاں کے بند مضبوط نہیں ہیں۔ دوسری طرف کارو گنگڑوسیم نالے کے قریب او جی ڈی سی کی آئل اینڈ گیس فیلڈ میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ دادو کی تحصیل خیرپور ناتھن شاہ ،میہڑ اور جوہی کے سیکڑوں دیہات زیر آب آنے کے بعد دادوسے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ ادھر میہڑ میں بھی لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کرنا شروع کردی ہے۔ سینئر وزیر پیر مظہر الحق کا کہنا ہے کہ ایم این وی ڈرین سے دادو شہر کو خطرہ ہے۔ دادو میں موندر کے مقام سے دولاشیں نکال لی گئیں۔ادھرسپریوبند میں شگاف کے بعد گاجی کھاوڑ اور میہڑ کے درمیان سیم نالے کا پل بہہ گیا اور سیلابی ریلا نصیر آباد کی جانب بڑھ رہاہے۔ ٹھٹھہ کی تحصیل جاتی میں مین پِنجاری نہر میں پڑنے والے شگاف سے سیلابی ریلا تحصیل جاتی سے ہوتا ہوا ضلع بدین کی تحصیل گولارچی کی جانب بڑھ رہاہے، جس سے کارو گنگڑوسیم نالے کے قریب او جی ڈی سی کی نور2 آئل اینڈ گیس فیلڈ میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ دوسری طرف ڈی سی او منظور شیخ کا کہنا ہے کہ ضلع ٹھٹھہ سے سیلابی ریلا گزر رہا ہے لیکن وہاں کے حفاظتی بند محفوظ نہیں۔

پہلاٹی 20:انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا.

کارڈف،انگلینڈ…انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی 20میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دیکر صدموں سے دوچار پاکستانی ٹیم کو مزید ایک اور صدمے سے دوچار کردیا ،انگلینڈ کی جیت میں مورگن 38اور یارڈی 35ناٹ آؤٹ نے مرکزی کردار ادا کیا۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کے لیے 127کا ہدف دیا تھا، انگلینڈ کی جانب سے اوپنر ڈیوس نے 33رنز بنائے،کولنگ ووڈ اینڈ کمپنی نے پاکستانی ہدف کو 17.1اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پاکستان کی جانب سے شعیب اختر اور کپتان شاہد آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں،جبکہ عمر گل نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔پاکستان کی شکست میں مس فیلڈنگ نے اہم کردار ادا کیا اور بعض اہم کیچ نہ لینے سے انگلینڈ ٹیم کو ہدف حاصل کرنے میں کوئی خاص دقت پیش نہ آئی۔میچ میں بہترین پرفارمنس پر انگلینڈ کے مائیکل یارڈی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستانی کرکٹریاسرحمید کی برطانوی جریدے نے ویڈیو جاری کردی

لندن … برطانوی جریدے نیوز آف دی ورلڈ نے پاکستانی کرکٹریاسرحمید کی ویڈیو جاری کردی ہے، ویڈیو میں یاسر حمید نے پاکستانی کرکٹ میں کرپشن سے متعلق کئی انکشافات کئے ہیں۔خفیہ کیمرے سے ریکارڈ ویڈیو میں یاسرحمید نیوز آف دی ورلڈ کے رپورٹر مظہر محمود سے دوستانہ ماحول میں گفتگو کررہے ہیں۔جس میں کرکٹر نے کہاکہ کھلاڑیوں کے اکثر ایجنٹ بکی ہوتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بھی کئی بار بھاری رقوم کی آفرز کی گئیں بلکہ انہیں ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈز اور فراری گاڑی تک دینے کی آفرز کی مگر انہوں نے مسترد کر دیں۔یاسرحمید کا کہنا تھا کہ کئی کھلاڑی میچ فکسنگ میں ملوث ہیں ۔مگر چوروہی ہے جو پکڑا جائے اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ایک عرصے سے ان کھلاڑیوں پر نظر تھی۔جو کھلاڑی کرپشن میں ملوث تھے اللہ نے انہیں سز ادی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے سڈنی ٹیسٹ کے اٹھا رہ لاکھ پاؤنڈ تک وصول کئے ان کے اثاثوں کی تحقیقات ہونی چاہئیے۔

کراچی:نادرن بائی پاس پر دو ڈمپرز میں تصادم،ایک شخص ہلاک.

کراچی…کراچی میں نادرن بائی پاس پر ریتی بجری سپلائی کرنے والے دو ڈمپرز میں تصادم ہوا،جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔اسپتال ذرائع کے مطابق نادرن بائی پاس پر کھڑے ہوئے ایک ڈمپر سے تیز رفتاری میں آنے والا ریتی بجری کا ڈمپر ٹکرا گیا،جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے،ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ ناصر کے نام سے ہوئی ہے،جبکہ زخمیوں میں34 سالہ نیاز خان اور 26 سالہ فیصل شامل ہیں،دونوں زخمیوں اور ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

گوجرانوالہ : دونوجوانوں کو اہل محلہ نے ڈاکو قراردیکرتشدد کا نشانہ بنادیا.

گوجرانوالہ…گوجرانوالہ میں دونوجوانوں کو اہل محلہ نے ڈاکو قراردے کرتشدد کا نشانہ بنادیاجس کے باعث دونوں مبینہ ڈاکوؤں کو شدیدزخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیاگیا۔پولیس کے مطابق دونوجوان شعیب اور سخاوت نے رات گئے سیالکوٹ روڈ پر واقع گھر میں گھسنے کی کوشش کی۔گھروالوں کے شور مچانے پر اہل محلہ جمع ہوگئے اور دونوں نوجوانون پر ڈکیتی کا الزام لگا کر ڈنڈوں سے تشدد شروع کردیاجس کے نتیجے میں دونوں شدیدزخمی ہوگئے جبکہ سخاوت کے ہاتھ کی رگیں بھی کاٹ دی گئیں۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں نوجوانوں کوڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا جہاں سخاوت کی حالت نازک ہونے پر لاہور منتقل کردیاگیا۔پولیس کاکہناہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان ڈاکو نہیں تھے۔واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

میچ فکسنگ کی ذمے داری ٹیم کپتان پر عائدہوتی ہے ،رمیز راجا

لندن…برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق پاکستانی کرکٹررمیز راجانے بھی کئی انکشافات کیے ہیں اور کہا ہے کہ میچ فکسنگ کی ذمے داری ٹیم کے کپتان پر عائد ہوتی ہے۔برطانوی اخبارنیوزآف دی ورلڈ کے مطابق سابق کرکٹررمیز راجا نے کہاہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان بٹ کا کرپشن میں ملوث نہ ہونے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم سے غلطیاں ہوئی ہیں جبکہ میچ فکسنگ کی ذمے داری کپتان پرعائد ہوتی ہے، اور پاکستانی کپتان سلمان بٹ نے بہت مایوس کیا ہے ، رمیز راجا کا کہنا تھا کہ لارڈز ٹیسٹ میں سب کچھ اخباری رپورٹ کے مطابق ہوا۔

یاسر حمید برطانوی اخبار کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ کرسکتے ہیں،ماہرین کرکٹ

کراچی…میچ فکسنگ اسکینڈل میں نئے انکشافات پر کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یاسر حمید سمجھتے ہیں کہ اُن سے منسوب باتیں غلط ہیں تو وہ برطانوی اخبار کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔ بی سی بی کے سابق سربراہ عارف عباسی نے پاکستان ٹیم مینجمنٹ پر بھی شک کا اظہار کردیا۔ جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے عارف عباسی کا کہنا تھا کہ اخبار نیوز آف دا ورلڈ کی میچ فکسنگ کے بارے میں رپورٹ پاکستان کو پھنسانے کی سازش نہیں۔ اس کا مقصد نہ صرف کرپشن میں ملوث کھلاڑیوں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ بلکہ اس کے پیچھے بہت سے دیگر عوامل بھی ہوسکتے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ انتظامیہ خود پیچھے ہٹ گئی ہے اور ہائی کمیشن کو آگے کردیا ہے۔ جس کا معاملے سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔ عارف عباسی نے کہا انہیں شک ہے کہ پی سی بی کے حکام بھی سارے معاملے میں ملوث ہیں۔سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال پہلے ہی نچلی سطح پر ہے اور اسکینڈل کی خبروں سے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر فرق پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یاسر حمید سمجھتے ہیں کہ نیوز آف دا ورلڈ نے ان سے غلط باتیں منسوب کی ہیں تو وہ قانونی چارہ جوئی کرسکتے ہیں۔ اخبار دی نیوز کے سینئر اسپورٹس جرنلسٹ محی شاہ نے بتایا ہے کہ کچھ روز قبل وہ اپنی شائع ہونے والی رپورٹ میں یہ بتاچکے تھے کہ پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین کو نیوز آف دا ورلڈ جیسے ایک اخبار کے صحافی نے اس بات کا اعتراف حاصل کرنے کیلئے پچاس ہزار پاؤنڈ تک کی پیشکش کی کہ ان کی ٹیم کے ساتھی میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔ محی شاہ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یاسر حمید نے یہ پیشکش ٹھکراتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس بارے میں کچھ نہیں معلوم۔ یاسر حمید کو سیاسی پناہ حاصل کرنے میں مدد کی بھی پیشکش کی گئی تھی۔ جو انہوں نے ٹھکرادی تھی۔

یورپ،پاکستانی کمیونٹی کی عمر چیمہ کے اغوا و تشدد کی شدید مذمت.

پیرس…رضا چوہدری/نمائندہ جنگ…یورپ بھرمیں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے رہ نماؤں نے معروف صحافی عمر چیمہ کے اغوا، تشدد اور ان کے ساتھ پیش آنے والے ہتک آمیز واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حقیقت کو جلد از جلد منظر عام پر لانے اور اس میں ملوث عناصر کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے کوآرڈینیٹر و صدر چوہدری شاھین اختر، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چوہدری ریاض پہاپا اور معروف سماجی و شخصیت عابد مغل نے جنگ کو فون کرکے اس واقعہ پر سخت افسوس اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر بے نقاب کیا جائے۔ پاکستانی نژاد بزنس مین و سماجی شخصیت غضنفر علی کرم نے کہا کہ امریکی ایجنسیاں نے صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر اپنے خلاف شائع ہونے والے حقائق روکنا چاہتی ہیں۔ عمر چیمہ کے اغوا ، تشدد کرنے کے علاوہ ان کے ساتھ ہتک آمیز انداز اختیار کرنے کے واقعہ سے یورپی ممالک میں ہمارے سرشرم سے جھک گئے ہیں۔ خودکش دھماکے تو دھشت گرد کر رہے ہیں مگر سیالکوٹ کا واقعہ ہو یا عمر چیمہ کے اغوا تشدد کا معاملہ ان سے قانون کی گرفت کا فقدان اور حکومت کی ناکامی واضع نظر آرہی ہے۔ انہوں حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیرملکی ایجنڈے پر کام کرنے والوں سے فوری چھٹکارہ حاصل کیا جائے تا کہ قوم اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکے۔

بچوں کے سامنے والدین کی سگریٹ نوشی تباہ کن ہے،ماہرین.

لندن…سینٹرل مانیٹرنگ…ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اپنے بچوں کے سامنے سگریٹ نوشی کرنے یا انہیں جنک فوڈ دینے والے والدین دراصل ایک پوری نسل کو عمر بھر کے لیے دل کے امراض، ذیابیطس اور جلدکی موت کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ رائل کالج آف جنرل پریکٹیشنرز کے چیئرمین پروفیسر اسٹیو فیلڈ نے برطانوی اخبار’ ’سنڈے آبزرور“ کو لکھے گئے ایک خط میں والدین پر زور دیا ہے کہ ان کے رویوں سے ان کی اولاد پر کیا کچھ اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ پروفیسر فیلڈ نے والدین سے کہا ہے کہ وہ اپنے رہن سہن میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ان کے مطابق بچوں کے ساتھ کار چلاتے وقت سگریٹ نوشی کرنا ایک طرح سے ان کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔

بھارت میں ہونے والے فیشن شو میں مغربی ملبوسات کی نمائش .

ممبئی…سینٹرل مانیٹرنگ…بھارت کی فلم نگری ممبئی کے فیشن شومیں دیدہ زیب مغربی ملبوسات کی نمائش کی گئی ۔ فیشن شو میں جدید دور کے مطابق ملبوسات کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ملبوسات کا کلیکشن ’جنگل سفاری تھیم‘ سے متاثر ہو کر بنایا گیا تھاجس میں جانوروں کی کھالوں سے مشابہہ ڈیزائن بنائے گئے۔ اس فیشن شو میں بالی وڈ کی12اداکاراؤں نے شرکت کی۔اداکارہ امریتا اروڑا نے ریمپ پر واک کرکے اس فیشن شو کو چار چاند لگا دیے۔

برطانیہ میں کنٹینرز کے ذریعے بنایا گیا منفرد ترین آٹھ منزلہ ہوٹل.

لندن…سینٹرل مانیٹرنگ…کنٹینرز عام طور پر درآمدات اور برآمدات کے سامان کی وسیع پیمانے پر شپنگ کے لیے استعمال میں لائے جاتے ہیں تاہم اب تخلیقی دماغوں نے اس کا نیا اور منفرد استعمال بھی ڈھونڈ لیا ہے۔لندن میں یورپ کا پہلا کنٹینرز سے بناTravelodgeہوٹل کھولا گیا ہے جو عام روایتی اور تھری اور فائیو اسٹار ہوٹلوں سے یکسر مختلف ہے۔ عام ہوٹلوں سے منفرد اس ہوٹل کو مکمل طور پر دھاتی کنٹینرز کو استعمال میں لاتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔آٹھ منزلہ کنٹینر ہوٹل کی تعمیر میں86کنٹینرز کو منفرد ڈیزائن کے تحت ساتھ جوڑکر ویلڈنگ کیا گیا ہے۔اس خاص کنٹینر ہوٹل کے لیے چین سے پلاسٹر والی دیواروں،باتھ روم کی فٹنگ اور الیکٹرک کنکشن سے مزین کنٹینرز کو درآمد کیا گیا۔اس منفرد اور اچھوتے کنٹینر ہوٹل میں ایک رات کے قیام کا معاوضہ19پاؤنڈ مختص کیا گیا ہے۔

ایران پرپابندی کی صورت میں جوہری جنگ چھڑ سکتی ہے،کاسترو.

ہوانا…سینٹرل مانیٹرنگ…کیوبا کے سابق صدر فیدل کاسترو نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر پابندی کی صورت میں ایٹمی جنگ چھڑسکتی ہے۔2006ء میں اقتدار اپنے چھوٹے بھائی رال کاسترو کے حوالے کرنے کے بعد گوشہ نشینی اختیار کرنے والے فیدل کاسترو گزشتہ جمعے پہلی بار منظر عام پر آئے اور ہوانا یونیورسٹی کے ہزاروں طالب علموں سے خطاب کیا۔گرین کیپ پہنے اور کمانڈو وردی زیب تن کیے فیدل کاسترو نے انتباہ کیا کہ اگر امریکا اور اس کے اتحادیوں نے ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے خلاف بین الاقوامی پابندیاں عائد کروانے کی کوششیں کیں تو ایٹمی جنگ ناگزیر ہوجائے گی۔چوراسی سالہ فیدل کاسترو نے آخری بار 49سال قبل اس یونیورسٹی میں اس وقت خطاب کیا تھا جب وہ زمانہ  طالب علمی میں طلبہ تنظیم کی قیادت کررہے تھے۔ گزشتہ روز یونیورسٹی سے خطاب کے وقت 10ہزار افراد موجود تھے جن میں اکثریت طالب علموں کی تھی۔اپنے پسندیدہ قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے یونیورسٹی کی گلیاں بھی لوگوں سے بھر گئی تھیں۔

کونکنا سین شرما اور رنویر شورے رشتہ ازدواج میں منسلک.

ممبئی…سینٹرل مانیٹرنگ…بالی ووڈ اداکارہ کونکنا سین شرما اور اداکار رنویر شورے کافی عرصے تک ایک دوسرے کی پیار میں مبتلا رہنے اور ساتھ وقت گزرنے کے بعد بلاآخر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔گڑگاؤں میں واقع ورسوا اپارٹمنٹ میں ہونے والی شادی کی تقریب کو بہت خفیہ رکھا گیا اور صرف100 قریبی دوست اور عزیز و اقارب نے اس میں شرکت کی۔ رنویر شورے شادی کے مخصوص لباس میں گھوڑی چڑھ کر آئے تو کونکنا سین نے روایتی بنگالی ساڑھی کے ساتھ اپنی دادی کی جیولری پہنی۔.

دودھ پینے سے منہ سے لہسن کی بو ختم ہو جاتی ہے،ماہرین.

لندن…جنگ نیوز…سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دودھ کا گلاس پینے سے منہ سے آنے والی لہسن کی بدبو ختم ہو سکتی ہے۔محققین نے ’فوڈ سائنس‘ نامی جریدے کو بتایا کہ دودھ میں پائی جانے والی چربی اور پانی کی موجودگی سے منہ سے آنیوالی بدبو ختم ہو جاتی ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بہترین نتائج کے لیے لہسن کو چباتے ہی دودھ پی لیں تو بہترین نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ایک رضا کار کے سانس کے نمونوں پر کیے جانے والے تجربے کے مطابق چکنائی والے دودھ کیگلاس سے خشک دودھ یا پانی کیگلاس کی نسبت زیادہ بہتر نتائج حاصل ہوئے۔سائنسدانوں کے مطابق اگرچہ لہسن کا استعمال انسانی زندگی کے لیے بہت مفید ہے لیکن اْس میں ایسے متعدد ویٹامن اور معدنیات پائے جاتے ہیں جسے کھانے سے منہ سے بدبو آتی ہے جو کئی گھنٹوں تک برقرار رہتی ہے۔

عربی سیکھنے میں دماغ کا صرف دایاں حصہ استعمال ہوتا ہے،تحقیق

حیفہ…جنگ نیوز…اسرائیلی سائنسدانوں کی ایک ٹیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے معلوم کر لیا ہے کہ عربی زبان سیکھنا مشکل کیوں ہے۔ جامعہ حیفہ کے ماہرین کی ٹیم نے تحقیق کے بعد بتایا کہ عام طور پر جب نئی زبان سیکھی جاتی ہے تو دماغ کے دونوں حصے استعمال ہوتے ہیں لیکن عربی سیکھنے کے لیے ایسا کرنا محنت ضائع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عربی حروف کو سمجھنے کے لیے دماغ کا صرف بایاں حصہ کام آتا ہے کیونکہ یہ حصہ اشیاء کی تفصیل کو باریکی سے سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ اسرائیلی سائنسدانوں کی اس تحقیق میں چالیس لوگ شامل تھے اور اسے ’نیورو سائیکالوجی‘ میں شائع کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے عربی زبان سیکھنے کے لیے مختلف حروف کو پہچاننے اور ایک دوسرے فرق کرنے کا عمل بظاہر دوسری زبانوں سے مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عمل میں نکتوں کو سمجھنے جیسی باریک باتوں کاخیال رکھنا پڑتا ہے۔

امریکی معیشت میں دوبارہ سست روی آنے کے خدشات کم.

واشنگٹن…امریکی معیشت میں دوبارہ سست روی آنے کے خدشات کم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں جس کی وجہ نجی اداروں میں 67ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق ماہر معاشیات نے اگست میں نجی اداروں میں 60 ہزار نئی ملازمتوں کی پیش گوئی کی تھی جبکہ اب بھی بے روزگاری کی شرح 9.6 فیصد ہے۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں ملازمین کی فی گھنٹہ اوسط آمدن 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 22 ڈالر 66 سینٹس رہی ۔امریکا میں دسمبر 2007 میں شروع ہونے والی معاشی سست روی کے باعث 84 لاکھ لوگ بے روزگار ہوئے جو دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑے بے روزگاری کے اعداد و شمار ہیں۔

شیخوپورہ:ویگن درخت سے ٹکرا گئی،6مسافر ہلاک،15زخمی.

شیخوپورہ…شیخوپورہ خانقاں ڈوگراں روڈ پرمسافر ویگن بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 6مسافر ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق مریم آباد سے مسافر ویگن میں سوار مسیحی برادری کے افراد مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد واپس لاہور آ رہے تھے۔ مسافر ویگن جب خانقاہ ڈوگراں سرکاری خورد کے قریب پہنچی تو بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی ،جس کے نتیجے میں 6مسافر موقع پر ہی ہلاک جبکہ 15زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فاروق آباد اور شیخوپورہ کے اسپتالوں میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔

گاجی کھاوڑ ،میہڑ کے درمیان سیم نالے کا پل بہہ گیا،سو دیہات غرق.

میہڑ…سپریوبند میں شگاف کے بعد گاجی کھاوڑ اور میہڑ کے درمیان سیم نالے کا پل بہہ گیا جس کے باعث سیلابی ریلا نصیر آباد کی جانب بڑھ رہاہے،جب کہ سیلاب سے میہڑ،خیر پور ناتھن شاہ اور جوہی کے سوسے زائد دیہات زیرآب آگئے۔نصیرآباد کوسیلابی ریلے سے بچانے کے لیے کئی عارضی حفاظتی بند بنا لیے گئے ہیں،جبکہ وارہ شہر کو محفوظ رکھنے کے لیے میر واہ کے مقام پر حفاظتی بند تعمیر کیاگیاہے اورسیلابی پانی کو اس کی قدرتی گزرگاہ تک پہنچانے کے لیے ایم این وی ڈرین پل کے دروازے بتدریج کھولے جارہے ہیں ۔جوہی بیراج میں کٹ لگائے جانے کے بعد سیلابی ریلا جوہی کے علاقے کاچھومیں داخل ہوگیاہے جس سے کئی دیہات ڈوب گئے ہیں۔سیلابی پانی ٹھرری جادوشہید سے ہوتاہوا ایف پی بند کے ذریعے منچھر جھیل کی جانب جارہا ہے،جبکہ سُپریوبند میں شگاف کے بعد تحصیل میہڑ،خیرپور ناتھن شاہ اور جوہی کے مزید ایک سو پچیس دیہات زیرآب آچکے ہیں۔۔جوہی کے علاقے میں سیلاب آنے کے باعث تیل اور گیس تلاش کرنے والی غیر ملکی کمپنی کا زمزمہ ون یونٹ بھی زیرآب آگیا۔تحصیل جاتی میں مین پِنجاری نہر میں پڑنے والے دوسوفٹ چوڑے شگاف کو تاحال پر نہیں کیا جا سکا ہے اور سیلابی ریلا تحصیل جاتی کے علاقوں میر خان موری،بارن آباد اوردیگر علاقوں سے ہوتا ہوا بدین کی تحصیل گولارچی کی جانب بڑھ رہاہے جس کے باعث گُنگڑو آئل فیلڈ زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔انتظامیہ کی جانب سے سیلابی ریلے کا رخ سمندر کی جانب کرنے کے لیے بارن آباد کے قریب جاتی روڈ پرکٹ لگا دیا گیا ہے۔

پاکستانی کرکٹرز کیخلاف انتہائی مضبوط شواہد ہیں،پال میکارتھی کا دعویٰ.

لندن … میچ فکسنگ اسکینڈل سامنے لانے والے برطانوی اخبار نیوز آف دا ورلڈ کے اسپورٹس ایڈیٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ اخبار کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز کیخلاف جمع کیے گئے شواہد انتہائی مضبوط ہیں۔ آئی سی سی اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات میں بھی انہیں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔پال میکارتھی نے برطانوی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی میچ فکسنگ سے متعلق مزید انکشافات پر مبنی اٹھارہ صفحات کی رپورٹ آج شائع ہوگی۔ اور گزشتہ ہفتے کیطرح اس بار بھی یہ دنیا کو ہلا کر رکھ دیگی۔میکارتھی کا کہنا تھا کہ میچ فکسنگ اسکینڈل سامنے لانے والے رپورٹر مظہر محمود انتہائی باصلاحیت صحافی ہیں جن کی تحقیقاتی رپورٹنگ میں کافی گہرائی ہوتی ہے۔ جبکہ اخبار کی تحقیقاتی ٹیم نے جو شواہد جمع کیے اس پر پورا اطمینان ہے۔ نیوز آف دا ورلڈ کے اسپورٹس ایڈیٹر کا کہنا تھا کہ آج شائع ہونے والی رپورٹ میں بھی میچ فکسنگ کی تحقیقات کا سامنا کرنے والے اُس چوتھے کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کریں گے۔ پال میکارتھی نے دعویٰ کیا کہ یاسر حمید نے جو انکشافات کیے ہیں انکا تعلق پاکستانی ڈریسنگ روم میں ہونے والی کہانیوں سے ہے۔ یاسر حمید نے ان تمام باتوں کی تفصیلات بتائی ہیں کہ کس طرح جان بوجھ کر نو بال کرانے پر فی کھلاڑی بیس سے پچیس ہزار پاؤنڈ ملتے ہیں۔ میکارتھی کا کہنا تھا کہ اخبار کے جمع کیے گئے شواہد آئی سی سی اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اور آئی سی سی کی جانب سے تین پاکستانی کھلاڑیوں پر الزامات اور انہیں معطل کرنے کی کارروائی بھی اخبار کے فراہم کردہ شواہد کی بنیاد پر ہوئی۔

یاسر حمید کی تردید،جال میں پھنسایا گیا ہے ،کرکٹر کے قریبی ذرائع.

راچی … پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر یاسر حمید نے نیوز آف دی ورلڈ کو انٹرویو دینے کی تردید کی ہیجبکہ اوپننگ بیٹسمین کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر حمید کو جال میں پھنسایا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر حمید سے انٹرویو کا دعویٰ کرنے والے رپورٹر نے ان سے غیر ملکی ائرلائن کی مارکیٹنگ کا نمائندہ بن کر ملاقات کی تھی اور وہ شخص یاسر کے پاس ان کے ایک دوست کے تعاون سے پہنچا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈر کور رپورٹر نے یاسر سے کہا کہ اس کی ایرلائن کمپنی پاکستان کے پانچ کرکٹرز سے معاہدہ کرنا چاہتی ہے۔ جس پر ٹیسٹ کرکٹر نے اسے اپنے چار دوستوں کے نام بھی تجویز کئے ، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ رپورٹر نے ائرلائن کا نمائندہ بن کر یاسر حمید سے دو گھنٹہ تک مختلف موضوعات پر بات کی جس میں پاکستان کے حالات ، سیاست اور ٹیم کے بارے میں بھی گفتگو کی تھی ، یاسر نے ٹیم کے بارے میں وہی باتیں کہیں جس کا تذکرہ میڈیا میں ہورہا تھا ، اور اپنے کیرئیر کے حوالے سے شکوہ بھی سامنے بیٹھے شخص کو دوست سمجھ کر کردیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر حمید کا باضابطہ کوئی انٹرویو نہیں ہوا ۔دنیا میں کوئی انٹرویو خفیہ کیمرے سے نہیں رکارڈ کیا جاتا ۔ دوسری جانب دی نیوز اسلام آباد کے انویسٹی گیشن رپورٹر محی شاہ کا کہنا ہے کہ نیوز آف دی ورلڈ کے رپورٹر نے یاسر حمید سے رابطہ کیا تھا اور اس کو ٹیم کیخلاف انٹرویو دینے کے بدلے لندن کی شہریت اور پچاس ہزار پاونڈز کی پیشکش بھی کی تھی جو یاسر نے ٹھکرا دی ۔ یاسر حمید نے بھی جیو نیوز سے گفت گو میں نیوز آف دی ورلڈ کو انٹرویو دینے کی تردید کی تھی۔

سیلاب زدگان کے لیے مزید فنڈ فراہم کیے جائیں،شہزاہ نائف.

ریاض…سعودی عرب کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ شہزادہ نائف بن عبدالعزیز نے اپیل کی ہے کہ پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے مزید فنڈ فراہم کیے جائیں۔پاکستان کی امداد کے قائم شاہ عبداللہ کے قائم کردہ پروگرام کے نگراں شہزادہ نائف بن عبدالعزیز نے سعودی بینکوں،کمپنیوں اور تاجروں سے اپیل کی کہ سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کی پریشان کن صورت حال کا تقاضا ہے کہ ان لوگوں کی جان بچانے کے لیے زیادہ بڑے پیمانے پر مدد کی جائے۔سعودی عرب کے شاہ عبدللہ بن عبدالعزیز کے حکم پر پاکستان کی مدد کے لیے قائم فنڈ میں پہلے ہی چالیس کروڑ ریال سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔اس کے علاوہ سعودی فرنروا سامان سے لدے کئی جہاز اور ایک ہزار ٹرک بھیجنے کا حکم بھی دے چکے ہیں۔

حکومت پنجاب اور مائکرو سوفٹ کے درمیان ٹیکنالوجی کی فراہمی کا معاہدہ.

لاہور…وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی ایک چیلنج ہے، حکومت ان علاقوں میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے پالیسی بنائے گی۔انھوں نے یہ بات لاہور میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل اتھارٹی،ٹیوٹا اور مائیکرو سوفٹ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صرف ٹیکنالوجی سے قومیں ترقی کی جانب گامزن ہوسکتی ہیں اور چین،بھارت اور ترکی کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے ٹریننگ، سلیبس، امتحانی نظام اور سرٹیفیکیشن سمیت کئی شعبوں میں تعاون حاصل ہوگا۔ معاہدے پر ٹیوٹا کے چیئرمین سعید احمد علوی اور مائیکرو سوفٹ کے کنٹری ہیڈ کمال احمد نے دستخط کئے۔ سعید احمد علوی کا کہنا تھا کہ اس سے ٹیوٹا کے تین سو اداروں کو مائیکرو سوفٹ اکیڈیمی کا درجہ حاصل ہوجائے گا۔
بشکریہ جنگ ، اے آر وائے