URDUSKY || NETWORK

Zong 5G advertisement banned by PTA

31

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے چائنا موبائل پاکستان (سی پی ایم) یعنی زونگ کو 5 جی ٹیکنالوجی کے اشتہارات کی تشہیر سے روکنے کا حکم دیا ہے۔

PTA asks Zong to withdraw 5G advertisement

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زونگ کی جانب سے میڈیا پر حالیہ 5 جی اشتہارات کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ کمپنی کو صرف فائیو جی ٹیکنالوجی کے آزمائشی ٹیسٹ کی اجازت دی گئی تھی جس کے لیے حکومت پاکستان کی پالیسی کو مدنظر رکھا گیا تھا۔

اس کمپنی کو پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کی بنیاد پر کمرشل خدمات فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اتھارٹی کی جانب سے زونگ کو پہلے 5 جی نیٹ ورک کمرشل خدمات کی فراہمی کے اشتہارات واپس لینے کی ہدایت کی گئی ہے جو صارفین کو گمراہ کرسکتے ہیں۔

بیان کے مطابق حکومتی پالیسی کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے رواں سال 5 جی کی آزمائش کا روڈ میپ متعارف کرایا، یہ ٹرائل اس حوالے سے پہلا تھا، دیگر موبائل آپریٹر کمپنیاں بھی مستقبل میں پالیسی کے مطابق فائیو جی ٹیکنالوجی کی آزمائش طے شدہ پالیسی کے مطابق کریں گی۔

اس سے پہلے رواں ہفتے پی ٹی اے کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ فائیو جی کے حوالے سے زونگ نے جو اشتہار دیا تھا اس کو بند کروا دیا گیا ہے جس پر کمیٹی کے رکن سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ پی ٹی اے بھی زونگ کی حمایت کررہا ہے اس بات کر تسلیم کریں، ایک کمپنی کا کیسے نمبر ون ہونے کا دعویٰ کرنے کی اجازت دی گئی۔

ممبر پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ جو اشتہار نوٹس میں آیا اس کے حوالے سے قانون کے تحت کارروائی کی، فائیو جی پر 2017 میں ایک پالیسی دی گئی تھی جبکہ جون میں پی ٹی اے نے فائیو جی کا فریم ورک بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ زونگ اور دیگر آپریٹرز نے ہم سے رابطہ کیا جس پر انہیں اجازت دی تاہم زونگ کو تجارتی بنیاد پر نہیں بلکہ 3 ماہ کے لیے آزمائش کی اجازت دی گئی اس کے علاوہ موبی لنک اور وارد نے بھی اجازت مانگی۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فائیو جی ابھی کمرشل سطح پر نہیں آیا اور نہ ہی زونگ اس کا مجاز ہے، زونگ نے سائٹ ٹیسٹ کی ہے، نیٹ ورک ٹیسٹ نہیں کیا اسی لیے فائیو جی نیٹ ورک کے ٹیسٹ کی تشہیر سے روک دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے نے زونگ کو غلط اشتہار جاری کرنے پر نوٹس جاری کیا جس پر سینیٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ ہمیں شفاف انداز میں چلنا چاہے اور سب کو مساویانہ مواقع فراہم کرنے چاہیں۔

پی ٹی اے کے نمائندے نے کہا کہ فائیو جی کے لیے متعدد چیلنجز درپیش ہیں، اسپکٹرم کی دستیابی اور اسپکٹرم کی لاگت کا معاملہ طے ہونا ابھی باقی ہے اس کے علاوہ انفراسٹرکچر، سیکیورٹی، اپیلی کیشنز، رائٹ اف ویز اور انسانی صحت پر اثرات کا جائزہ لینا بھی ابھی باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فی الحال پی ٹی اے فائیو جی کی لانچنگ کے لیے تیار نہیں ہے، فائیو جی ٹیکنالوجی 2021 میں قابل عمل ہوسکے گی، زونگ نے فائیو جی ٹیسٹ میں پہل کی ہے ان کے علاوہ کوئی اور کمپنی تیار نہیں تھی۔

اگست میں زونگ نے فائیو جی کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا تھا اور اس موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) وانگ ہا نے ’پرو پاکستانی‘ سے بات کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ زونگ صارفین کو بہتر سے بہتر سروس فراہم کرنے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

کمپنی کے سی ای او نے کہا کہ فائیو جی کے ابتدائی کامیاب تجرنے کے بعد جلد ہی کمپنی محدود پیمانے پر اس کے استعمال کا تجرباتی مرحلہ شروع کرے گی۔