URDUSKY || NETWORK

معمرقذافی۔ لیبیائی لیڈر کا اٹلی کی خوبصورت حسیناوں کو اسلام پر لیکچر دینے کے لئے ”پر کشش” اشتہار

375

معمرقذافی۔ لیبیائی لیڈر کا اٹلی کی خوبصورت حسیناوں کو اسلام پر لیکچر دینے کے لئے ”پر کشش” اشتہار

خاتون رپورٹر کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین کسی پرتعیش پارٹی میں شرکت کے چکر میں وہاں آئی تھیں لیکن جب وہ وہاں پہنچیں تو انہیں ایک بڑے ہال میں کرنل قذافی کی آمد تک انتظار کرنے کا کہا گیا جنہوں نے بعد میں انہیں لیبیا اور اسلام میں خواتین کے کردار اور مقام ومرتبہ کےبارے میں لیکچر دیا.

لیبیا کے لیڈر کرنل معمر قذافی کی جانب سے اٹلی کے میڈیا میں شائع کئے گئے ایک پرکشش اشتہار کی وجہ سے قریباً دو سو اطالوی خواتین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے.
اطالوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک اشتہاری ایجنسی کی جانب سے اس عبارت والا اشتہار شائع کیا گیا تھا کہ ”اٹھارہ سے پینتیس سال عمر کی پانچ سو پرکشش لڑکیوں کی ضرورت ہے.ان کا قد کم سے کم پانچ فٹ سات انچ تک ہو. وہ اچھا لباس پہنے ہوئے ہوں اور منی اسکرٹس یا مختصر لباس میں نہ ہوں”

ان خواتین سے کہا گیا تھا کہ ”پارٹی میں شرکت کی صورت میں انہیں ساٹھ یورو کی نقد رقم اور لیبیا کی جانب سے تحائف دئیے جائیں گے”.اس اشتہار کے جواب میں قریباً دو سو خواتین روم میں مقررہ جگہ پر پہنچ گئیں.ان میں اٹلی کی ایک نیوز ایجنسی انسا کی ایک رپورٹر بھی شامل تھیں جنہوں نے رات کے وقت منعقدہ اس تقریب کی تصاویر بنائیں اور اس کا احوال قلم بند کیا.
اس خاتون رپورٹر کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین کسی پرتعیش پارٹی میں شرکت کے چکر میں وہاں آئی تھیں لیکن جب وہ وہاں پہنچیں تو انہیں ایک بڑے ہال میں کرنل قذافی کی آمد تک انتظار کرنے کا کہا گیا جنہوں نے بعد میں انہیں لیبیا اور اسلام میں خواتین کے کردار اور مقام و
مرتبہ کےبارے میں لیکچر دیا.
اطالوی پریس کے مطابق لیبیا کے رہ نما نے اپنے لیکچر میں کہا کہ”یہ کہنا بالکل غیر درست ہو گا کہ اسلام عورتوں کے خلاف ہے”. انہوں نے کہا کہ ”مغرب میں عورت کو اکثر فرنیچر کے ایک ٹکڑے کے طور پر استعمال کیا جاتا اور جب مردوں کی ضروریات پوری ہو جاتی ہیں تو انہیں تبدیل کر دیا جاتا ہے اور یہ ناانصافی ہے”.
کرنل قذافی کا لیکچر دو گھنٹے تک جاری رہا.اس دوران سوال وجواب بھی ہوئے اور یہ پروگرام کوئی نصف شب کے وقت قذافی کے ان کلمات کے ساتھ ختم ہوا کہ خواتین اسلام قبول کر لیں. لیکچر میں شریک خواتین کو قرآن مجید اور قذافی کے اقوال پر مشتمل ان کی کتاب ”گرین بک”کا ایک ایک نسخہ بھی دیا گیا.
پروگرام میں شریک ایک خاتون نے انسا
نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ”ہم تو کسی بہت ہی اہم پارٹی کی توقع کر رہے تھے لیکن انہوں نے تو ہمیں ایک گلاس پانی تک نہیں دیا”.کرنل قذافی ٰنے اپنے لیکچر کے دوران حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو آسمان پر زندہ اٹھائے جانے اور ان کی جگہ ان کے ایک ہم شکل کو مصلوب کئے جانے کے بارے میں قرآن اور مسلمانوں کا نقطہ نظر پیش کیا تھا جس پر بعض عیسائی خواتین جز بز ہوئیں اور انہوں نے اسے عیسائیت پر حملہ قرار دیا کیونکہ ان کے عقیدہ کے مطابق خود حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو مصلوب کیا گیا تھا.
اٹلی میں لیبیا کے سفیر نے انسا کو بتایا ہے کہ کرنل قذافی روم میں اپنے تین روزہ قیام کے دوران اسی طرح کی مزید شامیں منانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں. وہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام عالمی خوراک کانفرنس میں شرکت کے سلسلہ میں اٹلی کے دارالحکومت گئے ہیں