URDUSKY || NETWORK

‘آرمی چیف امریکا کی عسکری قیادت سے ملاقات کیلئے پینٹاگون کا دورہ کریں گے’

44

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ چیف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ امریکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے لیے پینٹاگون کا دورہ کریں گے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدرڈونلڈٹرمپ سے ملاقات کے دوران بری فوج کے سربراہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہون گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور میجر جنرل غفور کے ہمراہ 3 روزہ سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچے تھے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ وزیر اعظم کے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کے دوران ملک کی اعلیٰ فوجی قیادت بھی ان کے ہمراہ ہوگی۔

قبل ازیں سفارتی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ پینٹاگون کے دورے کے دوران امریکا کے دفاعی سیکریٹری پیٹرک شناہن، نئے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی سمیت دیگر سینیئر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

جمعرات کو امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کی جانب سے جنرل مارک ملی کو عہدہ ملنے کے بعد یہ ان کی غیر ملکی فوج سے پہلی ملاقات ہوگی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان کی داخلی صورتحال اب پہلے سے کہیں بہتر ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک افغان سرحد کے ساتھ سیکورٹی باڑ کی تعمیر کے بعد سرحدی کنٹرول میں کافی بہتری آئی ہے انہوں نے کہا کہ سرحدی باڑ سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب سیکورٹی فورسز کی توجہ کا محور بلوچستان میں ترقی اور سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو ہے۔

انہوں نے میڈیا کو رواں سال فروری میں بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافے اور ملک میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے بیرون ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار کی تعریف کی۔