URDUSKY || NETWORK

کشمیر کا سودا کیا گیاہے

48

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہاہے کہ میں بلا خوف خطر کہتا ہوں کہ کشمیر کا سودا کیا گیا ہے ، پاکستان کی طرف اٹھنے والے تمام ہاتھ، چاہے وہ مودی ہو یا کوئی اور ہو، قوم ان ہاتھوں کو توڑ ڈالے گی، ہم کشمیر سے لے کر معاشی ترقی تک اور جوہری پروگرام کا اپنے خون سے دفاع کریں گے۔

قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھا کہ باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا گیا اور بیٹی کے سامنے والد کو، ایسا دلخراش منظر شاید پہلے کبھی نہ دیکھا گیا ہو، وہ دونوں باپ بیٹی خود کو قانون کے حوالے کرنے آئے تھے، بیٹی اپنی بیمار ماں کو اور والد اپنی بیمار بیوی کو لندن کے اسپتال چھوڑ کر آئے تھے، کل اس کی بدترین تاریخ دہرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے بھائی اور ملک کے تین بار منتخب وزیراعظم کو ملنے گیا، مجھے جیل کے باہر کھڑا کردیا گیا اور آدھا گھنٹہ اندر نہیں جانے دیا گیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ نوازشریف پہلی بار گرفتار نہیں ہوئے اور مریم بھی پہلی بار گرفتار نہیں ہوئیں، یوسف عباس بھی پہلی بار گرفتار نہیں ہوا، انہیں مشرف کے زمانے میں بھی گرفتار کیا گیا، میری عمر گذر گئی ایسے حادثوں کا سامنا کرتے ہوئے، سر میں چاندی آگئی، ہم نے پہلے بھی یہ ظلم و ستم برداشت کیا، عمران نیازی کا ظلم بھی برداشت کریں گے اور سر نہیں جھکائیں گے۔انہوں نے نیب کی کارروائیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کاروبار بند، روٹی مہنگی، دوائیں ناپید، تعلیم کے دروازے بند ہیں، احتساب کی کارروائیاں معاشی صورتحال سے ہٹانے کے لیے ہے۔