URDUSKY || NETWORK

پاکستان کا بیٹنگ کوچ کسے بنانے کیلئے کوششیں تیز کر دی گئیں؟ نام پتا چل گیا

55

لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے لئے سابق کپتان یونس خان کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کوششیں تیز کر دیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے عالمی کپ سے اخراج کے بعد پی سی بی حکام کی جانب سے بڑی تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ روزنامہ نوائے وقت کے ذرائع کے مطابق گرین شرٹس کی بیٹنگ میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے سابق ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان کی خدمات بطور بیٹنگ کوچ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں جو اس منصب کیلئے فیورٹ امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔ اخباری ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں سیمی فائنل سے محروم رہنے کے بعد ملکی سطح پر بھی اس بات کا شدت کے ساتھ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ غیر ملکی کوچنگ سٹاف سے گریز کرتے ہوئے ماضی قریب میں قومی ٹیم سے علیحدہ ہونے والے بڑے سٹارز کی خدمات مستعار لی جائیں۔ تبدیلی کے خواہاں پی سی بی حکام یونس خان کو بیٹنگ کوچ جبکہ ثقلین مشتاق یا مشتاق احمد کو باولنگ کوچ کے طور پر سامنے لانا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ ماضی قریب میں یونس خان کو جونیئر ٹیموں کی کوچنگ کیلئے بھی پیشکش کی تھی جس پر ان کے پی سی بی سے معاملات طے نہیں ہو سکے تھے تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس مرتبہ ان کو زیادہ بہتر معاوضے اور مراعات کے علاوہ اختیارات کے ساتھ عہدہ سونپنے کی پیشکش کی جائے گی۔