URDUSKY || NETWORK

ٹرمپ کی صاحبزادی پاکستان میں خواتین کی فلاح و بہبود

51

Ivanka Trump offers to help empower women in Pakistan

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور مشیر خاص اوینکا ٹرمپ نے پاکستان میں خواتین کی فلاح و بہود کے منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

حالیہ کچھ عرصے کے دوران پاک-امریکا تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں جہاں دونوں ممالک کے بین الوزارتی رابطوں میں تیزی اور مختلف شعبوں میں تعاون شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس ضمن میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سمندر پار پاکستان زلفی بخاری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی اور ان کی مشیر خاص ایوانکا ٹرمپ اور ان کے شوہر جیرڈ کشنر سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ایوانکا ٹرمپ کی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پاکستان کو تعاون کی پیشکش کی جبکہ انہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان میں منصوبے بھی شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی اور امریکی صدر کی مشیر خاص کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان میں روزگار کی فراہمی، ووکیشنل ٹریننگ اور معاشی ترقی کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔

اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانے میں ایوانکا ٹرمپ کی دلچسپی پر وہ ان کے انتہائی مشکور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک-امریکا مشترکہ تعاون سے انسانی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ مرد و خواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع مل سکیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک-امریکا تعلقات درست سمت میں بڑھنا شروع ہوگئے، جبکہ آئندہ چند ماہ میں پاک-امریکا سفارتی محاذ پر مزید کامیابیاں ملیں گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران زلفی بخاری بھی ان کے وفد میں شامل ہیں۔

مذکورہ دورے کو پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کے نئے دور کے آغاز کے طور پر دیکھا جارہا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے وطن واپسی پر پاکستان کے نکتہ نظر کو سمجھنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سراہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ایف-16 طیاروں کی تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔